1 شموایلؔ 13
13
شموایلؔ کا شاؤل کو ڈانٹنا
1شاؤل کی عمر تیس سال کی تھی جَب وہ بادشاہ بنے اَور اُنہُوں نے بنی اِسرائیل پر بِیالیس سال تک حُکمرانی کی۔
2ابھی اُنہیں بادشاہ بنے دو سال ہی ہُوئے تھے؛ اُنہُوں نے بنی اِسرائیل میں سے تین ہزار مَرد چُن لیٔے۔ اُن میں سے دو ہزار اُن کے ساتھ مِکماشؔ میں اَور بیت ایل کے پہاڑی علاقہ میں تھے اَور ایک ہزار یُوناتانؔ کے ساتھ گِبعہؔ میں بِنیامین کے علاقہ میں تھے۔ باقی لوگوں کو شاؤل نے اَپنے اَپنے گھر بھیج دیا۔
3اَور یُوناتانؔ نے گِبعؔ میں فلسطینیوں کی سرحدی چوکی پر حملہ کر دیا اَور فلسطینیوں کو اِس کی خبر ہو گئی۔ اَور شاؤل نے مُلک کے ہر حِصّہ میں نرسنگا پھنکوا کر مُنادی کرادی، ”تاکہ عِبرانی لوگ بھی سُن لیں!“ 4پس تمام بنی اِسرائیل نے اُس خبر کو سُنا: ”شاؤل نے فلسطینیوں کی سرحدی چوکی پر حملہ کر دیا ہے۔ اَور بنی اِسرائیل فلسطینیوں کے لیٔے دردِ سَر بَن گیا ہے۔“ لہٰذا سَب لوگ شاؤل کے ساتھ شامل ہونے کے لیٔے گِلگالؔ میں جمع ہو گئے۔
5اَور فلسطینی تین ہزار رتھوں، چھ ہزار رتھ بانوں اَور سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانند کثیر فَوجی سپاہیوں کے ہمراہ اِسرائیل کے ساتھ لڑنے کے لیٔے جمع ہُوئے۔ اُنہُوں نے پیش قدمی کرکے بیت آوِنؔ کے مشرق میں مِکماشؔ میں پڑاؤ کیا۔ 6جَب اِسرائیل کے آدمیوں نے دیکھا کہ صورت حال تشویشناک ہے اَور اُن کی فَوج پر دباؤ بڑھ رہاہے تو وہ غاروں، گنُجان جھاڑیوں، چٹّانوں، گڑھوں اَور حوضوں میں جا چھُپے۔ 7اَور بعض عِبرانی دریائے یردنؔ پار کرکے گادؔ اَور گِلعادؔ کے علاقہ میں داخل ہو گئے۔
لیکن شاؤل گِلگالؔ ہی میں رہے اَور اُن کے ساتھ سارے فَوجی ڈر کے مارے کانپ رہے تھے۔ 8شاؤل نے سات دِن شموایلؔ کے مُقرّرہ وقت کے مُطابق اِنتظار کیا، لیکن جَب شموایلؔ گِلگالؔ نہ آئے تو شاؤل کے آدمی مُنتشر ہونے لگے۔ 9لہٰذا شاؤل نے کہا، ”سوختنی نذر اَور سلامتی کی نذریں میرے پاس لاؤ۔“ 10جَب وہ اُن سوختنی نذروں کو گزران چُکے تو شموایلؔ آ پہُنچے اَور شاؤل آداب بجا لانے کے لیٔے اُن کے اِستِقبال کو نکلے۔
11شموایلؔ نے پُوچھا، ”کہ تُم نے کیا کیا ہے؟“
شاؤل نے جَواب دیا، ”جَب مَیں نے دیکھا کہ فَوجی جَوان مُجھے چھوڑکر جا رہے ہیں اَور آپ مُقرّرہ وقت پر نہیں آئے اَور فلسطینی مِکماشؔ میں اِکٹھّے ہو رہے ہیں، 12مَیں نے سوچا، ’اَب فلسطینی گِلگالؔ میں مُجھ پر آ پڑیں گے، اَور مَیں نے یَاہوِہ کی کرم فرمائی کے لیٔے دعا بھی نہیں کی ہے۔‘ لہٰذا میں سوختنی نذر کرنے پر مجبُور ہو گیا۔“
13شموایلؔ نے شاؤل سے کہا، ”تُم نے احمقی سے کام لیا ہے اَور اُس حُکم کو جو یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں دیا تھا نہیں مانا۔ اگر مانا ہوتا تو وہ تمہاری بادشاہی اِسرائیل پر ہمیشہ قائِم رکھتے۔ 14لیکن اَب تمہاری بادشاہی قائِم نہ رہے گی۔ یَاہوِہ نے اَپنا دِل پسند آدمی ڈھونڈ کر اُسے اَپنے لوگوں کا رہنما مُقرّر کر دیا ہے کیونکہ تُم نے یَاہوِہ کی حُکم عُدولی کی ہے۔“
15پھر شموایلؔ گِلگالؔ سے روانہ ہوکر بِنیامین کے علاقہ میں گِبعہؔ چلےگئے۔ شاؤل نے اُن آدمیوں کا جو اُن کے ساتھ تھے شُمار کیا۔ وہ تعداد میں تقریباً چھ سَو تھے۔
غَیر مُسلّح اِسرائیل
16اَور شاؤل، اُن کا بیٹا یُوناتانؔ اَور اُن کے ساتھ سارے مَرد بِنیامین کے گِبعؔ میں مُقیم تھے۔ فلسطینی جو مِکماشؔ میں چھاؤنیاں ڈالے ہُوئے تھے 17فلسطینی چھاؤنی سے چھاپہ ماروں کے تین دستے نکلے۔ ایک دستہ شُعالؔ کے گِردونواح میں عُفرہؔ کی طرف مُڑ گیا۔ 18دُوسرا بیت حَورُونؔ کی طرف اَور تیسرا اُس سرحدی علاقہ کی طرف جہاں سے بیابان کے سامنے وادیِ ضبوئیمؔ اُوپر سے دِکھائی دیتی ہے مُڑ گیا۔
19فلسطینیوں نے اِسرائیل کے سارے مُلک میں ایک بھی لوہار باقی نہ رہنے دیا، ”کیونکہ فلسطینیوں کا کہنا تھا کہ عِبرانی لوگ لوہاروں سے تلواریں اَور نیزے بنوا لیں گے!“ 20پس تمام اِسرائیلی اَپنی پھالی، اَپنی کُدال، اَپنی کُلہاڑیاں اَور درانتیاں تیز کروانے کے لیٔے فلسطینیوں کے پاس جایا کرتے تھے۔ 21اَور پھالی اَور کُدال کو تیز کرنے کی اُجرت دو تہائی ثاقل۔#13:21 دو تہائی ثاقل یعنی تقریباً آٹھ گرام اَور کانٹوں اَور کُلہاڑیوں کو تیز کرنے اَور آنکس کو جوڑنے کی اُجرت ایک تہائی ثاقل#13:21 ایک تہائی ثاقل یعنی تقریباً چار گرام تھی۔
22لہٰذا لڑائی کے اُس دِن شاؤل اَور یُوناتانؔ کے ساتھ کسی بھی مَرد کے ہاتھ میں تلوار یا بھالا نہ تھا۔ یہ ہتھیار صِرف شاؤل اَور اُس کے بیٹے یُوناتانؔ کے ہاتھ میں تھے۔
یُوناتانؔ کا فلسطینیوں پر حملہ کرنا
23اَور فلسطینیوں کی فَوج کا ایک دستہ اَپنی چوکی سے نِکلا اَور مِکماشؔ کے درّہ کی طرف جا نِکلا۔
موجودہ انتخاب:
1 شموایلؔ 13: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.