1 شموایلؔ 12
12
شموایلؔ کی الوداعی تقریر
1تَب شموایلؔ نے سَب اِسرائیلیوں سے کہا، ”دیکھو، مَیں نے تمہاری بات مان لی اَور اَب ایک بادشاہ تُم پر مُقرّر کر دیا ہے۔ 2اَور اَب رہنمائی کے لیٔے تمہارے پاس ایک بادشاہ ہے۔ رہی میری بات سو، مَیں تو بُوڑھا ہو گیا اَور میرے سَر کے بال سفید ہو گئے ہیں اَور میرے بیٹے یہاں تمہارے ساتھ ہیں۔ میں اَپنی جَوانی سے لے کر اِس دِن تک تمہارا قائد رہا ہُوں۔ 3میں یہاں تمہارے سامنے کھڑا ہُوں۔ اِس لئے تُم یَاہوِہ اَور اُس کے ممسوح کے آگے میرے مُنہ پر بتاؤ کہ مَیں نے کسی کا بَیل یا کسی کا گدھا لیا ہے؟ مَیں نے کِس کو رشوت لے کر دھوکا دیا؟ کِس پر ظُلم کیا؟ اَپنی آنکھیں بند کرنے کے لیٔے کِس کے ہاتھ سے مَیں نے رشوت لی؟ اگر مَیں نے کویٔی اَیسی بات کی ہے تو بتاؤ میں اُس کی تلافی کروں گا۔“
4اُنہُوں نے جَواب دیا، ”تُم نے نہ تو ہم سے دغابازی کی اَور نہ ہی ہم پر ظُلم کیا۔ نہ ہی تُم نے کسی کے ہاتھ سے ناحق کویٔی چیز لی۔“
5تَب شموایلؔ نے اُن سے کہا، ”یَاہوِہ تمہارا گواہ ہیں اَور شاؤل اُس کا ممسوح بھی آج کے دِن گواہ ہے کہ میرے پاس تمہارا کچھ نہیں نِکلا۔“
اُنہُوں نے کہا، ”یَاہوِہ گواہ ہیں۔“
6پھر شموایلؔ نے لوگوں سے کہا، ”یہ یَاہوِہ ہی ہیں جنہوں نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو مُقرّر کیا اَورجو تمہارے آباؤاَجداد کو مُلک مِصر سے نکال کر لے آئے۔ 7لہٰذا اَب یہیں کھڑے رہو تاکہ مَیں تمہارے رُوبرو اُن تمام راستی کے کاموں کی شہادت دُوں جو یَاہوِہ نے تمہارے اَور تمہارے آباؤاَجداد کے لیٔے اَنجام دئیے۔
8”یعقوب کے مِصر میں داخل ہونے کے بعد تمہارے آباؤاَجداد یَاہوِہ کے سامنے مدد کے لیٔے چِلّائے اَور یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو بھیجا جو تمہارے آباؤاَجداد کو مِصر سے نکال کر لے آئے اَور اُنہیں اِس جگہ بسایا۔
9”لیکن وہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کو بھُول گیٔے۔ لہٰذا اُنہُوں نے اُنہیں حَصورؔ کی فَوج کے سپہ سالار سیسؔرا کے ہاتھ اَور فلسطینیوں کے ہاتھ اَور شاہِ مُوآب کے ہاتھ جو اُن کے خِلاف لڑا بیچ ڈالا۔ 10تَب اُنہُوں نے یَاہوِہ سے فریاد کی اَور کہا، ’ہم نے گُناہ کیا ہے کیونکہ ہم نے یَاہوِہ کو چھوڑ دیا اَور ہم بَعل معبُودوں اَور عستوریتؔ کی پرستش کرنے لگے۔ لیکن اَب ہمیں ہمارے دُشمنوں کے ہاتھ سے چھُڑاؤ اَور ہم پھر سے آپ کی پرستش کرنے لگیں گے۔‘ 11تَب یَاہوِہ نے گدعونؔ (یرُبّعلؔ)، بَراقؔ،#12:11 بَراقؔ، دُوسرا بدانؔ بھی نام ہے۔ یِفتاحؔ (شِمشُونؔ) اَور شموایلؔ کو بھیجا اَور تُمہیں تمہارے دُشمنوں کے ہاتھ سے جو تُمہیں گھیرے ہُوئے تھے چھُڑایا اَور تُم سکون سے رہنے لگے۔
12”لیکن جَب تُم نے دیکھا کہ بنی عمُّون کا بادشاہ ناحسؔ تُم پر چڑھائی کر رہاہے تو تُم نے مُجھ سے کہا، ’ہم اَپنے اُوپر حُکومت کرنے کے لیٔے کویٔی بادشاہ چاہتے ہیں،‘ حالانکہ یَاہوِہ تمہارا خُدا تمہارا بادشاہ تھا۔ 13لہٰذا اَب اُس بادشاہ کو دیکھو جسے تُم نے چُن لیا ہے اَور جِس کے لیٔے تُم نے درخواست کی تھی۔ دیکھو یَاہوِہ نے تُم پر بادشاہ مُقرّر کر دیا ہے۔ 14اگر تُم یَاہوِہ سے ڈرتے اُن کی پرستش کرتے رہو اَور اُن کی فرماں برداری کرو اُن کے حُکموں سے سرکشی نہ کرو اَور تُم اَور وہ بادشاہ جو تُم پر حُکمرانی کرے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی پیروی کرتے رہو تو ٹھیک! 15لیکن اگر تُم یَاہوِہ کی فرماں برداری نہ کرو بَلکہ اُن کے حُکموں سے سرکشی کرو تو یَاہوِہ کا ہاتھ تمہارے خِلاف ہوگا جَیسا کہ تمہارے آباؤاَجداد کے خِلاف تھا۔
16”لہٰذا اَب خاموش کھڑے رہو اَور اُس عظیم کام کو دیکھو جسے یَاہوِہ تمہاری آنکھوں کے سامنے کرنے والے ہیں۔ 17کیا اَب گیہُوں کی فصل کی کٹائی کے دِن نہیں؟ میں یَاہوِہ سے عرض کروں گا کہ بادل گرجے اَور مینہ برسے اَور تُم جان لوگے اَور دیکھ بھی لوگے کہ یَاہوِہ کے ہوتے ہُوئے تُم نے اَپنے لیٔے ایک بادشاہ مانگ کر کتنی بڑی غلطی کی۔“
18پھر شموایلؔ نے یَاہوِہ سے دعا کی اَور اُسی دِن یَاہوِہ کے حُکم سے بادل گرجے اَور مینہ برسنے لگا۔ اَور یَاہوِہ اَور شموایلؔ کی عظمت دیکھ کر سَب لوگوں پر دہشت طاری ہو گئی۔
19تَب سَب لوگوں نے شموایلؔ سے کہا، ”یَاہوِہ اَپنے خُدا سے اَپنے بندوں کے لیٔے دعا کرو تاکہ ہم ہلاک نہ ہوں کیونکہ ہم نے اَپنے لیٔے ایک بادشاہ مانگ کر اَپنے تمام گُناہوں میں ایک اَور گُناہ کا اِضافہ کیا ہے۔“
20شموایلؔ نے جَواب دیا، ”خوف نہ کرو۔ یہ گُناہ تو تُم کر ہی چُکے ہو۔ اَب یَاہوِہ کی پیروی سے کنارہ کشی نہ کرو بَلکہ اَپنے سارے دِل سے اُن کی پرستش کرو۔ 21باطِل بُتوں کی طرف مائل نہ ہو۔ وہ تمہارا کویٔی بھلا نہیں کر سکتے اَور نہ ہی تُمہیں بچا سکتے ہیں کیونکہ وہ بیکار ہیں۔ 22اَور یَاہوِہ اَپنے عظیم نام کی خاطِر اَپنے لوگوں کو ترک نہیں کریں گے کیونکہ اُنہیں یہی پسند آیا کہ تُمہیں اَپنی قوم بنائیں۔ 23جہاں تک میرا تعلّق ہے یَاہوِہ نہ کرے کہ میں بھی تمہارے لیٔے دعا کرنے سے باز رہُوں خُدا کا گُنہگار ٹھہروں۔ میں تو تُمہیں وُہی راستہ بتاؤں گا جو دُرست اَور راست ہے۔ 24اَور چاہتا ہُوں کہ تُم یَاہوِہ سے ڈرو اَور اَپنے سارے دِل سے اَور سچّائی سے اُن کی عبادت کرتے رہو۔ ذرا سوچو کہ اُنہُوں نے تمہارے لیٔے کتنے بڑے کام کئے ہیں۔ 25لیکن اگر تُم بدی کرتے رہوگے تو تُم اَور تمہارا بادشاہ دونوں نابود کر دئیے جاؤگے۔“
موجودہ انتخاب:
1 شموایلؔ 12: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.