1 شموایلؔ 10
10
1تَب شموایلؔ نے تیل کی کُپّی لی اَور اُسے شاؤل کے سَر پر اُنڈیلا اَور اُسے چُوم کر کہنے لگا، ”کیا یہ حقیقت نہیں کہ یَاہوِہ نے تُمہیں اَپنی مِیراث یعنی بنی اِسرائیل کا بادشاہ ہونے کے لیٔے مَسح کیا ہے؟ 2جَب تُم آج میرے پاس سے چلے جاؤگے، تو راخلؔ کے مقبرہ کے قریب بِنیامین کے علاقہ میں ضِلضعؔ کے مقام پر دو آدمی تُم سے ملیں گے۔ اَور کہیں گے، ’وہ گدھے جنہیں تُم ڈھونڈنے گئے تھے مِل گیٔے ہیں۔ اَب تمہارے باپ نے اُن کے بارے میں فکر کرنا چھوڑ دیا ہے اَور وہ تمہارے لیٔے فِکرمند ہے اَور کہتے ہیں، ”مَیں اَپنے بیٹے کے لیٔے کیا کروں؟“ ‘
3”پھر وہاں سے آگے بڑھ کر جَب تُم تبورؔ کے بڑے بلُوط درخت کے پاس پہُنچوگے تو وہاں تُمہیں تین آدمی ملیں گے جو بیت ایل یعنی خُدا کے گھر کی زیارت کے لیٔے جا رہے ہوں گے۔ ایک بکری کے تین بچّے، دُوسرا تین روٹیاں اَور تیسرا مَے کا ایک مشکیزہ اُٹھائے ہوگا۔ 4وہ تُمہیں سلام کریں گے اَور دو روٹیاں پیش کریں گے جنہیں تُم قبُول کر لینا۔
5”اَور اُس کے بعد تُم خُدا کے گِبعہؔ تک پہُنچ جاؤ گئے جہاں فلسطینیوں کی ایک چوکی ہے۔ جَب تُم اُس قصبہ میں داخل ہوگے تو تُمہیں نبیوں کا ایک جلوس اُونچے مقام سے نیچے آتا ہُوا ملے گا جِن کے آگے بربط، دف، بانسری اَور سِتار بجائے جا رہے ہوں گے اَور وہ نبُوّت کر رہے ہوں گے۔ 6تَب یَاہوِہ کا رُوح تُم پر شِدّت سے نازل ہوگا اَور تُم بھی اُن کے ساتھ نبُوّت کرنے لگوگے اَور بالکُل نئی شخصیت بَن جاؤگے۔ 7جَب ایک دفعہ یہ نِشانات پُورے ہو جایٔیں تَب جو کچھ تُمہیں پیش آئے اُسے اَنجام دینا کیونکہ خُدا تمہارے ساتھ ہے۔
8”تُم مُجھ سے پیشتر گِلگالؔ کو چلے جانا اَور مَیں سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذر کی قُربانیاں گزراننے یقیناً تمہارے پاس آؤں گا۔ لیکن جَب تک مَیں تمہارے پاس آکر تُمہیں بتا نہ دُوں کہ تُمہیں کیا کرناہے تُم سات دِن تک ضروُر میرا اِنتظار کرنا۔“
شاؤل کا بادشاہ بنایا جانا
9اَور جوں ہی شاؤل نے شموایلؔ سے رخصت ہونے کے لیٔے پیٹھ پھیری خُدا نے شاؤل کا دِل تبدیل کر دیا۔ اَور یہ تمام نِشانیاں اُس دِن پُوری ہو گئیں۔ 10اَور پھر وہ گِبعہؔ یعنی خُدا کے پہاڑ تک پہُنچ گیا۔ وہاں اُسے نبیوں کا ایک جلوس مِلا اَور خُدا کی رُوح بڑی شِدّت سے اُن پر نازل ہُوا اَور وہ بھی اُن کے ہمراہ نبُوّت کرنے لگے۔ 11اَور جَب اُن کے پہلے سے جاننے والے والوں نے اُنہیں نبیوں کے ہمراہ نبُوّت کرتے دیکھا تو، ”وہ ایک دُوسرے سے پُوچھنے لگے کہ قیشؔ کے بیٹے کو کیا ہو گیا ہے؟ کیا شاؤل بھی نبیوں میں شامل ہے؟“
12اَور وہاں کے ایک آدمی نے جَواب دیا: ”اُن کا باپ#10:12 باپ یعنی نبیوں کے گِروہ کا رہنما کون ہے؟“ تَب ہی سے یہ ضرب المثل چلی: ”کیا شاؤل بھی نبیوں میں سے ایک ہیں؟“ 13اَور جَب شاؤل نبُوّت کرچکے تو وہ اُونچے مقام کی طرف روانہ ہو گئے۔
14وہاں شاؤل کے چچا نے شاؤل سے اَور اُن کے خدمت گار سے پُوچھا، ”تُم کہاں تھے؟“
شاؤل نے جَواب دیا، ”گدھوں کو ڈھونڈ رہے تھے۔ لیکن جَب ہم نے دیکھا کہ وہ نہیں ملتے تو ہم شموایلؔ کے پاس گیٔے۔“
15شاؤل کے چچا نے کہا، ”مُجھے بتاؤ کہ شموایلؔ نے کیا کچھ کہا۔“
16شاؤل نے جَواب دیا، ”شموایلؔ نے ہمیں یقین دِلایا کہ گدھے مِل گیٔے ہیں۔“ لیکن اَپنے چچا کو یہ نہیں بتایا، شموایلؔ نے اُن کے بادشاہ بنائے جانے کے بارے میں کیا کہاتھا۔
17اَور شموایلؔ نے اِسرائیل کے لوگوں کو مِصفاہؔ میں یَاہوِہ کے حُضُور میں طلب کیا۔ 18اَور اُنہُوں نے کہا، ”یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: ’میں بنی اِسرائیل کو مِصر سے نکال کر لایا اَور مَیں نے تُمہیں مِصریوں اَور دُوسرے تمام ممالک کے ظُلم و سِتم سے رِہائی بخشی۔‘ 19لیکن تُم نے اَب اَپنے خُدا کو جو تُمہیں تمام آفتوں اَور تکلیفوں سے بچاتے ہیں ردّ کر دیا اَور اُن سے اِصرار کیا، ’ہم پر بادشاہ مُقرّر کریں۔‘ لہٰذا اَب تُم اَپنے اَپنے قبیلوں اَور برادریوں کے مُطابق گِروہ بناؤ اَور اَپنے آپ کو یَاہوِہ کے حُضُور میں پیش کرو۔“
20جَب شموایلؔ اِسرائیل کے سَب قبیلوں کو نزدیک لائے تو قُرعہ بِنیامین کے برادری کے نام کا نِکلا۔ 21پھر وہ بِنیامین کے قبیلہ کو اُن کے برادریوں کے لحاظ سے آگے لایا اَور قُرعہ مَطریؔ کے برادری کے نام کا نِکلا اَور پھر آخِر میں شاؤل بِن قیشؔ کا نام نِکلا۔ لیکن جَب اُنہُوں نے اُنہیں ڈھونڈا تو وہ نہ مِلا۔ 22لہٰذا اُنہُوں نے یَاہوِہ سے پھر پُوچھا کہ کیا، ”وہ آدمی اِس وقت یہاں مَوجُود ہے کہ نہیں؟“
اَور یَاہوِہ نے کہا، ”ہاں، وہ سامان کے درمیان چھُپا ہُواہے۔“
23تَب وہ دَوڑے اَور اُسے وہاں سے باہر لایٔے۔ اُس کا قد اِتنا لمبا تھا کہ جَب وہ لوگوں کے درمیان کھڑا ہُوا تو وہ اُس کے کندھے تک آتے تھے۔ 24تَب شموایلؔ نے سارے لوگوں سے کہا، ”کیا تُم اُس آدمی کو دیکھتے ہو جسے یَاہوِہ نے چُناہے؟ سارے آدمیوں میں کویٔی بھی اُس کی مانند نہیں ہے۔“
تَب لوگ نعرے مارنے لگے، ”ہمارا بادشاہ زندہ باد۔“
25پھر شموایلؔ نے لوگوں کو بادشاہ کے ضوابط بتائے اَور اُس نے اُنہیں طُومار پر لِکھ کر یَاہوِہ کے حُضُور میں حِفاظت سے رکھ دیا۔ اُس کے بعد شموایلؔ نے اُن لوگوں کو اِجازت دی کہ سَب اَپنے اَپنے گھر چلے جایٔیں۔
26اَور شاؤل بھی اُن سُورما مَردوں کے ہمراہ جِن کے دِلوں پر خُدا نے اثر کیا تھا گِبعہؔ میں اَپنے گھر چلا گیا۔ 27لیکن بعض شر پسندوں نے کہا، ”یہ شخص ہمیں کیسے بچا سَکتا ہے؟“ اُنہُوں نے شاؤل کو حقیر جانا اَور اُن کے لیٔے کویٔی نذرانہ نہ لایٔے لیکن شاؤل نے خاموشی اِختیار کی۔
موجودہ انتخاب:
1 شموایلؔ 10: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.