YouVersion Logo
تلاش

1 پطرس 3

3
1اِسی طرح اَے بیویوں! تُم بھی اَپنے اَپنے شوہروں کے تابع رہو تاکہ اگر اُن میں سے بعض جو کِتاب مُقدّس کو نہ مانتے ہوں، تَو بھی تمہارے کُچھ کہے بغیر ہی تمہارے نیک چال چلن کی وجہ سے ایمان میں آ جایٔیں۔ 2کیونکہ وہ تمہارے پاکیزہ اَور اَچھّے چال چلن کو دیکھتے رہتے ہیں۔ 3تمہاری خُوبصُورتی صِرف ظاہری خُوبصُورتی نہ ہو، مثلاً بال گُوندھنے، سونے کے زیور اَور طرح طرح کے قیمتی لباس پہننا۔ 4لیکن تمہاری باطنی اَور پوشیدہ شخصیت حلیم اَور نرم مِزاج دماغ کی غُربت کی غَیرفانی زیورات سے آراستہ ہو، کیونکہ خُدا کی نظر میں باطنی حُسن کی بڑی قدر ہے۔ 5کیونکہ خُدا پر اُمّید رکھنے والی مُقدّس خواتین ماضی زمانہ میں بھی اَپنے آپ کو اِسی طرح سنوارتی تھیں اَور اَپنے شوہروں کے تابع رہتی تھیں۔ 6جَیسے سارہؔ حضرت اِبراہیمؔ کے حُکم میں رہتی تھی اَور اُسے اَپنا آقا کہہ کر تسلیم کرتی تھی۔ اِسی طرح اگر تُم بھی بغیر خوف کھائے جو صحیح ہے اُسے کرو، تو تُم سارہؔ کی بیٹیاں ہو۔
7اَے شوہروں، اِسی طرح تُم بھی اَپنی بیویوں کے ساتھ سمجھداری سے زندگی بسر کرو، اَور عورت کو نازک ظرف جان کر اُس کی عزّت کرو، اَور یُوں سمجھو کہ تُم دونوں زندگی کے فضل کے بَرابر وارث ہو، تاکہ تمہاری دعائیں رُک نہ جایٔیں۔
نیکی کی خاطِر دُکھ سَہنا
8غرض تُم سَب ایک دل رہو، اَور ایک دُوسرے کے ساتھ ہمدردی دِکھاؤ، آپَس میں برادرانہ مَحَبّت سے پیش آؤ، نرم دل اَور فروتن بنو۔ 9بدی کے بدلے بدی نہ کرو، اَور گالی کا جَواب گالی سے نہ دو۔ بَلکہ اِس کے برعکس اَیسے شخص کو برکت دو، کیونکہ خُدا نے تُمہیں یہی کرنے کے لیٔے بُلایا ہے تاکہ تُم مِیراث میں برکت کے وارِث بنو۔ 10جَیسا کہ کِتاب مُقدّس کا بَیان ہے،
”جو کویٔی زندگی سے مَحَبّت رکھتا ہے
اَور اَچھّے دِن دیکھنے کا خواہشمند ہے،
وہ اَپنی زبان کو بدی سے
اَور اَپنے لبوں کو دغا کی باتوں سے باز رکھے۔
11بدی سے دُور رہے اَور نیکی کرے؛
صُلح کا طالب ہو اَور اُس کی کوشش میں رہے۔
12کیونکہ خُداوؔند کی آنکھیں راستبازوں پر لگی رہتی ہیں
اَور اُس کے کان اُن کی دعاؤں پر لگے رہتے ہیں،
مگر وہ بدکاروں سے مُنہ موڑ لیتا ہے۔“#3‏:12 زبُور 34‏:12‏-16‏‏
13اگر تُم نیکی کرنے میں سرگرم ہو، تو پھر کون تمہارے ساتھ بدی کرے گا؟ 14اَور اگر تُم راستبازی کی خاطِر دُکھ بھی اُٹھاؤ تو تُم مُبارک ہو۔ ”اُن کی دھمکیوں سے مت ڈرو؛ اَور نہ ہی گھبراؤ۔“#3‏:14 یسع 8‏:12‏‏ 15بَلکہ المسیؔح کو خُداوؔند جان کر اَپنے دلوں میں اُسے مُقدّس سمجھو اَور اگر کویٔی تُم سے تمہاری اُمّید کے بارے میں دریافت کرے تو اُسے جَواب دینے کے لیٔے ہمیشہ تیّار رہو۔ لیکن نرمی اَور اِحترام کے ساتھ اَیسا کرو۔ 16لیکن شائِستگی اَور اِحترام کے ساتھ اَپنا ضمیر صَاف رکھو تاکہ جو لوگ المسیؔح میں تمہارے نیک چال چلن کے بارے میں غلط باتیں کر رہے ہیں اُنہیں اَپنی تہمت پر شرمندہ ہونا پڑے۔ 17کیونکہ اگر خُدا کی یہی مرضی ہے کہ تُم نیکی کرکے دُکھ اُٹھاؤ، تو یہ بدی کرکے دُکھ اُٹھانے سے زِیادہ بہتر ہے۔ 18اِس لیٔے المسیؔح بھی گُناہوں کے لیٔے ایک ہی بار قُربان ہُوا، یعنی ایک راستباز نے ناراستوں کے لیٔے دُکھ اُٹھایا تاکہ تُمہیں خُدا کے پاس پہنچائے۔ وہ جِسم کے اعتبار سے تو مارا گیا لیکن رُوح کے ذریعہ سے زندہ کیا گیا۔ 19اَور المسیؔح نے اَپنے رُوحانی وُجُود میں جا کر اُن قَیدی رُوحوں میں مُنادی کی۔ 20جو اُس قدیم زمانے میں نافرمان رُوحیں تھیں جَب خُدا حضرت نُوحؔ کے زمانہ میں صبر کرکے اُنہیں تَوبہ کرنے کا موقع بَخشا تھا۔ اَور اُس وقت حضرت نُوحؔ لکڑی کا جہاز تیّار کر رہے تھے جِس میں صِرف آٹھ اَشخاص سوار ہوکر پانی سے صحیح سلامت بچ نکلے تھے۔#3‏:20 پیدا 6‏–9‏ باب کی کہانی کو چند الفاظ میں یہاں بَیان کیا گیا ہے۔‏ 21اَور اُسی پانی کا مُشابہ بھی یعنی پاک غُسل حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے جی اُٹھنے کے وسیلہ سے اَب تُمہیں بچاتا ہے۔ پاک غُسل سے جِسم کی نجاست دُور نہیں کی جاتی ہے بَلکہ پاک غُسل کے وقت ہم صَاف ضمیر سے خُدا کے ساتھ عہد کرتے ہیں۔ 22حُضُور عیسیٰ المسیؔح آسمان پر جا کر خُدا کی داہنی طرف تخت نشین ہوئے اَور فرشتے، آسمانی قُوّتیں اَور اِختیارات اُن کے تابع کردیئے گیٔے ہیں۔

موجودہ انتخاب:

1 پطرس 3: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in