1 سلاطین 9
9
یَاہوِہ کا شُلومونؔ پر ظاہر ہونا
1اَور جَب شُلومونؔ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی اَور شاہی محل کی تعمیر پُورا کر چُکے اَورجو کچھ وہ کرنا چاہتے تھے سَب پُورا کر چُکے، 2تو یَاہوِہ شُلومونؔ کو دُوسری بار دِکھائی دئیے، جَیسا کہ وہ اُنہیں گِبعونؔ میں دِکھائی دئیے تھے۔ 3اَور یَاہوِہ نے شُلومونؔ سے فرمایا:
”جو دعا اَور فریاد تُم نے میرے سامنے کی ہے وہ مَیں نے سُن لی ہے اَور مَیں نے اِس بیت المُقدّس کو مخصُوص کر دیا ہے جسے تُم نے تعمیر کروائی ہے تاکہ اُس میں میرے نام کی تعظیم ہمیشہ ہوتی رہے۔ میری آنکھیں اَور میرا دِل ہمیشہ وہاں لگا رہے گا۔
4”اَور جہاں تک تمہارا تعلّق ہے، اگر تُم ایمانداری، خُلوص دِل اَور راستی سے میرے آگے چلو، جَیسے تمہارا باپ داویؔد چلتا تھا اَور تُم اُن سبھی اَحکام، قوانین اَور آئین پر عَمل کرتے رہو جِن پر عَمل کرنے کا مَیں نے حُکم دیا ہے، 5تو میں تمہارا شاہی تخت بنی اِسرائیل کے اُوپر ہمیشہ قائِم رکھوں گا، جَیسا مَیں نے تمہارے باپ داویؔد سے وعدہ کیا تھا اَور فرمایا تھا، ’تمہارے یہاں بنی اِسرائیل کے تختِ شاہی پر بیٹھنے کے لیٔے آدمی کی کبھی کمی نہ ہوگی۔‘
6”لیکن اگر تُم یا تمہاری اَولاد مُجھ سے برگشتہ ہو جاؤ اَور اُن اَحکام اَور قوانین پرجو مَیں نے دئیے ہیں عَمل نہ کرو اَور غَیر معبُودوں کی عبادت اَور اُنہیں سَجدہ کرنے لگو، 7تو میں بنی اِسرائیل کو اُس مُلک سے جو مَیں نے اُنہیں عطا کیا ہے بے دخل کر دُوں گا اَور اِس بیت المُقدّس کو جسے مَیں نے اَپنے نام کے لیٔے مخصُوص کیا ہے اَپنی نظروں سے دُور کر دُوں گا۔ تَب بنی اِسرائیل تمام اَقوام میں ضرب المثل اَور مذاق بَن کر رہ جایٔیں گے۔ 8یہ بیت المُقدّس ملبے کا ڈھیر ہو جائے گا۔ لیکن بعد میں جو بھی اِس کے پاس سے گزرے گا وہ حیرت زدہ ہوگا اَور طنز کستے ہویٔے کہے گا، ’یَاہوِہ نے اِس مُلک اَور اِس بیت المُقدّس کے ساتھ اَیسا سلُوک کیوں کیا؟‘ 9تَب لوگ جَواب دیں گے، ’چونکہ اُنہُوں نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کو جو اُن کے آباؤاَجداد کو مُلک مِصر سے باہر نکال لائے تھے ترک کر دیا اَور غَیر معبُودوں کی پیروی، عبادت اَور خدمت کرنے لگے۔ چنانچہ یَاہوِہ نے اُن پر یہ تمام مُصیبتیں نازل کی ہیں۔‘ “
شُلومونؔ کی دیگر سرگرمیاں
10شُلومونؔ کو یَاہوِہ کا بیت المُقدّس اَور شاہی محل اِن دو عمارتوں کی تعمیر کرنے میں بیس سال کا وقت لگا، 11چونکہ شاہِ صُورؔ حِیرامؔ نے شُلومونؔ کے لیٔے دیودار اَور صنوبر کی لکڑی اَور سونا شُلومونؔ کی فرمایٔش کے مُطابق مُہیّا کیا تھا، بادشاہ شُلومونؔ نے صُورؔ حِیرامؔ کو گلِیل علاقہ میں بیس شہر دے دئیے۔ 12لیکن جَب حِیرامؔ صُورؔ سے اُن شہروں کو دیکھنے آیا، جو شُلومونؔ نے اُسے دئیے تھے، تو وہ اُسے پسند نہ آئے۔ 13”لہٰذا اُس نے دریافت کیا، اَے میرے بھایٔی یہ کس قِسم کے شہر ہیں جو تُم نے مُجھے عطا کئے؟“ اَور اُس نے اُن کا نام مُلکِ کابُلؔ#9:13 کابُلؔ یعنی نکمّا رکھا اَور آج تک اُن کا یہی نام ہے۔ 14حِیرامؔ بادشاہ شُلومونؔ کے پاس ایک سَو بیس تالنت#9:14 ایک سَو بیس تالنت تقریباً چار ہزار کِلو سونا بھیج چُکے تھے۔
15اَور بادشاہ شُلومونؔ نے یَاہوِہ کا بیت المُقدّس، اَپنا محل، مِلّوؔ، یروشلیمؔ کی فصیل اَور حَصورؔ، مگِدّوؔ اَور گِزرؔ کو تعمیر کرنے کے لیٔے جِن لوگوں کو زبردستی بیگاری کے کام پر لگایا تھا اُن کی تفصیل یہ ہے۔ 16فَرعوہؔ، شاہِ مِصر نے حملہ کرکے گِزرؔ شہر پر قبضہ کر لیا تھا اَور اُس میں آگ لگا دی تھی۔ اَور اُس نے گِزرؔ کے اُن کنعانی باشِندوں کو قتل کرکے اُسے بطور جہیز اَپنی بیٹی کو جو شُلومونؔ کی بیوی تھی دے دیا تھا۔ 17اَور شُلومونؔ نے گِزرؔ کو دوبارہ تعمیر کیا تھا۔ اَور اُنہُوں نے نِچلے بیت حَورُونؔ، 18بعلاتؔ اَور بیابان کے علاقہ میں تدمورؔ#9:18 تدمورؔچند نُسخوں میں تامارؔ جَیسے شہر تعمیر کرائے، 19اَور شُلومونؔ نے ذخیرہ کے سَب شہروں کی بھی تعمیر کروائی، جہاں اُن کے رتھوں، گھوڑوں اَور اِن کے رتھ سوار کو بطور نِگراں رکھا گیا تھا۔ اِن کے علاوہ اُنہُوں نے یروشلیمؔ میں، لبانونؔ اَور اَپنے تمام مُلک میں اَپنی مرضی کے مُطابق عمارتیں تعمیر کروائیں۔
20اَور تمام لوگ جو امُوریوں، حِتّیوں، پَرزّیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں میں سے زندہ رہ گیٔے تھے اَور یہ قوم اِسرائیلی نہ تھے۔ 21شُلومونؔ نے اُن کے باقی بچے فرزندوں کو جنہیں بنی اِسرائیل نِیست و نابود نہ کر سکے تھے اُنہیں بطور غُلام، بیگار میں کام کرنے والی جماعت میں جبراً بھرتی کیا، یہ سَب آج بھی غُلام ہی ہیں۔ 22لیکن شُلومونؔ نے کسی اِسرائیلی کو غُلام نہ بنایا۔ بَلکہ وہ اُس کے فَوجی سپاہی، حکومتی عہدیدار، اُس کے اُمرا، فَوجی سردار اَور اُس کے رتھوں اَور رتھ بانوں کے سالار تھے۔ 23وہ شُلومونؔ کے بڑے بڑے کاموں پر مُقرّر اعلیٰ اہلکار بھی تھے۔ سبھی کاموں کے اُوپر اَیسے پانچ سَو پچاس افسران تھے جو عمارت تعمیر کرنے والے مزدُوروں کی نِگرانی کرتے تھے۔
24اَور جَب فَرعوہؔ کی بیٹی داویؔد کے شہر سے اَپنے اُس محل میں تشریف لے آئی، جو شُلومونؔ نے اُس کے لیٔے بنوایا تھا، تَب شُلومونؔ نے محل کی منڈیریں تعمیر کرایٔیں۔
25شُلومونؔ سال میں تین بار اُس مذبح پرجو یَاہوِہ کے لئے بنایا تھا، سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں گزرانتے تھے اَور اِس مذبح پر یَاہوِہ کے حُضُور وہ بخُور بھی جَلاتے تھے اَور اِس طرح مَندِر کی ذمّہ داریوں کو پُورا کیا۔
26اَور شاہِ شُلومونؔ نے عضیُون گیبر میں جہازوں کا ایک بیڑا تیّار کروایا تھا جو مُلکِ اِدُوم میں بحرِقُلزمؔ کے کنارے ایلاتؔ کے قریب ہے۔ 27اَور حِیرامؔ نے اَپنے مُلازم بھیجے جِن میں ملّاح بھی تھے جو سمُندر سے واقف تھے تاکہ وہ شُلومونؔ کے مُلازمین کے ساتھ بحری جہاز میں خدمت کو اَنجام دیں۔ 28اَور وہ بحری سفر پر اوفیرؔ شہر گیٔے اَور وہاں سے تقریباً چودہ ہزار کِلو سونا لے کر لَوٹے۔ اَور اُسے شُلومونؔ بادشاہ کے سُپرد کر دیا۔
موجودہ انتخاب:
1 سلاطین 9: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.