YouVersion Logo
تلاش

1 سلاطین 13

13
یہُوداہؔ سے مَرد خُدا کا تشریف لانا
1جَب یرُبعامؔ بخُور جَلانے کے لیٔے مذبح کے پاس کھڑا تھا تو یَاہوِہ کے حُکم سے ایک مَرد خُدا یہُوداہؔ سے بیت ایل کو تشریف لایٔے۔ 2اَور وہ یَاہوِہ کے حُکم سے مذبح کے خِلاف چِلّاکر کہنے لگے: ”اَے مذبح، اَے مذبح! یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ’داویؔد کے خاندان میں یُوشیاہؔ نام کا ایک لڑکا پیدا ہوگا۔ تَب وہ اُونچے مقامات کے اُن کاہِنوں کی قُربانی کرےگا جو اِس وقت تُجھ پر بخُور جَلا رہے ہیں۔ اَور تُم پر اِنسانوں کی ہڈّیاں جَلائی جایٔیں گی۔‘ “ 3اَور اُسی دِن اُس مَرد خُدا نے اُنہیں ایک نِشان بھی دیا اَور فرمایا: ”یہ وہ نِشان ہے جو یَاہوِہ نے دیا ہے، دیکھو، مذبح پھٹ جائے گا اَور اِس پر رکھی ہویٔی چربی کی راکھ نیچے گِر جائے گی۔“
4اَور جَب یرُبعامؔ بادشاہ نے مَرد خُدا کے اِن الفاظ کو سُنا جو اُنہُوں نے بیت ایل میں تعمیر کی ہویٔی اُس مذبح کی بابت چِلّاکر فرمائی تھی تو مذبح کے پاس کھڑے یرُبعامؔ نے اَپنا ہاتھ بڑھا کر حُکم دیا، ”اِس شخص کو گِرفتار کر لو!“ لیکن وہ ہاتھ جو اُس نے مَرد خُدا کی طرف بڑھایا تھا یَکایک سُوکھ گیا اَور وہ اُسے واپس اَپنی طرف نہ کھینچ سَکا۔ 5اَور اُس نِشان کے مُطابق جو اُس مَرد خُدا نے، یَاہوِہ کے حُکم سے دیا تھا، وہ مذبح پھٹ گیا اَور اُس کی راکھ گِر گئی۔
6تَب بادشاہ نے مَرد خُدا سے اِلتجا کی، ”مہربانی سے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے میرے لیٔے دعا کیجئے تاکہ کہ میرا ہاتھ پھر سے ٹھیک ہو جائے۔“ لہٰذا مَرد خُدا نے یَاہوِہ سے بادشاہ کے ہاتھ کی شفا کے لیٔے دعا مانگی اَور بادشاہ کا ہاتھ پہلے جَیسا شفایاب ہو گیا۔
7اَور بادشاہ نے اُس مَرد خُدا سے اِلتجا کی، ”میرے ساتھ گھر چلئے اَور کھانا کھائیے اَور مَیں آپ کو تحفہ بھی دُوں گا۔“
8لیکن اُس مَرد خُدا نے بادشاہ کو جَواب دیا، ”خواہ تُم اَپنی آدھی جائداد بھی مُجھے دینا چاہو تو بھی مَیں نہ تمہارے ساتھ جاؤں گا اَور نہ ہی روٹی کھاؤں گا نہ یہاں پانی پیوں گا۔ 9کیونکہ مُجھے یَاہوِہ کے کلام کے ذریعہ تاکید کی گئی تھی: ’تُم وہاں نہ روٹی کھانا اَور نہ پانی پینا، اَور نہ اُس راہ سے لَوٹنا جِس سے تُم وہاں گیٔے تھے۔‘ “ 10چنانچہ وہ جِس راہ سے بیت ایل آئےتھے اُس سے نہیں بَلکہ دُوسرے راستہ سے واپس گھر کی طرف لَوٹے۔
11اَور بیت ایل میں ایک بُوڑھے نبی رہتے تھے جِن کے بیٹوں نے آکر وہ سَب کام جو اُس مَرد خُدا نے اُس روز وہاں کئے تھے اَپنے باپ کو بتائے اَورجو کچھ اُس مَرد خُدا نے بادشاہ سے فرمایا تھا وہ بھی اَپنے باپ سے بَیان کیا۔ 12اُن کے باپ نے اُن سے دریافت کیا، ”وہ کس راہ سے لَوٹے تھے؟“ اَور اُس کے بیٹوں نے وہ راہ دِکھائی جِس سے یہُوداہؔ سے آنے والے مَرد خُدا واپس لَوٹے تھے۔ 13تَب اُس بُوڑھے نبی نے اَپنے لڑکوں سے کہا، ”میرے لیٔے گدھے پر زین کس دو،“ تَب اُنہُوں نے اَپنے باپ کے لیٔے گدھے پر زین کس دی، اَور وہ بُوڑھا نبی اُس پر سوار ہوکر چل دیا۔ 14اَور اُس مَرد خُدا کے پیچھے چلتا گیا اَور اُنہیں بلُوط کے ایک درخت کے نیچے بیٹھے پایا۔ اُس بُوڑھے نبی نے اُس مَرد خُدا سے دریافت کیا، ”کیا آپ ہی وہ مَرد خُدا ہیں جو یہُوداہؔ سے تشریف لایٔے تھے؟“
اُنہُوں نے جَواب دیا، ”بے شک، میں ہی ہُوں۔“
15تَب اُس بُوڑھے نبی نے اُس مَرد خُدا سے کہا، ”میرے ساتھ میرے گھر چل کر کھانا کھالیجئے۔“
16لیکن اُس مَرد خُدا نے کہا، ”میں لَوٹ کر تمہارے ساتھ نہیں جا سَکتا اَور نہ تمہارے ساتھ اِس جگہ روٹی کھا سَکتا ہُوں نہ پانی پی سَکتا ہُوں۔ 17کیونکہ یَاہوِہ کی طرف سے مُجھے یہ حُکم مِلا ہے، ’تُم وہاں ہرگز نہ تو روٹی کھانا اَور نہ پانی پینا، اَور نہ ہی اُس راستہ سے واپس لَوٹنا جِس سے تُم یہاں آئےتھے۔‘ “
18تَب اُس بُوڑھے نبی نے جَواب دیا، ”میں بھی تمہاری طرح نبی ہُوں اَور یَاہوِہ کے حُکم سے ایک فرشتہ نے مُجھ سے کہا ہے: ’اُس مَرد خُدا کو واپس اَپنے ساتھ اَپنے گھر لے آؤ تاکہ وہ روٹی کھائے اَور پانی پیئے۔‘ “ مگر وہ بُوڑھا نبی اُس مَرد خُدا سے جھُوٹ بول رہاتھا۔ 19چنانچہ وہ مَرد خُدا اُس بُوڑھے نبی کے ساتھ لَوٹ گیٔے اَور اُس کے گھر میں روٹی کھائی اَور پانی پیا۔
20اِسی دَوران جَب وہ دسترخوان پر بیٹھے ہُوئے تھے یَاہوِہ کا کلام اُس بُوڑھے نبی پرجو اُسے واپس لے کر آیاتھا نازل ہُوا 21اَور اُس بُوڑھے نبی نے اُس مَرد خُدا سے جو یہُوداہؔ سے آئےتھے چِلّاکر کہا، ”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ’تُم نے یَاہوِہ کے کلام کی نافرمانی کی ہے اَور اُس حُکم کی تعمیل نہیں کی جو یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں دیا تھا۔ 22بَلکہ تُم نے لَوٹ کر اُسی جگہ میں کھانا کھایا اَور پانی پیا جِس کی بابت خُدا نے تُم سے فرمایا تھا کہ وہاں نہ تو روٹی کھانا اَور نہ پانی پینا؛ اِس لیٔے تمہاری لاش تمہارے آباؤاَجداد کی قبر میں دفن نہ ہوگی۔‘ “
23اَور جَب وہ مَرد خُدا کھانا کھا چُکے اَور پانی پی چُکے تو اُس بُوڑھے نبی نے جو اُس مَرد خُدا کو واپس لَوٹا لایاتھا، اُن کے واسطے گدھے پر زین کس دی اَور وہ وہاں سے روانہ ہویٔے۔ 24اَور جَب وہ اَپنے سفر میں کُچھ دُور پہُنچے تو اُنہیں راستہ میں ایک شیر مِلا، جِس نے اُنہیں مار ڈالا، اَور اُن کی لاش راستہ میں ہی پڑی رہی اَور گدھا اَور شیر دونوں اُن کی لاش کے پاس کھڑے تھے۔ 25اَور اُس راستہ سے گزرنے والے راہ گیروں نے یہ ماجرا دیکھا کہ ایک لاش راہ میں پڑی ہُوئی ہے اَور شیر اُس لاش کے پاس کھڑا ہے۔ راہ گیروں نے اُس شہر میں جا کر یہ خبر پہُنچا دی، جہاں وہ بُوڑھا نبی رہتا تھا۔
26اَور جَب وہ بُوڑھا نبی جو اُس مَرد خُدا کو واپس لَوٹا لایاتھا، یہ خبر سُنی تو کہا، ”یہ وُہی مَرد خُدا ہے جِس نے یَاہوِہ کے کلام کی نافرمانی کی تھی چنانچہ یَاہوِہ نے اُسے شیر کے حوالہ کر دیا اَور اُس نے یَاہوِہ کے اُس کلام کے مُطابق جو اُنہُوں اُس مَرد خُدا سے فرمایا تھا اُسے پھاڑا اَور مار ڈالا۔“
27پھر اُس بُوڑھے نبی نے اَپنے بیٹوں سے کہا، ”میرے لیٔے گدھے پر زین کس دو،“ اَور اُنہُوں نے وَیسا ہی کیا۔ 28تَب وہ بُوڑھا نبی روانہ ہُوا اَور اُس مَرد خُدا کی لاش کو راستہ میں پڑی ہویٔی اَور گدھے اَور شیر کو لاش کے پاس کھڑے پایا۔ شیر نے نہ تو اُس لاش کو کھایا تھا اَور نہ ہی اُس گدھے کو پھاڑا تھا۔ 29تَب اُس بُوڑھے نبی نے اُس مَرد خُدا کی لاش کو اُٹھاکر اُسے گدھے پر رکھا اَور اَپنے شہر لَوٹ آیا، تاکہ مَرد خُدا کے واسطے ماتم کرکے اُسے دفن کر دے۔ 30تَب اُس بُوڑھے نبی نے اُس کی لاش کو اَپنے واسطے تیّار کی گئی قبر میں رکھا، اَور لوگوں نے اُس کے لیٔے یہ کہتے ہویٔے ماتم کیا، ”افسوس میرے بھایٔی!“
31مَرد خُدا کو دفن کرنے کے بعد اُس نے اَپنے بیٹوں سے کہا، ”جَب مَیں مَر جاؤں تو مُجھے بھی اُسی قبر میں دفن کرنا جِس میں یہ مَرد خُدا دفن کیا گیا ہے، اَور میری ہڈّیوں کو اُس کی ہڈّیوں کے پاس ہی رکھنا۔ 32کیونکہ بیت ایل کے مذبح کے خِلاف اَور سامریہؔ کے شہروں میں سَب اُونچے مقامات میں بنے تمام بُتکدوں کے خِلاف یَاہوِہ نے جو اعلان اُس نبی کی مَعرفت کیا تھا وہ ضروُر پُورا ہوگا۔“
33اِس ماجرے کے بعد بھی یرُبعامؔ اَپنی بُری روِشوں سے باز نہ آیا، اُس نے تمام اُونچے مقامات کے واسطے اَپنی ساری عوام میں سے کاہِنؔ مُقرّر کئے۔ اَورجو کویٔی کاہِنؔ بننا چاہے اُس نے اُنہیں اُونچے مقامات کے لیٔے کاہِنؔ مخصُوص کر دیا۔ 34اَور یرُبعامؔ کے گھرانے کا یہی سَب سے بڑا گُناہ تھا جو اُس کے زوال اَور اُس کے رُوئے زمین پر سے نِیست و نابود ہو جانے کا باعث ہُوا۔

موجودہ انتخاب:

1 سلاطین 13: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in