1 تواریخ 5

5
بنی رُوبِنؔ
1اِسرائیل کے پہلوٹھے رُوبِنؔ کے بیٹے (وہ پہلوٹھا تھا لیکن جَب اُس نے اَپنے باپ کے بچھونے کو ناپاک کیا تو اُس کے پہلوٹھے ہونے کے حُقُوق یُوسیفؔ بِن اِسرائیل کے بیٹوں کو دئیے گیٔے اِس لیٔے نَسب نامہ میں اُس کا اندراج پہلوٹھے پن کے مُطابق نہ ہو سَکا حالانکہ یہ پہلوٹھا تھا۔ 2اَور اگرچہ یہُوداہؔ اَپنے تمام بھائیوں سے زِیادہ طاقتور تھا اَور حُکمران اُسی میں سے نکلے لیکن پہلوٹھے کا حق یُوسیفؔ کا ہُوا)۔ 3اِسرائیل کے پہلوٹھے رُوبِنؔ کے بیٹے یہ ہیں:
حنوخؔ، پلوّؔ، حِضرونؔ اَور کرمی۔
4یُوایلؔ کے بیٹے یہ ہیں:
اُس کا بیٹا شمعیاہؔ اَور اُس کا بیٹا گوگ،
اَور اُس کا بیٹا شِمعیؔ، 5اَور اُس کا بیٹا میکاہؔ،
اَور اُس کا بیٹا رِیایاہؔ اَور اُس کا بیٹا بَعل،
6اَور اُس کا بیٹا بِیرہ جِس کو تِگلتؔ پلیسِر شاہِ اشُور اسیر کرکے لے گیا۔ بِیرہ بنی رُوبِنؔ کا سردار تھا۔
7اُن کے رشتہ دار جِن کا اُن کے برادریوں کے لحاظ سے نَسب نامہ تحریر میں آیا یہ تھے:
سردار یعی ایل اَور زکریاؔہ، 8اَور بَیلعؔ بِن عزازؔ بِن شِمعؔ بِن یُوایلؔ۔
وہ عروعؔر سے لے کر نبوؔ اَور بَعل مِعُون تک کے علاقہ میں بسے ہُوئے تھے۔ 9اَور مشرق کی طرف وہ اُس سرزمین پر قابض تھے جو دریائے فراتؔ تک پھیلے ہُوئے صحرا کے کنارے تک ہے۔ کیونکہ گِلعادؔ میں اُن کے مویشی بہت بڑھ گیٔے تھے۔
10اُنہُوں نے شاؤل کے دَورِ حُکومت میں ہاگریؔ کے خِلاف جنگ شروع کی اَور اُنہیں شِکست دی اَور وہ گِلعادؔ کے تمام مشرقی علاقے کے ہاگریوں کی قِیام گاہوں پر قابض ہو گئے۔
گادؔ
11اَور بنی گادؔ بنی رُوبِنؔ کے مقابل مُلک باشانؔ میں سَلِکہؔ تک بسے ہُوئے تھے:
12اوّل یُوایلؔ تھا اَور شافامؔ دُوسرا اَور یعناعیؔ اَور شافاطؔ باشانؔ میں تھے۔
13اَور آبائی خاندانوں کے مُطابق اُن کے رشتہ دار یہ تھے:
مِیکاایلؔ، مِشُلّامؔ، شیبا، یورائیؔ، یعکانؔ، زیعؔا اَور عِبرؔ، کل سات آدمی۔
14یہ بنی اَبی حائیل بِن حُوریؔ بِن یاروحؔ بِن گِلعادؔ بِن مِیکاایلؔ بِن یشیشائیؔ بِن یاحدوؔ بِن بوز تھے۔
15احی عبدی ایل بِن گُونی اُن کے آبائی خاندانوں کا سردار تھا۔
16بنی گادؔ باشانؔ کے شہروں میں، گِلعادؔ میں، اَور اُس کے دُور بیرونی شہروں میں اَور شارونؔ کی ساری چراگاہوں کے آخِری کناروں تک بسے ہُوئے تھے۔
17یہُودیؔہ کے بادشاہ یُوتامؔ اَور اِسرائیل کے بادشاہ یرُبعامؔ کے ایّام میں اِن سَب کو اُن نَسب ناموں میں درج کیا گیا تھا۔
18اَور بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور منشّہ کے آدھے قبیلہ میں چوالیس ہزار سات سَوساٹھ مَرد فَوجی خدمت کے لیٔے تیّار تھے یعنی تندرست و توانا مَرد جو سِپر بردار، شمشیر زن اَور تیر اَندازی میں ماہر تھے اَور جنگ آزمودہ تھے۔ 19اُنہُوں نے ہاگریوں اَور اُن کے اِتّحادیوں یطُورؔ، نافیشؔ اَور نودابی قبیلوں پر حملہ کیا۔ 20اَور خُدا نے ہاگریوں اَور اُن کے اِتّحادیوں کو اُن کے حوالہ کر دیا کیونکہ جنگ کے دَوران اُنہُوں نے خُدا سے دعا کی اَور خُدا نے اُن کی دعا قبُول فرمائی، اِس لیٔے کہ اُنہُوں نے اُن پر اِعتماد رکھا۔ 21اُنہُوں نے ہاگریوں کے مویشیوں پر قبضہ کر لیا جو کہ پچاس ہزار اُونٹ، دو لاکھ پچاس ہزار بھیڑ بکریاں اَور دو ہزار گدھے تھے۔ اُنہُوں نے ایک لاکھ آدمیوں کو بھی قَید کر لیا۔ 22اَور بہت سے آدمیوں کو قتل کر دیا کیونکہ وہ جنگ یَاہوِہ کی تھی۔ اَور وہ جَلاوطنی کے وقت تک اُس مُلک پر قابض رہے۔
منشّہ کا آدھا قبیلہ
23منشّہ کے آدھے قبیلہ کے لوگ بہت زِیادہ تھے اَور وہ باشانؔ سے لے کر بَعل حرمُونؔ یعنی سنیرؔ (کوہِ حرمُونؔ) تک پھیلے ہُوئے تھے۔
24اُن کے آبائی خاندانوں کے سردار یہ تھے: عِفرؔ، یَشعیؔ، الی ایل، عزری ایل، یرمیاہؔ، ہُوداویاہؔ اَور یحدی ایل۔ یہ بڑے دِلیر، جنگجو، نامور اَور اَپنے آبائی خاندانوں کے سردار تھے۔ 25لیکن اُنہُوں نے اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا سے بےوفائی کی اَور جِس مُلک کے باشِندوں کو خُدا نے اُن کے سامنے سے ہلاک کیا تھا اُن ہی کے معبُودوں کی پیروی کرکے اُنہُوں نے زناکاری کی۔ 26تَب اِسرائیل کے خُدا نے شاہِ اشُور پُولؔ یعنی تِگلتؔ پلیسِر کے دِل میں جوش پیدا کیا اَور وہ رُوبِنیوں، گادّیوں اَور منشّہ کے آدھے قبیلہ کو اسیر کرکے لے گیا اَور اُنہیں حالاحؔ، حابُورؔ، ہاراؔ اَور دریائے گُوزانؔ کے پاس لے آیا اَور آج کے دِن تک وہ وہیں سکونت کر رہے ہیں۔

موجودہ انتخاب:

1 تواریخ 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in