YouVersion Logo
تلاش

1 تواریخ 19

19
بنی عمُّون سے جنگ
1اِس کے بعد اَیسا ہُوا کہ بنی عمُّون کا بادشاہ ناحسؔ مَر گیا اَور اُس کا بیٹا اُس کی جگہ بادشاہ بنا۔ 2تو داویؔد نے چاہا، ”وہ ناحسؔ کے بیٹے حنُونؔ پر مہربانی کرے کیونکہ اُس کے باپ نے مُجھ پر مہربانی کی تھی۔“ لہٰذا حنُونؔ سے اُس کے باپ کے بارے میں ہمدردی کا اِظہار کرنے کے لیٔے داویؔد نے قاصِدوں کا ایک وفد بھیجا۔
جَب داویؔد کے آدمی بنی عمُّون کے مُلک میں حنُونؔ کے پاس اُسے تسلّی دینے آئے 3تَب عمُّونی اُمرا نے حنُونؔ سے کہا، ”کیا تُو یہ خیال کرتا ہے کہ ہمدردی ظاہر کرنے کے لیٔے سفیر بھیج کر داویؔد تمہارے باپ کی عزّت اَفزائی کر رہے ہیں؟ کیا اُن کے سفیر تمہارے پاس مُلک کا حال دریافت کرنے، جاسُوسی کرنے اَور اُسے تباہ کرنے نہیں آئے؟“ 4تَب حنُونؔ نے داویؔد کے سفیروں کو پکڑ لیا اَور پھر اُنہیں واپس بھیج دیا لیکن اُن کی حالت یہ تھی کہ اُن کی داڑھیاں اَور مونچھیں غائب تھیں اَور اُن کے زیرِ جامے کولہوں سے لے کر نیچے تک پھٹے ہُوئے تھے۔
5جَب کسی نے آکر داویؔد کو اُن آدمیوں کے بارے میں خبر دی تو داویؔد نے اُن کے اِستِقبال کے لیٔے قاصِد بھیجے کیونکہ وہ اُن کے سامنے آنے سے شرما رہے تھے۔ بادشاہ نے اُنہیں کہلا بھیجا، ”جَب تک تمہاری داڑھیاں نہ بڑھ جایٔیں تُم یریحوؔ میں ٹھہرے رہو۔ اُس کے بعد لَوٹ آنا۔“
6جَب عمُّونیوں کو احساس ہُوا کہ وہ داویؔد کے غُصّے کا نِشانہ بننے والے ہیں تو حنُونؔ اَور بنی عمُّون نے ارام نحرائیمؔ یعنی مسوپتامیہؔ، ارام معکہؔ اَور ضوباہؔ سے رتھ اَور رتھ بان کرائے پر منگوانے کے لیٔے چونتیس ہزار کِلوگرام چاندی بھیجی۔ 7اِس طرح اُنہُوں نے بتّیس ہزار رتھوں اَور رتھ بانوں نیز معکہؔ کے بادشاہ اَور اُس کی افواج کو کرائے پر لیا اَور وہ آکر میدباؔ کے سامنے خیمہ زن ہو گئے اَور بنی عمُّون اَپنے شہروں سے جمع ہُوئے اَور جنگ کرنے کو آئے۔
8جَب داویؔد نے یہ سُنا تو اُس نے یُوآبؔ اَور سُورماؤں کے تمام فَوج کو بھیجا۔ 9تَب بنی عمُّون نے باہر نکل کر اَپنے شہر کے پھاٹک کے پاس ہی لڑائی کے لیٔے صف باندھی جَب کہ وہ بادشاہ جو آئےتھے اُن سے الگ میدان میں تھے۔
10جَب یُوآبؔ نے دیکھا کہ اُس کے آگے اَور پیچھے لڑائی کے لیٔے صف بندی ہو چُکی ہے تو اُس نے اِسرائیل کے بہترین فَوجیوں میں سے بعض کو چُن کر ارامیوں کے مقابل صف آرا کیا۔ 11اَور باقی آدمیوں کو اَپنے بھایٔی ابیشائی کی قیادت میں عمُّونیوں کے خِلاف میدان میں اُتارا۔ 12یُوآبؔ نے کہا، ”اگر ارامی مُجھ پر غالب آنے لگیں تو تُم میری مدد کے لیٔے بروقت پہُنچ جانا لیکن اگر عمُّونی تمہارے خِلاف زِیادہ طاقتور ثابت ہُوئے تو مَیں تمہاری مدد کے لئے بروقت پہُنچ جاؤں گا۔ 13پس ہمّت باندھو اَور آؤ ہم اَپنی قوم اَور اَپنے خُدا کے شہروں کی خاطِر بہادری سے جنگ کریں اَور یَاہوِہ جو کچھ اُن کی نظر میں بہتر ہوگا وُہی کریں گے۔“
14تَب یُوآبؔ اَور اُس کے لشکر کے آدمی ارامیوں سے لڑنے کے لیٔے آگے بڑھے اَور ارامی اُن کے سامنے سے بھاگ نکلے۔ 15جَب عمُّونیوں نے دیکھا کہ ارامی بھاگ نکلے تو وہ بھی اُس کے بھایٔی ابیشائی کے سامنے سے بھاگ کر شہر کے اَندر چلے گیٔے۔ تَب یُوآبؔ واپس یروشلیمؔ چلا گیا۔
16جَب ارامیوں نے دیکھا کہ اُنہُوں نے بنی اِسرائیل سے شِکست کھائی تو قاصِد بھیج کر دریائے فراتؔ کے پار کے ارامیوں کو بُلوا لیا جِن کی کمان ہددعزرؔ کے سپہ سالار سوفکؔ کے ہاتھ میں تھی۔
17جَب داویؔد کو اِطّلاع پہُنچی تو اُس نے تمام اِسرائیل کو جمع کیا اَور دریائے یردنؔ کے پار جا اُترے اَور اُنہُوں نے پیش قدمی کرکے اُن کے خِلاف مورچے سنبھال لیٔے۔ اَور جَب داویؔد نے ارامیوں کو مُقابلہ کے لیٔے للکارا تو وہ اُن سے لڑے۔ 18لیکن اِسرائیل نے اُنہیں شِکست دی اَور داویؔد نے ارامیوں کے سات ہزار رتھ بانوں اَور چالیس ہزار پیادہ فَوجیوں کو ہلاک کیا اَور اُن کے سپہ سالار سوفکؔ کو بھی قتل کر ڈالا۔
19جَب اُن تمام بادشاہوں نے جو ہددعزرؔ کے مطیع تھے دیکھا کہ وہ اِسرائیل سے شِکست کھا چُکے ہیں تو اُنہُوں نے داویؔد سے صُلح کرلی اُن کے مطیع ہو گئے۔
اَور ارامی آئندہ کبھی بنی عمُّون کی مدد پر راضی نہ ہُوئے۔

موجودہ انتخاب:

1 تواریخ 19: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in