YouVersion Logo
تلاش

امثال 21

21
1بادشاہ کا دِل خُداوند کے ہاتھ میں ہے۔ وہ اُس کو پانی کے نالوں کی مانِند جِدھر چاہتا ہے پھیرتا ہے۔
2اِنسان کی ہر ایک روِش اُس کی نظر میں راست ہے پر خُداوند دِلوں کو جانچتا ہے۔
3صداقت اور عدل خُداوند کے نزدِیک قُربانی سے زِیادہ پسندِیدہ ہیں۔
4بُلند نظری اور دِل کا تکُبّر اور شرِیروں کی اِقبال مندی گُناہ ہے۔
5مِحنتی کی تدبِیریں یقِیناً فراوانی کا باعِث ہیں لیکن ہر ایک جلدباز کا انجام مُحتاجی ہے۔
6دروغ گوئی سے خزانے حاصِل کرنا بے ٹھکانا بُخارات کی مانِند ہے اور اُن کے طالِب مَوت کے طالِب ہیں۔
7شرِیروں کا ظُلم اُن کو اُڑا لے جائے گا کیونکہ اُنہوں نے اِنصاف کرنے سے اِنکار کِیا ہے۔
8گُناہ آلُودہ آدمی کی راہ بُہت ٹیڑھی ہے پر جو پاک ہے اُس کا کام ٹِھیک ہے۔
9گھر کی چھت پر ایک کونے میں رہنا جھگڑالُو بِیوی کے ساتھ کُشادہ گھر میں رہنے سے بِہتر ہے۔
10شرِیر کی جان بُرائی کی مُشتاق ہے۔ اُس کا ہمسایہ اُس کی نِگاہ میں مقبُول نہیں ہوتا۔
11جب ٹھٹّھا کرنے والے کو سزا دی جاتی ہے تو سادہ دِل حِکمت حاصِل کرتا ہے اور جب دانا تربِیّت پاتا ہے تو عِلم حاصِل کرتا ہے۔
12صادِق شرِیر کے گھر پر غَور کرتا ہے۔ شرِیر کَیسے گِر کر برباد ہو گئے ہیں۔
13جو مِسکِین کا نالہ سُن کر اپنے کان بند کر لیتا ہے وہ آپ بھی نالہ کرے گا اور کوئی نہ سُنے گا۔
14پوشِیدگی میں ہدیہ دینا قہر کو ٹھنڈا کرتا ہے اور اِنعام بغل میں دے دینا غضبِ شدِید کو۔
15اِنصاف کرنے میں صادِق کی شادمانی ہے لیکن بدکرداروں کی ہلاکت۔
16جو فہم کی راہ سے بھٹکتا ہے مُردوں کے غول میں پڑا رہے گا۔
17عیّاش کنگال رہے گا۔ جو مَے اور تیل کا مُشتاق ہے مال دار نہ ہو گا۔
18شرِیر صادِق کا فدِیہ ہو گا اور دغاباز راست بازوں کے بدلہ میں دِیا جائے گا۔
19بیابان میں رہنا جھگڑالُو اور چڑچڑی بِیوی کے ساتھ رہنے سے بِہتر ہے۔
20قِیمتی خزانہ اور تیل داناؤں کے گھر میں ہیں لیکن احمق اُن کو اُڑا دیتا ہے۔
21جو صداقت اور شفقت کی پَیروی کرتا ہے زِندگی اور صداقت و عِزّت پاتا ہے۔
22دانا آدمی زبردستوں کے شہر پر چڑھ جاتا ہے اور جِس قُوّت پر اُن کا اِعتماد ہے اُسے گِرا دیتا ہے۔
23جو اپنے مُنہ اور اپنی زُبان کی نِگہبانی کرتا ہے اپنی جان کو مُصِیبتوں سے محفُوظ رکھتا ہے۔
24مُتکِبّر و مغرُور شخص جو ٹھٹّھاباز کہلاتا ہے بُہت تکُبّر سے کام کرتا ہے۔
25کاہِل کی تمنا اُسے مار ڈالتی ہے کیونکہ اُس کے ہاتھ مِحنت سے اِنکار کرتے ہیں۔ 26وہ دِن بھر تمنّا میں رہتا ہے لیکن صادِق دیتا ہے اور دریغ نہیں کرتا۔
27شرِیر کی قُربانی نفرت انگیز ہے خصُوصاً جب وہ بدنِیتّی سے لاتا ہے۔
28جُھوٹا گواہ ہلاک ہو گا لیکن جِس شخص نے بات سُنی ہے وہ خاموش نہ رہے گا۔
29شرِیر اپنے چہرہ کو سخت کرتا ہے لیکن صادِق اپنی راہ پر غَور کرتا ہے۔
30کوئی حِکمت کوئی فہم اور کوئی مشوَرت نہیں جو خُداوند کے مُقابِل ٹھہر سکے۔
31جنگ کے دِن کے لِئے گھوڑا تو تیّار کِیا جاتا ہے لیکن فتح یابی خُداوند کی طرف سے ہے۔

موجودہ انتخاب:

امثال 21: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in