یسعیاہ 1:29-10

یسعیاہ 1:29-10 URD

ارئییل پر افسوس۔ اریئیل اُس شہر پر جہاں داؤُد خَیمہ زن ہُؤا! سال پر سال زِیادہ کرو۔ عِید پر عِید منائی جائے۔ تَو بھی مَیں ارئییل کو دُکھ دُوں گا اور وہاں نَوحہ اور ماتم ہو گا پر میرے لِئے وہ ارئییل ہی ٹھہرے گا۔ مَیں تیرے خِلاف گِرداگِرد خَیمہ زن ہُوں گا اور مورچہ بندی کر کے تیرا مُحاصرہ کرُوں گا اور تیرے خِلاف دمدمہ باندُھوں گا۔ اور تُو پست ہو گا اور زمِین پر سے بولے گا اور خاک پر سے تیری آواز دِھیمی آئے گی۔ تیری صدا بُھوت کی سی ہو گی جو زمِین کے اندر سے نِکلے گی اور تیری بولی خاک پر سے چُرُگنے کی آواز معلُوم ہو گی۔ لیکن تیرے دُشمنوں کا غول بارِیک گرد کی مانِند ہو گا اور اُن ظالِموں کی گُروہ اُڑنے والے بُھوسے کی مانِند ہو گی اور یہ ناگہان ایک دَم میں واقِع ہو گا۔ ربُّ الافواج خُود گرجنے اور زلزلہ کے ساتھ اور بڑی آواز اور آندھی اور طُوفان اور آگ کے مُہلِک شُعلہ کے ساتھ تُجھے سزا دینے کو آئے گا۔ اور اُن سب قَوموں کا انبوہ جو اریئیل سے لڑے گا یعنی وہ سب جو اُس سے اور اُس کے قلعہ سے جنگ کریں گے اور اُسے دُکھ دیں گے خواب یا رات کی رویا کی مانِند ہو جائیں گے۔ جَیسے بُھوکا آدمی خواب میں دیکھے کہ کھا رہا ہے پر جاگ اُٹھے اور اُس کا جی نہ بھرا ہو یا پِیاسا آدمی خواب میں دیکھے کہ پانی پی رہا ہے پر جاگ اُٹھے اور پیاس سے بیتاب ہو اور اُس کی جان آسُودہ نہ ہو وَیسا ہی اُن سب قَوموں کے انبوہ کا حال ہو گا جو کوہِ صِیُّون سے جنگ کرتی ہیں۔ ٹھہر جاؤ اور تعجُّب کرو۔ عَیش و عِشرت کرو اور اندھے ہو جاؤ۔ وہ مست ہیں پر مَے سے نہیں۔ وہ لڑکھڑاتے ہیں پر نشہ میں نہیں۔ کیونکہ خُداوند نے تُم پر گہری نِیند کی رُوح بھیجی ہے اور تُمہاری آنکھوں یعنی نبِیوں کو نابِینا کر دِیا اور تُمہارے سروں یعنی غَیب بِینوں پر حِجاب ڈال دِیا۔