متّی 3

3
حضرت یحییٰ کا حُضُور عیسیٰ کی لئے راہ تیّار کرنا
1اُن دِنوں میں پاک غُسل#3‏:1 پاک غُسل اِس کِتاب میں پاک غُسل سے بپتسمہ مُراد ہے اِسے عربی زبان میں اَصطباغ بھی کہتے ہیں۔‏ دینے والے حضرت یحییٰ کی آمد ہُوئی اَور یہُودیؔہ کے بیابان میں جا کر یہ مُنادی کرنے لگے، 2”تَوبہ کرو کیونکہ آسمان کی بادشاہی نَزدیک آ گئی ہے۔“ 3حضرت یحییٰ وُہی شخص ہیں جِن کے بارے میں یسعیاؔہ نبی کی مَعرفت یُوں بَیان کیا گیا تھا:
”بیابان میں کویٔی پُکار رہا ہے،
’خُداوؔند کے لیٔے راہ تیّار کرو،
اُس کے لیٔے راہیں سیدھی بناؤ۔‘ “#3‏:3 یسع 40‏:3‏‏
4حضرت یحییٰ اُونٹ کے بالوں سے بُنا لباس پہنتے تھے اَور اُن کا کمربند چمڑے کا تھا۔ حضرت یحییٰ کی خُوراک ٹِڈّیاں اَور جنگلی شہد تھی۔ 5یروشلیمؔ، یہُودیؔہ اَور یردؔن کے سارے علاقوں سے سَب لوگ نِکل کر حضرت یحییٰ کے پاس گیٔے۔ 6اَور اَپنے گُناہوں کا اقرار کیا اَور اُنہُوں نے حضرت یحییٰ سے دریائے یردؔن میں پاک غُسل لیا۔
7لیکن جَب حضرت یحییٰ نے دیکھا کہ بہت سے فرِیسی#3‏:7 فرِیسی یعنی یہُودیوں کا ایک طبقہ جو شَریعت کے عالِم اَور اُستاد تھے۔‏ اَور صدُوقی پاک غُسل لینے کے لیٔے اُن کے پاس آ رہے ہیں تو اُن سے کہا: ”اَے زہریلے سانپ کے بچّو! تُمہیں کس نے آگاہ کر دیا کہ آنے والے غضب سے بچ کر بھاگ نکلو؟ 8اَپنی تَوبہ کے لائق پھل بھی لاؤ۔ 9اَور خُود سے اِس گُمان میں نہ رہنا کہ تُم کہہ سکتے ہو، ’ہم تو حضرت اِبراہیمؔ کی اَولاد ہیں۔‘ کیونکہ میں تُم سے کہتا ہُوں کہ خُدا اِن پتھّروں سے بھی حضرت اِبراہیمؔ کے لیٔے اَولاد پیدا کر سَکتا ہے۔ 10اَب درختوں کی جڑ پر کُلہاڑا رکھ دیا گیا ہے، لہٰذا جو درخت اَچھّا پھل نہیں لاتا وہ کاٹا اَور آگ میں جھونکا جاتا ہے۔
11”میں تو تُمہیں تَوبہ کے لیٔے صِرف پانی سے پاک غُسل دیتا ہُوں لیکن جو میرے بعد آنے والا ہے، وہ مُجھ سے بھی زِیادہ زورآور ہے۔ میں تو اُن کے جُوتوں کو بھی اُٹھانے کے لائق نہیں ہُوں۔ وہ تُمہیں پاک رُوح اَور آگ سے پاک غُسل دیں گے۔ 12اُس کا چھاج اُس کے ہاتھ میں ہے، اَور وہ اَپنی کھلیان کو خُوب پھٹکے گا، گیہُوں کو تو اَپنے کھتّے میں جمع کرے گا لیکن بھُوسے کو اُس جہنّم کی آگ میں جھونک دے گا جو کبھی نہ بُجھےگی۔“
حُضُور عیسیٰ کا پاک غُسل
13اُس وقت حُضُور عیسیٰ صُوبہ گلِیل سے دریائے یردؔن کے کنارے حضرت یحییٰ سے پاک غُسل لینے آئے۔ 14لیکن حضرت یحییٰ نے اُنہیں منع کرتے ہوئے کہا، ”مُجھے تو آپ سے پاک غُسل لینے کی ضروُرت ہے اَور آپ میرے پاس آئے ہیں؟“
15حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”ابھی تو اَیسا ہی ہونے دو؛ کیونکہ ہمارے لیٔے تو یہی مُناسب ہے کہ ہم ساری راستبازی کو اِسی طرح پُورا کریں۔“ تَب حضرت یحییٰ راضی ہو گیٔے۔
16جَیسے ہی حُضُور عیسیٰ پاک غُسل لینے کے بعد پانی سے باہر آئے تو آسمان کھُل گیا اَور خُدا کی رُوح کو کبُوتر کی شکل میں اَپنے اُوپر نازل ہوتے دیکھا۔ 17اَور آسمان سے ایک آواز آئی، ”یہ میرا پیارا بیٹا ہے، جِس سے میں مَحَبّت کرتا ہُوں؛ جِس سے میں بہت خُوش ہُوں۔“

Поточний вибір:

متّی 3: UCV

Позначайте

Поділитись

Копіювати

None

Хочете, щоб ваші позначення зберігалися на всіх ваших пристроях? Зареєструйтеся або увійдіть