Logo YouVersion
Îcone de recherche

رُومیوں 1

1
1پَولُسؔ کی طرف سے لِکھّا ہُوا خط، جو خُداوؔند المسیح یِسوعؔ کے خادِم، اَور رسول ہونے کے لیٔے بُلائے گیٔے اَور خُدا کی خُوشخبری سُنانے کے لیٔے مخصُوص کیٔے گیٔے، 2جِس کا وعدہ خُدا نے بہت پہلے سے اَپنے نبیوں کی مَعرفت کِتاب مُقدّس میں کیا تھا 3جو اَپنے بیٹے المسیح کی نِسبت سے تھا، جو جِسمانی اِعتبار#1‏:3 جِسمانی اِعتبار یعنی زمینی اِعتبار سے‏ سے تو داویؔد کی نَسل سے تھے، 4لیکن پاکیزگی کی رُوح کے اِعتبار سے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے باعث بڑی قُدرت#1‏:4 بڑی قُدرت یا طاقت کے ساتھ خُدا کا بیٹا ہونے کا اعلان کیا‏ کے ساتھ خُدا کا بیٹا ٹھہرے: یعنی ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح۔ 5آپ کی مَعرفت ہمیں فضل اَور رِسالت مِلی تاکہ ہم سَب غَیریہُودیوں کو آپ کے نام کی خاطِر ایمان سے آنے والی اِطاعت کے طابع ہوں۔ 6اَور تُم بھی اُن غَیریہُودیوں میں شامل ہو اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے ہونے کے لیٔے بُلائے گیٔے ہو۔
7اُن سَب خُدا کے پیاروں کے نام جو رُوم شہر میں ہیں اَور مُقدّس لوگ ہونے کے لیٔے بُلائے گیٔے ہیں:
ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔
پَولُسؔ کی رُوم جانے کی آرزُو
8پہلے، تو میں تُم سَب کے لیٔے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے وسیلہ سے اَپنے خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں کہ تمہارے ایمان کا چَرچا ساری دُنیا میں ہو رہاہے۔ 9خُدا، جِس کے بیٹے کی خُوشخبری کی تبلیغ کی خدمت میں دِل و جان سے اَنجام دے رہا ہُوں، میری یہ گواہی ہے کہ آپ کو ہر وقت اَپنی دعاؤں میں کتنی کثرت سے یاد کرتا ہُوں 10اَور یہی دعا کرتا ہُوں؛ خُدا کی مرضی سے تمہارے پاس آنے کا میرے لیٔے راستہ کھُل جائے۔
11کیونکہ مَیں تُم سے مِلنے کا مُشتاق ہُوں تاکہ تُمہیں کویٔی اَیسی رُوحانی نِعمت دے سکوں جو تمہارے ایمان کی مضبُوطی کا باعث ہو۔ 12میرا مطلب یہ ہے کہ میرے ایمان سے تمہاری اَور تمہارے ایمان سے میری حوصلہ اَفزائی ہو۔ 13اَے بھائیو اَور بہنوں! میں نہیں چاہتا کہ تُم اِس بات سے ناواقِف رہو کہ مَیں نے بارہا تمہارے پاس آنے کا اِرادہ کیا تاکہ جَیسے غَیریہُودیوں میں میری خدمت پھل لائی، تُم میں بھی لایٔے۔ مگر کویٔی نہ کویٔی رُکاوٹ پیدا ہوتی رہی۔
14میں یُونانیوں اَور غَیر یُونانیوں اَور دانشمندوں اَور نادانوں دونوں ہی کا قرضدار ہُوں۔ 15اِس لیٔے مَیں تمہارے درمیان بھی جو رُوم میں ہو خُوشخبری سُنانے کا بےحد مُشتاق ہُوں۔
16میں انجیل سے نہیں شرماتا کیونکہ وہ ہر ایمان لانے والے کی نَجات کے لیٔے خُدا کی قُدرت ہے۔ پہلے یہُودی کے لیٔے، پھر غَیریہُودی کے لیٔے۔ 17کیونکہ انجیل میں خُدا کی طرف سے اُس راستبازی کو ظاہر کیا گیا ہے جو شروع سے آخِر تک ایمان ہی کے ذریعہ حاصل ہوتی ہے۔ جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”راستباز ایمان سے زندہ رہے گا۔“#1‏:17 حبق 2‏:4؛ گلتی 3‏:1؛ عِبر 10‏:38‏
اِنسان کی ناراستی اَور خُدا کا غضب
18آسمان سے اُن لوگوں کی ساری بے دینی اَور ناراستی پر خُدا کا غضب نازل ہوتاہے جو سچّائی کو اَپنی ناراستی سے دبائے رکھتے ہیں۔ 19چونکہ خُدا کے متعلّق جو کچھ بھی مَعلُوم ہو سَکتا ہے وہ اُن پر ظاہر ہے۔ اِس لیٔے کہ خُدا نے خُود اُسے اُن پر ظاہر کر دیا ہے۔ 20کیونکہ خُدا کی اَزلی قُدرت اَور اُلُوہیّت جو اُس کی اَندیکھی صِفات ہیں دُنیا کی پیدائش کے وقت سے اُس کی بنائی ہویٔی چیزوں سے اَچھّی طرح ظاہر ہیں۔ لہٰذا اِنسان کے پاس کویٔی عُذر نہیں۔
21اگرچہ اُنہُوں نے خُدا کے بارے میں جان لیا تھا لیکن اُنہُوں نے اُس کی تمجید اَور شُکر گُزاری نہ کی جِس کے وہ لائق تھا۔ بَلکہ اُن کے خیالات فُضول ثابت ہویٔے اَور اُن کے ناسمجھ دِلوں پر اَندھیرا چھا گیا۔ 22وہ عقلمند ہونے کا دعویٰ کرتے تھے لیکن احمق نکلے۔ 23اَور غَیر فانی خُدا کے جلال کو فانی اِنسان اَور پرندوں، چَوپایوں اَور رینگنے والے جانور کی صورت میں بدل ڈالا۔
24اِسی لیٔے خُدا نے بھی اُنہیں اُن کے دِلوں کی گُناہ آلُودہ خواہشوں کے مُطابق شہوت پرستی کے حوالہ کر دیا تاکہ وہ اَپنے بَدنوں سے ایک دُوسرے کے ساتھ گندے اَور ناپاک کام کریں۔ 25اُنہُوں نے خُدا کی سچّائی کو جھُوٹ سے بدل ڈالا، اَور خالق کی بہ نِسبت مخلُوقات کی پرستش میں زِیادہ مشغُول ہو گئے حالانکہ خالق ہی اَبد تک حَمد و سِتائش کے لائق ہے۔ آمین۔
26اِسی سبب سے خُدا نے اُنہیں اُن کے دِلوں کی شرمناک خواہشات میں چھوڑ دیا یہاں تک کہ اُن کی عورتوں نے اَپنے طبعی جنسی فعل کو غَیر طبعی فعل سے بدل ڈالا۔ 27اِسی طرح مَردوں نے بھی عورتوں کے ساتھ اَپنے طبعی جنسی فعل کو چھوڑ دیا اَور آپَس کی شہوت کے غُلام ہوکر ایک دُوسرے سے جنسی تعلّقات پیدا کرلئے۔ اِس کا نتیجہ یہ ہُوا کہ اُنہُوں نے اَپنی گمراہی کی مُناسب سزا پائی۔
28چونکہ اُنہُوں نے خُدا کی پہچان پر قائِم رہنا مُناسب نہ سمجھا اِس لیٔے اُس نے اُنہیں ناپسندیدہ خَیالوں اَور نامُناسب حرکات کا شِکار ہونے دیا۔ 29وہ ہر طرح کی بدکاری، بُرائی، حِرص اَور بدچلنی سے بھر گیٔے۔ اَور حَسد، خُونریزی، جھگڑے، عیّاری اَور بُغض سے معموُر ہو گئے، 30بدگو، خُدا سے نفرت کرنے والے، گُستاخ، مغروُر اَور شیخی باز، بدی کے بانی اَور اَپنے والدین کے نافرمان، 31بے قُوف، بےوفا، سنگدل اَور بےرحم ہو گئے۔ 32حالانکہ اُنہیں مَعلُوم ہے کہ اَیسے کام کرنے والے خُدا کے قوانین کے مُطابق موت کی سزا کے مُستحق ہیں پھر بھی نہ صِرف وہ خُود یہی کام کرتے ہیں بَلکہ اَیسا کرنے والوں کو پسند کرتے ہیں۔

Sélection en cours:

رُومیوں 1: UCV

Surbrillance

Partager

Copier

None

Tu souhaites voir tes moments forts enregistrés sur tous tes appareils? Inscris-toi ou connecte-toi