YouVersion Logo
Search Icon

لُوقا 3

3
حضرت یُوحنّا کا حُضُور یِسوعؔ کی لئے راہ تیّار کرنا
1قَیصؔر تِبریُس کی حُکومت کے پندرھویں بَرس جَب پُنطِیُس پِیلاطُسؔ یہُودیؔہ کا حاکم تھا اَور ہیرودیسؔ گلِیل کے چوتھائی حِصّہ پر اَور اُس کا بھایٔی فِلِپُّسؔ، اِتُوریہ اَور تَرخونؔی تِس چوتھائی حِصّہ اَور لِسانیاسؔ، اَبلینےؔ کے چوتھائی حِصّہ پر حُکمراں تھا 2اَور حنّاؔ اَور کائِفؔا اعلیٰ کاہِن تھے۔ اُس وقت خُدا کا کلام بیابان میں زکریاؔہ کے بیٹے حضرت یُوحنّا پر نازل ہُوا۔ 3اَور وہ یردنؔ کے اِردگرد کے علاقوں میں جا کر گُناہوں کی مُعافی کے واسطے تَوبہ کرنے اَور پاک غُسل لینے کی مُنادی کرنے لگے۔ 4جَیسا کہ حضرت یَشعیاہ نبی نے اَپنے صحیفہ میں لِکھّا ہے:
”بیابان میں کویٔی پُکار رہاہے،
’خُداوؔند کے لیٔے راہ تیّار کرو،
اُس کے لیٔے راہیں سیدھی بناؤ۔
5ہر وادی بھر دی جائے گی،
اَور ہر پہاڑ اَور ٹیلا نیچا کر دیا جائے گا۔
ٹیڑھے راستے سیدھے کر دئیے جایٔیں گے،
اَور ناہموار راہیں ہموار بنا دی جایٔیں گی۔
6اَور تمام بنی نَوع اِنسان خُدا کی نَجات دیکھیں گے۔‘ “#3‏:6 یَشع 40‏:3‏‑5‏‏
7حضرت یُوحنّا اُس ہُجوم سے جو گِروہ در گِروہ اُن کے پاس پاک غُسل لینے کے لیٔے آ رہاتھا اُن سے کہا، ”اَے زہریلے سانپ کے بچّو! تُمہیں کس نے آگاہ کر دیا کہ آنے والے غضب سے بچ کر بھاگ نکلو؟ 8اَپنی تَوبہ کے لائق پھل بھی لاؤ۔ اَور خُود سے اِس گُمان میں نہ رہنا کہ تُم کہنے لگو، ’ہم تو حضرت اَبراہامؔ کی اَولاد ہیں۔‘ کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ خُدا اِن پتھّروں سے بھی حضرت اَبراہامؔ کے لیٔے اَولاد پیدا کر سَکتا ہے۔ 9اَب درختوں کی جڑ پر کُلہاڑا رکھ دیا گیا ہے لہٰذا جو درخت اَچھّا پھل نہیں لاتا وہ کاٹا اَور آگ میں جھونکا جاتا ہے۔“
10”لوگوں نے اُس سے پُوچھا کہ آخِر ہم کیا کریں؟“
11حضرت یُوحنّا نے جَواب دیا، جِس کے پاس دو کُرتے ہوں، ”اُس کے ساتھ جِس کے پاس ایک بھی نہ ہوں بانٹ لے اَور جِس کے پاس کھانا ہو وہ بھی اَیسا ہی کرے۔“
12اَور محصُول لینے والے بھی پاک غُسل لینے آئے اَور پُوچھنے لگے، ”اَے اُستاد محترم،“ ہم کیا کریں؟
13اَور آپ نے اُن سے کہا، ”جِتنا لینے کا تُمہیں اِختیار دیا گیا ہے اُس سے زِیادہ نہ لو۔“
14تَب بعض سپاہیوں نے بھی پُوچھا، ”ہم کیا کریں؟“
اَور حضرت یُوحنّا نے اُن سے کہا، ”کسی پر جھُوٹا اِلزام مت لگاؤ اَور نہ ڈرا دھمکا کر کسی سے کُچھ لو۔ اَپنی تنخواہ سے مطمئن رہو۔“
15جَب لوگ بڑے شوق سے مُنتظر تھے اَور دِل ہی دِل میں سوچ رہے تھے کہ شاید حضرت یُوحنّا ہی المسیح ہیں۔ 16تو حضرت یُوحنّا نے جَواب دیتے ہُوئے کہا، ”میں تو تُمہیں صِرف پانی سے پاک غُسل دیتا ہُوں۔ لیکن جو آنے والا ہے وہ مُجھ سے بھی زِیادہ زورآور ہے، میں تو اِس لائق بھی نہیں کہ اُن کی جُوتوں کے تسمے کھول سکوں۔ وہ تُمہیں پاک رُوح اَور آگ سے پاک غُسل دیں گے۔ 17اُس کا چھاج اُس کے ہاتھ میں ہے اَور وہ اَپنے کھلیان کو خُوب صَاف کرےگا اَور گیہُوں کو اَپنے کھتّے میں جمع کرےگا اَور بھُوسے کو اُس آگ میں جَلائے گا جو بُجھتی ہی نہیں۔“ 18اَور وہ اُنہیں نصیحت کے طور پر بہت سِی باتیں بتاتے اَور خُوشخبری سُناتے رہے۔
19ہیرودیسؔ چوتھائی علاقہ پر حُکمراں تھا جَب حضرت یُوحنّا نے اُسے ملامت کی تھی کیونکہ اُس نے اَپنے بھایٔی فِلِپُّسؔ کی بیوی ہیرودِیاسؔ سے شادی کرلی تھی اَور دُوسری بہت سِی بدکاریاں بھی کی تھیں۔ 20اُس نے سَب سے بُری حرکت یہ کی تھی کہ حضرت یُوحنّا کو قَید میں ڈلوادِیا۔
حُضُور یِسوعؔ کا پاک غُسل اَور نَسب نامہ
21جَب سَب لوگ پاک غُسل لے رہے تھے تو یِسوعؔ نے بھی پاک غُسل لیا۔ اَور جَب وہ دعا کر رہے تھے، تو آسمان کھُل گیا 22اَور پاک رُوح جِسمانی صورت میں کبُوتر کی شکل میں حُضُور پر نازل ہُوا اَور آسمان سے ایک آواز آئی: ”تُو میرا پیارا بیٹا ہے، جِس سے میں مَحَبّت کرتا ہُوں؛ تُم سے میں بہت خُوش ہُوں۔“
23جَب یِسوعؔ نے اَپنا کام شروع کیا تو وہ تقریباً تیس بَرس کے تھے۔ اُنہیں یُوسیفؔ کا بیٹا سمجھا جاتا تھا،
جو عیلیؔ کا بیٹا تھا، 24عیلیؔ متّاتؔ کا،
متّاتؔ لیوی کا، لیوی ملکیؔ کا،
ملکیؔ ینّایٔی کا اَور ینّایٔی یُوسیفؔ کا بیٹا تھا،
25یُوسیفؔ مَتِّتیاہؔ کا، مَتِّتیاہؔ عامُوسؔ کا،
عامُوسؔ ناحُومؔ کا، ناحُومؔ اِیسلیؔ کا،
اِیسلیؔ نُوگہَؔ کا بیٹا تھا، 26اَور نُوگہَؔ ماعتؔ کا،
ماعتؔ مَتِّتیاہؔ کا، مَتِّتیاہؔ شِمعیؔ کا،
شِمعیؔ یوسیخؔ کا، یوسیخؔ یوداہؔ کا بیٹا تھا،
27یوداہؔ یُونانؔ کا، یُونانؔ ریساؔ کا،
ریساؔ زرُبّابِیل کا، زرُبّابِیل شیالتی ایل کا،
اَور شیالتی ایل نیریؔ کا، 28نیریؔ ملکیؔ کا،
ملکیؔ ادّیؔ کا، ادّیؔ قوسامؔ کا،
قوسامؔ اِلمودامؔ کا، اِلمودامؔ عیرؔ کا بیٹا تھا،
29عیرؔ یہوشُعؔ کا، یہوشُعؔ الیعزرؔ کا،
الیعزرؔ یوریمؔ کا، یوریمؔ متّاتؔ کا،
اَور متّاتؔ لیوی کا بیٹا تھا، 30لیوی شمعُونؔ کا،
شمعُونؔ یہُوداہؔ کا، یہُوداہؔ یُوسیفؔ کا،
یُوسیفؔ یُونامؔ کا، اَور یُونامؔ اِلیاقیؔم کا بیٹا تھا،
31اِلیاقیؔم میلیؔا کا، میلیؔا منّاہؔ کا،
منّاہؔ متتّاہؔ کا، متتّاہؔ ناتنؔ کا،
ناتنؔ داویؔد کا بیٹا تھا، 32داویؔد یِشائی کا،
یِشائی عوبیدؔ کا، عوبیدؔ بُوعزؔ کا،
بُوعزؔ سَلمونؔ کا، سَلمونؔ نحسُونؔ کا بیٹا تھا،
33اَور نحسُونؔ عَمّیندابؔ کا، عَمّیندابؔ آرام کا،
آرام اَرنی کا، اَرنی حصرونؔ کا، حصرونؔ فارصؔ کا،
فارصؔ یہُوداہؔ کا بیٹا تھا، 34اَور یہُوداہؔ یعقوب کا،
یعقوب اِصحاقؔ کا، اِصحاقؔ اَبراہامؔ کا،
اَبراہامؔ تیراحؔ کا، اَور تیراحؔ نحُوؔر کا بیٹا تھا،
35نحُوؔر سِروگ کا، سِروگ رِعوؔ کا،
رِعوؔ فَلج کا، فَلج عِبرؔ کا
عِبرؔ شِلحؔ کا بیٹا تھا، 36اَور شِلحؔ قینانؔ کا،
قینانؔ اَرفکسَدؔ کا، اَرفکسَدؔ سِمؔ کا،
سِمؔ نُوح کا، نُوح لمکؔ کا بیٹا تھا۔
37اَور لمکؔ متُوسِلحؔ کا، متُوسِلحؔ حنوخؔ کا،
حنوکؔ یاردؔ کا، یاردؔ مہلل ایل کا،
مہلل ایل قینانؔ کا بیٹا تھا، 38اَور قینانؔ انُوشؔ کا،
انُوشؔ شیتؔ کا، شیتؔ آدمؔ کا،
اَور آدمؔ خُدا کا بیٹا تھا۔

Currently Selected:

لُوقا 3: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in