YouVersion Logo
Search Icon

اِفِسیوں 6

6
1بچّو! خُداوؔند میں اَپنے والدین کے فرمانبردار رہو، کیونکہ یہ مُناسب ہے۔ 2”اَپنے باپ اَور ماں کی عزّت کرنا“ اُس وعدہ کے ساتھ یہ پہلا حُکم بھی ہے 3”تاکہ تمہارا بھلا ہو اَور زمین پر تمہاری عمر دراز ہو۔“#6‏:3 خُرو 20‏:12‏؛ اِست 5‏:16‏‏
4اَولاد والو! تُم اَپنے بچّوں کو غُصّہ نہ دِلاؤ؛ بَلکہ، اُنہیں اَیسی تربّیت اَور نصیحت دے کر اُن کی پرورش کرو جو خُداوؔند کو پسند ہو۔
5خادِموں! اَپنے دُنیوی مالکوں کی صدق دِلی سے ڈرتے اَور کانپتے ہویٔے، اَیسی فرمانبرداری کرو جَیسی المسیح کی کرتے ہو۔ 6آدمیوں کو خُوش کرنے والوں کی طرح محض دِکھاوے کے لیٔے خدمت نہ کرو، بَلکہ اُسے خُوش دِلی سے اَنجام دو گویا تُم المسیح کے خادِم ہو، اَور خُدا کی مرضی بجا لا رہے ہو۔ 7اَور خدمت کو آدمیوں کا نہیں، بَلکہ خُداوؔند کا کام سمجھ کر، اُسے جی جان سے کرو۔ 8کیونکہ تُم جانتے ہو کہ جو کویٔی اَچھّا کام کرےگا، خواہ وہ غُلام ہو یا آزاد، خُداوؔند سے اُس کا اجر پایٔےگا۔
9مالِکو! تُم بھی اَپنے خادِموں سے اِسی قِسم کا سلُوک کرو۔ اُنہیں دھمکیاں دینا چھوڑ دو کیونکہ تُم جانتے ہو کہ اُن کا اَور تمہارا دونوں کا مالک آسمان پر ہے، اَور اُس کے یہاں کسی کی طرفداری نہیں ہوتی۔
رُوحانی جنگ کے ہتھیار
10آخِری بات یہ ہے کہ تُم خُداوؔند میں اَور اُس کی قُوّت سے معموُر ہوکر مضبُوط بَن جاؤ۔ 11خُدا کے دئیے ہویٔے تمام ہتھیاروں سے لیس ہو جاؤ، تاکہ تُم اِبلیس کے منصُوبوں کا مُقابلہ کر سکو۔ 12کیونکہ ہمیں خُون اَور گوشت یعنی اِنسان سے نہیں، بَلکہ تاریکی کی دُنیا کے حُکمران، اِختیار والوں، اَور شرارت کی رُوحانی فَوجوں سے لڑنا ہے جو آسمانی مقاموں میں ہیں۔ 13چنانچہ تُم خُدا کے تمام ہتھیار باندھ کر تیّار ہو جاؤ، تاکہ جَب اُن کے حملہ کرنے کا بُرا دِن آئے، تو تُم اُن کا مُقابلہ کر سکو، اَور اُنہیں پُوری طرح شِکست دے کر قائِم بھی رہ سکو۔ 14اِس مقصد کے لیٔے تُم سچّائی سے اَپنی کمر کِس لو، خُدا کی راستبازی کا بکتر پہن لو۔ 15صُلح کی خُوشخبری کی تیّاری کے جُوتے پہن کر تیّار ہو جاؤ۔ 16اَور اِن کے علاوہ ایمان کی سِپر اُٹھائے رکھو، تاکہ اُس سے تُم شیطان کے سارے آتِشی تیروں کو بُجھا سکو۔ 17اَور نَجات کا بکتر اَور رُوح کی تلوار کو، جو خُدا کا کلام ہے لے لو۔
18پاک رُوح کی ہدایت سے ہر وقت مِنّت اَور دعا کرتے رہو، اَور اِس غرض سے جاگتے رہو تاکہ سَب مُقدّسین کے لیٔے بلاناغہ دعا کر سکو۔ 19میرے لیٔے بھی دعا کرو، تاکہ جَب کبھی مُجھے بولنے کا موقع ملے، تو مُجھے پیغام سُنانے کی تَوفیق ہو اَور مَیں خُوشخبری کے بھید کو دِلیری سے ظاہر کر سکوں، 20اِس خُوشخبری کی خاطِر میں زنجیر سے جکڑا ہُوا ایلچی ہُوں۔ دعا کرو کہ میں اَیسی دِلیری سے اُسے بَیان کروں، جَیسا مُجھ پر فرض ہے۔
سلام و مُبارکبادی
21تُخِکسؔ جو عزیز مسیحی بھایٔی اَور خُداوؔند میں وفادار خادِم ہے، تُمہیں سَب کچھ بتا دے گا، تاکہ تُم میری نظر بندی کے حالات سے واقف ہو جاؤ۔ 22میں اُسے تمہارے پاس اِس غرض سے بھیج رہا ہُوں، وہ تُمہیں ہمارے حالات سے واقف کرکے تمہارے دِلوں کو تسلّی دے سکے۔
23خُدا باپ اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی طرف سے مسیحی بھائیو اَور بہنوں کو اِطمینان حاصل ہو، وہ ایمان پر قائِم رہیں اَور آپَس میں مَحَبّت رکھیں۔
24جو ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح سے لازوال مَحَبّت رکھتے ہیں اُن سَب پر اُس کا فضل ہوتا رہے۔

Currently Selected:

اِفِسیوں 6: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in