YouVersion Logo
Search Icon

اِفِسیوں 4

4
المسیح کے جِسم میں اِتّحاد اَور پُختگی
1پس میں جو خُداوؔند کی خاطِر قَید میں ہُوں، تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ اُس مِعیار کے مُطابق زندگی گُزارو جِس کے لیٔے تُم بُلائے گیٔے تھے۔ 2ہمیشہ فروتن اَور نرم دِل ہوکر خُدا کے تابع رہو اَور صبر کے ساتھ ایک دُوسرے کی مَحَبّت میں برداشت کرو۔ 3پاک رُوح نے تُمہیں ایک کر دیا ہے اِس لیٔے کوشش کرو کہ ایک دُوسرے کے ساتھ صُلح کے بند سے بندھے رہو۔ 4بَدن ایک ہی ہے اَور پاک رُوح بھی ایک ہی ہے، جَب تُم خُدا کی طرف سے بُلائے گیٔے تو ایک ہی اُمّید رکھنے کے لیٔے بُلائے گیٔے تھے؛ 5ہمارا ایک ہی خُداوؔند، ایک ہی ایمان اَور ایک ہی پاک غُسل ہے؛ 6سَب کا خُدا ایک ہے، وُہی سَب کا باپ ہے، وُہی سَب کے اُوپر ہے، سَب کے درمیان اَور سَب کے اَندر ہے۔
7لیکن ہم میں سے ہر ایک پر المسیح کی بخشش کے اَندازہ کے مُطابق فضل کیا گیا ہے۔ 8اِسی وجہ سے کِتاب مُقدّس کا فرمان ہے:
”جَب آپ آسمان پر چڑھے،
تو قَیدیوں کو اَپنے ساتھ لے گیٔے
اَور آپ نے لوگوں کو انعامات سے نوازا۔“#4‏:8 زبُور 68‏:18‏
9(اُس کے ”آسمان پر چڑھنے سے“ کیا مُراد ہے؟ یہی کہ وہ زمین کے نیچے کے علاقہ میں بھی اُترگئے تھے؟ 10اَور یہ جو نیچے اُترا وُہی ہے جو سَب آسمانوں سے بھی بُلند مقام پر چڑھا، تاکہ ساری کائِنات کو معموُر کرے۔) 11چنانچہ المسیح نے خُود ہی بعض کو رسول، بعض کو نبی، بعض کو مُبشَّر اَور بعض کو جماعت کا پاسبان اَور بعض کو اُستاد مُقرّر کیا، 12تاکہ خُدا کے مُقدّس لوگ خدمت کرنے کے لیٔے مُکمّل طور پر تربّیت پائیں، اَور المسیح کے بَدن کی ترقّی کا باعث ہوں 13یہاں تک کہ ہم سَب کے سَب خُدا کے بیٹے کو پُورے طور پر جاننے اَور اُس پر ایمان رکھنے میں ایک ہو جایٔیں، اَور کامِل اِنسان بَن کر المسیح کے قد کے اَندازہ تک پہُنچ جایٔیں۔
14تَب ہم آئندہ کو اَیسے بچّے نہ رہیں گے کہ ہمیں ہر غلط تعلیم کی تیز ہَوا، پانی کی لہروں کی طرح اِدھر اُدھر اُچھالتی رہے اَور ہم چال باز اَور مکّار لوگوں کے گُمراہ کر دینے والے منصُوبوں کا شِکار نہ بنتے رہیں۔ 15بَلکہ ہمیں مَحَبّت کے ساتھ حق پر قائِم رہنا ہے، اَور المسیح کے ساتھ پیوستہ ہوکر بڑھتے جاناہے کیونکہ وُہی سَر ہے یعنی المسیح۔ 16المسیح کی وجہ سے بَدن کے تمام اَعضا باہم پیوستہ ہیں، اَور بَدن اَپنے ہر جوڑ کی مدد سے قائِم رہتاہے، چنانچہ جَب ہر عُضو اَپنا اَپنا کام صحیح طور پر کرتا ہے تو سارا بَدن ترقّی کرتا، اَور مَحَبّت میں بڑھتا جاتا ہے۔
نئی اِنسانیّت
17اِس لیٔے مَیں خُداوؔند کے نام کا واسطہ دے کر تُم سے کہتا ہُوں کہ آئندہ کو غَیریہُودیوں کی مانِند جو اَپنے بےہوُدہ گواہی کے خیالات کے مُطابق چلتے ہیں، زندگی نہ گزارنا۔ 18اُن کی عقل تاریک ہو گئی ہے اَور وہ اَپنی سخت دِلی کے باعث جہالت میں گِرفتار ہیں، اَور خُدا کی دی ہُوئی زندگی میں اُن کا کویٔی حِصّہ نہیں۔ 19تمام حساسیت کو کھونے کے بعد، اُنہُوں نے اَپنے آپ کو شہوت پرستی کے حوالہ کر دیا ہے، اَور وہ ہر طرح کے ناپاک کام بڑے شوق سے کرتے ہیں۔
20لیکن، تُم نے المسیح کی اَیسی تعلیم نہیں پائی 21تُم نے تو المسیح کے بارے میں سُنا ہے اَور ایمان لاکر حق کی تعلیم پائی ہے، جو خُداوؔند یِسوعؔ میں ہے، 22کہ اَپنی پُرانی فطرت کو اُس کی بُری عادتوں سمیت اُتار ڈالو جو بُری خواہشوں کے فریب میں آکر بگڑتی چلی جا رہی ہے؛ 23اِس لئے تمہارے دِل و دماغ رُوحانی ہو جانے سے تُم نئے اِنسان بنتے چلے جاؤ؛ 24تُم نئی اِنسانیّت کو پہن لو، جو خُدا کے مُطابق خُدا کی سچّائی کے اثر سے راستبازی اَور پاکیزگی کی حالت میں پیدا کی گئی ہے۔
25پس جھُوٹ بولنا چھوڑکر ہر شخص اَپنے پڑوسی سے سچ بولے، کیونکہ ہم سَب ایک ہی بَدن کے اَعضا ہیں۔ 26”غُصّہ تو کرو مگر تُم گُناہ سے باز رہو،“#4‏:26 زبُور 4‏:4‏ اَور تمہارا غُصّہ سُورج کے ڈُوبنے تک باقی نہیں رہنا چاہیے، 27اِبلیس کو فائدہ اُٹھانے کا موقع مت دو۔ 28چوری کرنے والا آئندہ چوری نہ کرے، بَلکہ کویٔی اَچھّا پیشہ اِختیار کرکے اَپنے ہاتھوں سے محنت کرے، تاکہ مُحتاجوں کی مدد کرنے کے لیٔے اُس کے پاس کچھ ہو۔
29تمہارے مُنہ سے کویٔی بُری بات نہ نکلے، بَلکہ اَچھّی بات ہی نکلے جو ضروُرت کے مُوافق ترقّی کا باعث ہو، تاکہ سُننے والوں پر فضل ہو۔ 30خُدا کے پاک رُوح کو رنجیدہ مت کرو، کیونکہ خُدا نے تُم پر مُہر لگائی ہے کہ تُم اِنصاف کے دِن مخلصی پا سکو۔ 31ہر قِسم کا کینہ، قہر، غُصّہ، تکرار اَور کُفر، ساری دُشمنی سمیت اَپنے سے دُور کر دو۔ 32اَور ہر ایک کے ساتھ مہربانی اَور نرم دِلی سے پیش آؤ، جِس طرح خُدا نے المسیح میں تمہارے قُصُور مُعاف کیٔے ہیں، تُم بھی ایک دُوسرے کے قُصُور مُعاف کر دیا کرو۔

Currently Selected:

اِفِسیوں 4: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in