اِفِسیوں 3
3
غَیریہُودیوں میں پَولُسؔ کی خدمت
1یہی وجہ ہے کہ میں پَولُسؔ، تُم غَیریہُودی قوموں کی خاطِر المسیح یِسوعؔ کا قَیدی ہُوں۔
2تُم نے سُنا ہوگا کہ خُدا نے مُجھے اَپنے فضل سے تمہارے لیٔے یہ تَوفیق عطا کی، 3خُدا نے یہ راز مُکاشفہ کے ذریعہ مُجھ پر ظاہر کیا، مَیں نے اِس خط کے پچھلے حِصّے میں تحریری طور پر لِکھّا ہے۔#3:3 اِفِ 2:11‑22 4اُسے پڑھ کر تُمہیں مَعلُوم ہوگا کہ میں المسیح کے راز سے کِس قدر آگاہ ہُوں۔ 5گزرے زمانوں میں یہ راز اِنسان کو اِس طرح مَعلُوم نہ ہُوا تھا، جِس طرح خُدا کے مُقدّس رسولوں اَور نبیوں پر پاک رُوح کے وسیلہ سے اَب ظاہر کیا گیا ہے۔ 6وہ راز یہ ہے کہ خُوشخبری کے وسیلہ سے غَیریہُودیوں کا یہُودیوں کے ساتھ خُدا کی مِیراث میں حِصّہ ہے، وہ ایک ہی بَدن کے اَعضا ہیں، اَور خُدا نے المسیح یِسوعؔ کے وسیلے سے جو وعدہ کیا ہے اُس میں شامل ہیں۔
7یہ خُدا کے فضل کے اِنعام کی بدولت ہے کہ اُس کی قُدرت نے مُجھ میں تاثیر کی اَور مَیں اِس خُوشخبری کا خادِم بنا۔ 8اگرچہ مَیں خُدا کے مُقدّسین میں سَب سے چھوٹا ہُوں پھر بھی مُجھ پر اُس کا یہ فضل ہُوا کہ میں غَیریہُودیوں کو المسیح کی اِس دولت کی خُوشخبری سُناؤں جو بے قیاس ہے۔ 9اَور سَب لوگوں پر رَوشن کروں کہ وہ راز جو خالقِ کائِنات میں اَزل سے پوشیدہ رکھا تھا، اُس کے ظہُور میں آنے کا کیا اِنتظام ہے۔ 10تاکہ اَب جماعت کے وسیلہ سے خُدا کی گُوناگوں حِکمت اُن حاکموں اَور صاحبِ اِختیاروں کو مَعلُوم ہو جائے، جو آسمانی مقاموں میں ہیں۔ 11یہ سَب کچھ خُدا کے اَزلی اِرادہ کے مُطابق ہُوا جسے اُس نے ہمارے المسیح یِسوعؔ میں پُورا کیا۔ 12چونکہ ہم المسیح پر ایمان لایٔے ہیں اِس لیٔے ہم بڑی دِلیری اَور پُورے بھروسے کے ساتھ خُدا کے حُضُور میں جا سکتے ہیں۔ 13لہٰذا، میں درخواست کرتا ہُوں کہ تُم میری اِن مُصیبتوں کے سبب سے، جو میں تمہاری خاطِر سَہتا ہُوں، ہِمّت نہ ہارو، کیونکہ وہ تمہارے لیٔے جلال کا باعث ہیں۔
اِفِسیوں کے لیٔے دعا
14اِس لیٔے میں آسمانی باپ کے آگے دعا کے لئے گھُٹنے ٹیکتا ہُوں، 15جِس سے زمین اَور آسمان کا ہر خاندان نامزد ہے۔ 16اَور خُدا سے دعا کرتا ہُوں کہ وہ اَپنے جلال کی دولت سے تُمہیں پاک رُوح عطا فرمائے جو اَپنی قُدرت سے تمہاری باطنی اِنسانیّت کو طاقتور بنادے۔ 17اَور درخواست کرتا ہُوں کہ تمہارے ایمان کے وسیلہ سے المسیح تمہارے دِلوں میں سکونت کرنے لگیں تاکہ تُم مَحَبّت میں جڑ پکڑ کے اَور بُنیاد قائِم کرکے، 18سَب مُقدّسین سمیت بخُوبی جان سکیں کہ المسیح کی مَحَبّت کی لمبائی، چوڑائی، اُونچائی اَور گہرائی کتنی ہے، 19اَور المسیح کی بے اِنتہا مَحَبّت کو سمجھ سکو تاکہ خُدا کی ساری معموُری تُم میں سما جائے۔
20خُدا بڑا قادر خُدا ہے، اُس کی قُدرت ہم میں تاثیر کرتی ہے، اَور وہ اُس قُدرت کے باعث ہمارے لیٔے ہمارے مانگنے یا تصوّر سے کہیں زِیادہ کر سَکتا ہے، 21جماعت میں اَور المسیح یِسوعؔ میں پُشت در پُشت، اَور اَبد تک اُن کی تمجید ہوتی رہے۔ آمین۔
Currently Selected:
اِفِسیوں 3: UCV
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.