YouVersion Logo
Search Icon

1 کُرِنتھِیوں 8

8
بُتوں کے لیٔے قُربانیاں اَور نذرانے
1اُن قُربانیوں کے بارے میں جو بُتوں کو پیش کی جاتی ہیں: میرا کہنا یہ ہے کہ ”ہم سَب علم رکھتے ہیں۔“ علم غُرور پیدا کرتا ہے لیکن مَحَبّت ترقّی بَخشتی ہے۔ 2اگر کویٔی یہ خیال کرتا ہے کہ وہ کچھ جانتا ہے تو جَیسا جاننا چاہیے وَیسا اَب تک نہیں جانتا۔ 3لیکن جو خُدا سے مَحَبّت رکھتا ہے، خُدا اُسے جانتا ہے۔
4اَب رہا یہ سوال کہ بُتوں کو پیش کی گئی قُربانیوں کا گوشت کھانا چاہیے یا نہیں: ہم سَب یہ جانتے ہیں کہ ”بُتوں کی حقیقت دُنیا میں کچھ بھی نہیں خُدا ایک ہے اَور اُس کے سِوا کویٔی خُدا نہیں۔“ 5اگرچہ آسمان میں اَور زمین پر اَور بہت سے ”خُدا“ اَور ”خُداوؔند“ مانے جاتے ہیں، 6لیکن ہمارے نَزدیک تو خُدا ایک ہی ہے، جو آسمانی باپ ہے، اَور سَب چیزوں کا خالق ہے اَور ہم اُسی کے لیٔے جیتے ہیں؛ اَور ایک ہی خُداوؔند ہے، یعنی حُضُور عیسیٰ المسیؔح جِن کے وسیلہ سے سَب چیزیں پیدا ہویٔیں اَور ہم بھی اُن ہی سے۔
7لیکن یہ علم سَب کو نہیں ہے۔ بعض لوگ اَب تک بُتوں کی پرستِش کے عادی ہیں اِس لیٔے جَب وہ قُربانی کے گوشت کو اِس خیال سے کھاتے ہیں کہ یہ کسی خُدا کی نذر کی قُربانی ہے، تو اَپنے ضمیر کی کمزوری کی وجہ سے، وہ اَپنے آپ کو ناپاک سمجھنے لگتے ہیں۔ 8لیکن کھانا ہمیں خُدا سے نہیں مِلائے گا؛ اگر ہم اُسے نہ کھایٔیں، تو ہمارا کویٔی نُقصان نہیں اَور اگر کھا لیں تو فائدہ بھی نہیں۔
9مگر خبردار رہو، اَیسا نہ ہو کہ تمہاری یہ آزادی کمزور ایمان وَالوں کے لیٔے ٹھوکر کا باعث بَن جائے۔ 10اگر کویٔی کمزور ضمیر والا تُم جَیسے صاحبِ ایمان کو بُت خانہ میں کھانا کھاتے دیکھے، تو کیا اُس کے دل میں بُتوں کی نذر کی قُربانی کو کھالینے کا حوصلہ پیدا نہ ہو جائے گا؟ 11یُوں تمہارا علم اُس کمزور بھایٔی یا بہن، کی ہلاکت کا باعث ٹھہرے گا، جسے بچانے کے لیٔے المسیؔح نے اَپنی جان، قُربان کر دی۔ 12اِس طرح تُم اَپنے مَسیحی بھایٔی اَور بہن کے کمزور ضمیر کو ٹھیس پہنچا کر، نہ صِرف اُن کے گنہگارہو گے بَلکہ المسیؔح کے بھی گنہگار ٹھہروگے۔ 13اِس لیٔے اگر میرا کھانا میرے مَسیحی بھایٔی اَور بہن کے لیٔے ٹھوکر کا باعث ہو، تو میں گوشت کبھی نہیں کھاؤں گا تاکہ اَپنے مَسیحی بھایٔی اَور بہن کے لیٔے ٹھوکر کا باعث نہ بنُوں۔

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in