1 کُرِنتھِیوں 9
9
رسولوں کے حُقُوق اَور فرائض
1کیا میں آزاد نہیں؟ کیا میں رسول نہیں؟ کیا میں نے حُضُور عیسیٰ کو نہیں دیکھا جو ہمارے خُداوؔند ہیں؟ کیاتُم خُداوؔند کے لیٔے میری خدمت کا پھل نہیں ہو؟ 2اگرمیں دُوسروں کی نظر میں رسول نہیں، تو کم اَز کم! تمہاری نظر میں تو ہُوں کیونکہ تُم خُود خُداوؔند میں میری رِسالت پر مُہر ہو۔
3جو مُجھ سے بازپُرس کرتے ہیں اُن کے لیٔے میرا جَواب یہ ہے۔ 4کیا ہمیں یہ حق حاصل نہیں کہ ہم بھی کھا پی سکیں؟ 5کیا ہمیں یہ اِختیّار نہیں کہ کسی مَسیحی بہن کو بیاہ کر اُسے اَپنی ہم سفر بنائے رکھیں جَیسا کہ دیگر رسول اَور خُداوؔند کے بھایٔی اَور کیفؔا کرتے ہیں؟ 6کیا صِرف مُجھے اَور بَرنباسؔ کو ہی محنت مشقّت سے بعض رہنے کا اِختیّار نہیں ہے؟
7کون سا سپاہی اَپنی گِرہ سے کھا کر جنگ کرتا ہے؟ کون ہے جو انگور کا باغ لگا کر انگور نہیں کھاتا؟ یا کون سا چرواہا ہے جو اَپنے گلّہ کا دُودھ نہیں پیتا؟ 8کیا میں یہ باتیں اِنسانی حیثیت سے کہتا ہُوں؟ کیا شَریعت بھی یہی نہیں کہتی؟ 9کیونکہ حضرت مُوسیٰ کی شَریعت میں لِکھّا ہے: ”گاہتے وقت بَیل کا مُنہ نہ باندھنا۔“#9:9 اِست 25:4 کیا خُدا کو بَیلوں ہی کی پروا ہے؟ 10کیا وہ خاص طور پر یہ ہمارے لیٔے نہیں کہتا؟ ہاں، یہ ہمارے لیٔے لِکھّا گیا کیونکہ جوتنے والا اِس اُمّید پر جوتتا ہے اَور گاہنے والا اِس اُمّید پر گاہتا ہے کہ اُنہیں فصل کا کچھ حِصّہ ضروُر ملے گا۔ 11اگر ہم نے تمہارے فائدہ کے لیٔے رُوحانی بیج بویا تو کیا یہ کویٔی بڑی بات ہے کہ ہم تمہاری جِسمانی چیزوں کی فصل کاٹیں؟ 12جَب اَوروں کو یہ حق حاصل ہے کہ تُم سے کچھ حاصل کریں، تو کیا ہمارا حق اُن سے زِیادہ نہ ہوگا؟
لیکن ہم نے اِس حق سے فائدہ نہ اُٹھایا بَلکہ سَب کچھ برداشت کرتے رہے تاکہ ہماری وجہ سے المسیؔح کی خُوشخبری کی تبلیغ میں رُکاوٹ پیدا نہ ہو۔
13کیاتُم نہیں جانتے کہ جو بیت المُقدّس میں خدمت کرتے ہیں، وہ وہیں سے کھاتے ہیں؟ اَورجو قُربان گاہ پر قُربانیاں چڑھانے کی خدمت کرتے ہیں وہ اُن قُربانیوں کا کچھ حِصّہ لیتے ہیں؟ 14اِسی طرح خُداوؔند نے بھی مُقرّر کیا ہے کہ جو انجیل کی مُنادی کرتے ہیں وہ انجیل ہی کے وسیلہ سے گزارہ کریں۔
15اِس کے باوُجُود میں نے اِن میں سے کسی بھی حق کا کبھی فائدہ نہیں اُٹھایا اَور نہ ہی اِس خیال سے لِکھ رہا ہُوں کہ اَب فائدہ اُٹھاؤں، میں مَرجانا بہتر سمجھتا ہُوں بجائے اِس کے کسی کا اِحسَان لے کر اَپنا فخر کھو دُوں۔ 16اگرمیں انجیل کی مُنادی کرتا ہُوں، تو اِس لیٔے نہیں کہ شیخی بگھارُوں، کیونکہ یہ تو میرا فرض ہے۔ بَلکہ مُجھ پر افسوس! اگرمیں انجیل کی مُنادی نہ کروں۔ 17اگرمیں اَپنی مرضی سے مُنادی کرتا ہُوں، تو اجر پانے کی اُمّید بھی رکھتا ہُوں؛ لیکن اگر اَپنی مرضی سے نہیں، تو یُوں سمجھ لو کہ خُدا نے مُجھے انجیل سُنانے کا اِختیّار بَخشا ہُواہے۔ 18اِس صورت میں میرا اجر کیا ہے؟ محض یہ کہ انجیل کی مُنادی بالکُل مُفت کرکے فخر کر سکوں اَور اُس حق کا فائدہ نہ اُٹھاؤں جو انجیل نے مُجھے دے رکھا ہے۔
پَولُسؔ کا آزادی کا اِستعمال
19اگرچہ میں آزاد ہُوں اَور کسی کا غُلام نہیں پھر بھی میں نے اَپنے آپ کو سَب کا غُلام بنا رکھا ہے تاکہ زِیادہ سے زِیادہ لوگوں کو المسیؔح کے پاس لا سکوں۔ 20میں یہُودیوں میں یہُودی بنا تاکہ یہُودیوں کو المسیؔح کے لیٔے جیت سکوں۔ اہلِ شَریعت کے لیٔے شَریعت والا بنا تاکہ اہلِ شَریعت کو جیت سکوں حالانکہ میں خُود شَریعت کا پابند نہیں۔ 21جو لوگ شَریعت نہیں رکھتے، میں اُن کے لیٔے بےشَرع بنا تاکہ بے شَرع لوگوں کو جیت سکوں (میں خُدا کی نظر میں بےشَرع نہیں تھا بَلکہ المسیؔح کی شَریعت کے تابع تھا) 22کمزوروں کی خاطِر کمزور بنا تاکہ کمزوروں کو جیت سکوں۔ میں سَب لوگوں کی خاطِر سَب کچھ بنا ہُوا ہُوں تاکہ کسی نہ کسی طرح بعض کو بچا سکوں۔ 23میں یہ سَب کچھ انجیل کی خاطِر کرتا ہُوں تاکہ اُس کی برکتوں میں شریک ہو سکوں۔
ذاتی نظم و ضَبط کے متعلّق
24کیاتُم نہیں جانتے کہ دَوڑ کے میدان میں مُقابلہ کے لیٔے سَب ہی دَوڑتے ہیں لیکن اِنعام ایک ہی پاتاہے۔ تُم بھی اَیسے دَوڑو کہ جیت سکو۔ 25کھیلوں کے مُقابلہ میں حِصّہ لینے والا ہر کھِلاڑی ہر طرح کی احتیاط برتتا ہے۔ وہ لوگ ایک فانی تاج پانے کے لیٔے اَیسا کرتے ہیں۔ لیکن ہم اُس تاج کے لیٔے اَیسا کرتے ہیں جو غَیر فانی ہے۔ 26میں بھی جیتنے کا مقصد سامنے رکھ کر دَوڑتا ہُوں اَور مُکّے باز کی طرح لڑتا ہُوں، ہَوا کو مارنے والے کی طرح نہیں۔ 27بَلکہ میں اَپنے بَدن کو مارتا، پیٹتا اَور اُسے قابُو میں رکھتا ہُوں تاکہ اَیسا نہ ہو کہ دُوسروں کو تبلیغ کرنے کے بعد میں خُود اِنعام سے محروم رہ جاؤں۔
Currently Selected:
1 کُرِنتھِیوں 9: UCV
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.