۲-سلاطِین 5
5
نعمان کوڑھی کو شِفا مِلتی ہے
1اور شاہِ اراؔم کے لشکر کا سردار نعماؔن اپنے آقا کے نزدِیک مُعزّز و مُکرّم شخص تھا کیونکہ خُداوند نے اُس کے وسِیلہ سے اراؔم کو فتح بخشی تھی۔ وہ زبردست سُورما بھی تھا لیکن کوڑھی تھا۔ 2اور ارامی دَل باندھ کر نِکلے تھے اور اِسرائیلؔ کے مُلک میں سے ایک چھوٹی لڑکی کو اسِیر کر کے لے آئے تھے۔ وہ نعماؔن کی بِیوی کی خِدمت کرتی تھی۔ 3اُس نے اپنی بی بی سے کہا کاش میرا آقا اُس نبی کے ہاں ہوتا جو سامرِؔیہ میں ہے تو وہ اُسے اُس کے کوڑھ سے شِفا دے دیتا۔ 4سو کِسی نے اندر جا کر اپنے مالِک سے کہا وہ چھوکری جو اِسرائیلؔ کے مُلک کی ہے اَیسا اَیسا کہتی ہے۔ 5سو اراؔم کے بادشاہ نے کہا تُو جا اور مَیں شاہِ اِسرائیلؔ کو خط بھیجُوں گا۔
سو وہ روانہ ہُؤا اور دس قِنطار چاندی اور چھ ہزار مِثقال سونا اور دس جوڑے کپڑے اپنے ساتھ لے لِئے۔ 6اور وہ اُس خط کو شاہِ اِسرائیلؔ کے پاس لایا جِس کا مضمُون یہ تھا کہ یہ نامہ جب تُجھ کو مِلے تو جان لینا کہ مَیں نے اپنے خادِم نعماؔن کو تیرے پاس بھیجا ہے تاکہ تُو اُس کے کوڑھ سے اُسے شِفا دے۔
7جب شاہِ اِسرائیلؔ نے اُس خط کر پڑھا تو اپنے کپڑے پھاڑ کر کہا کیا مَیں خُدا ہُوں کہ مارُوں اور جِلاؤُں جو یہ شخص ایک آدمی کو میرے پاس بھیجتا ہے کہ اُس کو کوڑھ سے شِفا دُوں؟ سو اب ذرا غَور کرو۔ دیکھو کہ وہ کِس طرح مُجھ سے جھگڑنے کا بہانہ ڈُھونڈتا ہے۔
8جب مَردِ خُدا الِیشع نے سُنا کہ شاہِ اِسرائیلؔ نے اپنے کپڑے پھاڑے تو بادشاہ کو کہلا بھیجا تُو نے اپنے کپڑے کیوں پھاڑے؟ اب اُسے میرے پاس آنے دے اور وہ جان لے گا کہ اِسرائیلؔ میں ایک نبی ہے۔
9سو نعماؔن اپنے گھوڑوں اور رتھوں سمیت آیا اور الِیشع کے گھر کے دروازہ پر کھڑا ہُؤا۔ 10اور الِیشع نے ایک قاصِد کی معرفت کہلا بھیجا جا اور یَردؔن میں سات بار غوطہ مار تو تیرا جِسم پِھر بحال ہو جائے گا اور تُو پاک صاف ہو گا۔ 11پر نعماؔن ناراض ہو کر چلا گیا اور کہنے لگا مُجھے گُمان تھا کہ وہ نِکل کر ضرُور میرے پاس آئے گا اور کھڑا ہو کر خُداوند اپنے خُدا سے دُعا کرے گا اور اُس جگہ کے اُوپر اپنا ہاتھ اِدھر اُدھر ہِلا کر کوڑھی کو شِفا دے گا۔ 12کیا دمشق کے دریا ابانہ اور فرفر اِسرائیلؔ کی سب ندیوں سے بڑھ کر نہیں ہیں؟ کیا مَیں اُن میں نہا کر پاک صاف نہیں ہو سکتا؟ سو وہ مُڑا اور بڑے قہر میں چلا گیا۔
13تب اُس کے مُلازِم پاس آ کر اُس سے یُوں کہنے لگے اَے ہمارے باپ اگر وہ نبی کوئی بڑا کام کرنے کا حُکم تُجھے دیتا تو کیا تُو اُسے نہ کرتا۔ پس جب وہ تُجھ سے کہتا ہے کہ نہا لے اور پاک صاف ہو جا تو کِتنا زِیادہ اِسے ماننا چاہِئے؟ 14تب اُس نے اُتر کر مَردِ خُدا کے کہنے کے مُطابِق یَردؔن میں سات غوطے مارے اور اُس کا جِسم چھوٹے بچّے کے جِسم کی مانِند ہو گیا اور وہ پاک صاف ہُؤا۔ 15پِھر وہ اپنی جلَو کے سب لوگوں سمیت مَردِ خُدا کے پاس لَوٹا اور اُس کے سامنے کھڑا ہُؤا اور کہنے لگا کہ دیکھ اب مَیں نے جان لِیا کہ اِسرائیلؔ کو چھوڑ اَور کہِیں رُویِ زمِین پر کوئی خُدا نہیں۔ اِس لِئے اب کرم فرما کر اپنے خادِم کا ہدیہ قبُول کر۔
16لیکن اُس نے جواب دِیا خُداوند کی حیات کی قَسم جِس کے آگے مَیں کھڑا ہُوں مَیں کُچھ نہیں لُوں گا اور
اُس نے اُس سے بُہت اِصرار کِیا کہ لے پر اُس نے اِنکار کِیا۔ 17تب نعماؔن نے کہا اچّھا تو مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ تیرے خادِم کو دو خچّروں کا بوجھ مِٹّی دی جائے کیونکہ تیرا خادِم اب سے آگے کو خُداوند کے سِوا کِسی غَیر معبُود کے حضُور نہ تو سوختنی قُربانی نہ ذبِیحہ چڑھائے گا۔ 18پر اِتنی بات میں خُداوند تیرے خادِم کو مُعاف کرے کہ جب میرا آقا پرستِش کرنے کو رِمّوؔن کے مندِر میں جائے اور وہ میرے ہاتھ پر تکیہ کرے اور مَیں رِمّوؔن کے مندِر میں سرنگُون ہوؤُں تو جب مَیں رِمّوؔن کے مندِر میں سرنگُون ہوؤُں تو خُداوند اِس بات میں تیرے خادِم کو مُعاف کرے۔
19اُس نے اُس سے کہا سلامت جا۔
سو وہ اُس سے رُخصت ہو کر تھوڑی دُور نِکل گیا۔ 20لیکن اُس مردِ خُدا الِیشع کے خادِم جیحازؔی نے سوچا کہ میرے آقا نے ارامی نعماؔن کو یُوں ہی جانے دِیا کہ جو کُچھ وہ لایا تھا اُس سے نہ لِیا سو خُداوند کی حیات کی قَسم مَیں اُس کے پِیچھے دَوڑ جاؤُنگا اور اُس سے کُچھ نہ کُچھ لُوں گا۔ 21سو جیحازؔی نعماؔن کے پِیچھے چلا۔ جب نعماؔن نے دیکھا کہ کوئی اُس کے پِیچھے دَوڑا آ رہا ہے تو وہ اُس سے مِلنے کو رتھ پر سے اُترا اور کہا خَیر تو ہے؟
22اُس نے کہا سب خَیر ہے۔ میرے مالِک نے مُجھے یہ کہنے کو بھیجا ہے کہ دیکھ انبیا زادوں میں سے ابھی دو جوان اِفرائِیم کے کوہستانی مُلک سے میرے پاس آ گئے ہیں سو ذرا ایک قِنطار چاندی اور دو جوڑے کپڑے اُن کے لِئے دیدے۔
23نعماؔن نے کہا خُوشی سے دو قِنطار لے اور وہ اُس سے بجِّد ہُؤا اور اُس نے دو قِنطار چاندی دو تَھیلِیوں میں باندھی اور دو جوڑے کپڑوں سمیت اُن کو اپنے دو نَوکروں پر لادا اور وہ اُن کو لے کر اُس کے آگے آگے چلے۔ 24اور اُس نے ٹِیلے پر پُہنچ کر اُن کے ہاتھ سے اُن کو لے لِیا اور گھر میں رکھ دِیا اور اُن مَردوں کو رُخصت کِیا۔ سو وہ چلے گئے۔ 25لیکن آپ اندر جا کر اپنے آقا کے حضُور کھڑا ہو گیا۔ الِیشع نے اُس سے کہا جیحازؔی تُو کہاں سے آ رہا ہے؟
اُس نے کہا تیرا خادِم تو کہِیں نہیں گیا تھا۔
26اُس نے اُس سے کہا کیا میرا دِل اُس وقت تیرے ساتھ نہ تھا جب وہ شخص تُجھ سے مِلنے کو اپنے رتھ پر سے لَوٹا؟ کیا رُوپَے لینے اور پوشاک اور زَیتُون کے باغوں اور تاکِستانوں اور بھیڑوں اور بَیلوں اور غُلاموں اور لَونڈِیوں کے لینے کا یہ وقت ہے؟ 27اِس لِئے نعماؔن کا کوڑھ تُجھے اور تیری نسل کو سدا لگا رہے گا۔
سو وہ برف سا سفید کوڑھی ہو کر اُس کے سامنے سے چلا گیا۔
Currently Selected:
۲-سلاطِین 5: URD
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.