متّی 9

9
حُضُور یِسوعؔ کا ایک مفلُوج کو شفا اَور گُناہوں سے مُعافی بخشنا
1یِسوعؔ کشتی میں سوار ہوکر جھیل پار کرکے اَپنے شہر میں تشریف لایٔے۔ 2اَور کُچھ لوگ ایک مفلُوج کو جو بچھونے پر پڑا ہُوا تھا حُضُور کے پاس لایٔے۔ جَب یِسوعؔ نے اُن کا ایمان دیکھا تو اُس مفلُوج سے فرمایا، ”بیٹا، اِطمینان رکھ؛ تیرے گُناہ مُعاف ہویٔے۔“
3اِس پر بعض عُلمائے شَریعت اَپنے دِل میں کہنے لگے، ”یہ تو کُفر بَکتا ہے۔“
4یِسوعؔ نے اُن کے خیالات جانتے ہُوئے فرمایا، ”تُم اَپنے دِلوں میں بُری باتیں کیوں سوچتے ہو؟ 5یہ کہنا زِیادہ آسان ہے: ’تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے،‘ یا ’یہ کہنا کہ اُٹھ اَور چل پھر‘؟ 6لیکن مَیں چاہتا ہُوں کہ تُمہیں مَعلُوم ہو کہ اِبن آدمؔ کو زمین پر گُناہ مُعاف کرنے کا اِختیار ہے۔“ حُضُور نے مفلُوج سے کہا، ”مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، اُٹھ اَور اَپنا بچھونا اُٹھاکر اَپنے گھر چلا جا۔“ 7تَب وہ اُٹھا اَور اَپنے گھر چلا گیا۔ 8جَب لوگوں نے یہ ہُجوم دیکھا، تو خوفزدہ ہو گئے؛ اَور خُدا کی تمجید کرنے لگے، جِس نے اِنسان کو اَیسا اِختیار بخشا ہے۔
حضرت متّی کا بُلایا جانا
9وہاں سے آگے بڑھنے پر یِسوعؔ نے متّیؔ نام کے ایک شخص کو محصُول کی چوکی پر بیٹھے دیکھا اَور حُضُور نے اُس سے فرمایا، ”میرے پیروکار ہو جاؤ،“ اَور حضرت متّی اُٹھے اَور آپ کے پیچھے چل دئیے۔
10جَب یِسوعؔ حضرت متّی کے گھر میں کھانا کھانے بیٹھے تو کیٔی محصُول لینے والے اَور گُنہگار آکر یِسوعؔ اَور اُن کے شاگردوں کے ساتھ کھانا کھانے بیٹھے۔ 11جَب فریسیوں نے یہ دیکھا تو یِسوعؔ کے شاگردوں سے پُوچھا، ”تمہارا اُستاد محصُول لینے والوں اَور گُنہگاروں کے ساتھ کیوں کھاتا ہے؟“
12یِسوعؔ نے یہ سُن کر جَواب دیا، ”بیماریوں کو طبیب کی ضروُرت ہوتی ہے، صحت مندوں کو نہیں۔ 13مگر تُم جا کر اِس بات کا مطلب دریافت کرو: ’میں قُربانی سے زِیادہ رحم دِلی کو پسند کرتا ہُوں۔‘#9‏:13 ہوش 6‏:6‏‏ کیونکہ مَیں راستبازوں کو نہیں، لیکن گُنہگاروں کو اَپنا پیروکار ہونے کے واسطے بُلانے آیا ہُوں۔“
حُضُور یِسوعؔ سے روزہ کی بابت سوال کرنا
14اُس وقت یُوحنّا کے شاگردوں نے حُضُور کے پاس آکر پُوچھا، ”کیا وجہ ہے کہ ہم اَور فرِیسی تو اکثر روزہ رکھتے ہیں لیکن آپ کے شاگرد روزہ نہیں رکھتے؟“
15یِسوعؔ نے اُنہیں جَواب دیا، ”کیا براتی دُلہا کی مَوجُودگی میں ماتم کر سکتے ہیں؟ لیکن وہ وقت بھی آئے گا جَب دُلہا اُن سے جُدا کیا جائے گا؛ تَب وہ روزہ رکھیں گے۔
16”پُرانی پوشاک پر نئے کپڑے کا پیوند کویٔی نہیں لگاتا کیونکہ نیا کپڑا اُس پُرانی پوشاک میں سے کُچھ کھینچ لیتا ہے اَور پوشاک زِیادہ پھٹ جاتی ہے۔ 17اِسی طرح نئے انگوری شِیرے کو بھی پُرانی مَشکوں میں نہیں بھرتا ورنہ مَشکیں پھٹ جایٔیں گی اَور انگوری شِیرے کے ساتھ مَشکیں بھی برباد ہو جایٔیں گی۔ لہٰذا نئے انگوری شِیرے کو نئی مَشکوں ہی میں بھرنا چاہئے تاکہ دونوں سلامت رہیں۔“
حُضُور یِسوعؔ کا مُردہ لڑکی کو زندہ اَور بیمار خاتُون کو شفا بخشنا
18یِسوعؔ جَب یہ باتیں کہہ ہی رہے تھے، تبھی یہُودی عبادت گاہ کا ایک رہنما آیا اَور حُضُور کو سَجدہ کرکے مِنّت کرنے لگا، ”میری بیٹی ابھی ابھی مَری ہے لیکن حُضُور آپ چل کر اَپنا ہاتھ اُس پر رکھ دیں، تو وہ زندہ ہو جائے گی۔“ 19یِسوعؔ اُٹھے اَور فوراً اَپنے شاگردوں کے ساتھ اُس شخص کے ساتھ چل دئیے۔
20اَور اَیسا ہُوا کہ ایک خاتُون نے جسے بَارہ بَرس سے خُون بہنے کی اَندرونی بیماری تھی، اُس نے یِسوعؔ کے پیچھے سے آکر یِسوعؔ کی پوشاک کا کنارہ چھُوا۔ 21کیونکہ وہ اَپنے دِل میں یہ کہتی تھی، ”اگر مَیں صِرف یِسوعؔ کی پوشاک کا کنارہ ہی چھُو لُوں گی تو شفا پا جاؤں گی۔“
22یِسوعؔ نے مُڑ کر اُسے دیکھا اَور فرمایا، ”بیٹی! اِطمینان رکھ، تمہارے ایمان نے تُمہیں شفا بخشی۔“ اَور وہ خاتُون اُسی گھڑی اَچھّی ہو گئی۔
23اَور جَب یِسوعؔ عبادت گاہ کے رہنما کے گھر پہُنچے تو لوگوں کے ہُجوم کو بانسری بجاتے اَور ماتم کرتے دیکھا۔ 24یِسوعؔ نے فرمایا، ”ہٹ جاؤ! لڑکی مَری نہیں لیکن سو رہی ہے۔“ لیکن وہ حُضُور پر ہنسنے لگے۔ 25مگر جَب ہُجوم کو وہاں سے نکال دیا گیا تو یِسوعؔ نے اَندر جا کر لڑکی کا ہاتھ پکڑکر جگایا اَور وہ اُٹھ بیٹھی۔ 26اَور اِس بات کی خبر اُس تمام علاقہ میں پھیل گئی۔
حُضُور یِسوعؔ کا اَندھے اَور گُونگے کو شفا بخشنا
27یِسوعؔ جَب وہاں سے آگے روانہ ہویٔے تو دو اَندھے آپ کے پیچھے یہ چِلاّتے ہویٔے آ رہے تھے، ”اَے اِبن داویؔد! ہم پر رحم فرمائیے۔“
28اَور جَب یِسوعؔ گھر میں داخل ہویٔے تو وہ اَندھے بھی اُن کے پاس آئے اَور یِسوعؔ نے اُن سے پُوچھا، ”کیا تُمہیں یقین ہے کہ میں تُمہیں شفا دے سَکتا ہُوں؟“
اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ہاں خُداوؔند۔“
29تَب یِسوعؔ نے اُن کی آنکھوں کو چھُوا اَور فرمایا، ”تمہارے ایمان کے مُطابق تُمہیں شفا ملے۔“ 30اَور اُن کی آنکھوں میں رَوشنی آ گئی۔ یِسوعؔ نے اُنہیں تاکیداً خبردار کرتے ہویٔے فرمایا، ”دیکھو یہ بات کسی کو مَعلُوم نہ ہونے پایٔے۔“ 31لیکن اُنہُوں نے باہر نکل کر اُس تمام علاقہ میں حُضُور کی شہرت پھیلا دی۔
32جَب وہ باہر جا رہے تھے تو لوگ ایک گُونگے کو جِس میں بدرُوح کا سایہ تھا، یِسوعؔ کے پاس لایٔے۔ 33جَب بدرُوح اُس میں سے نکال دی گئی تو گُونگا بولنے لگا۔ یہ دیکھ کر ہُجوم کو بڑا تعجُّب ہُوا اَور وہ کہنے لگے، ”اَیسا واقعہ تو اِسرائیلؔ میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔“
34لیکن فریسیوں نے کہا، ”یہ تو بدرُوحوں کے رہنما کی مدد سے بدرُوحوں کو نکالتا ہے۔“
مزدُوروں کی سخت ضروُرت
35یِسوعؔ سَب شہروں اَور گاؤں میں جا کر اُن کے یہُودی عبادت گاہوں میں تعلیم دیتے، اَور آسمانی بادشاہی کی خُوشخبری کی مُنادی کرتے رہے، اَور لوگوں کی ہر قِسم کی بیماری اَور کمزوریوں کو شفا بخشتے رہے۔ 36اَور جَب آپ نے ہُجوم کو دیکھا، تو آپ کو اُن پر بڑا ترس آیا، کیونکہ وہ لوگ اُن بھیڑوں کی مانِند بےبس اَور خستہ حال تھے جِن کا کویٔی گلّہ بان نہ ہو۔ 37تَب حُضُور نے اَپنے شاگردوں سے فرمایا، ”فصل تو بہت ہے، لیکن مزدُور کم ہیں۔ 38اِس لیٔے فصل کے خُداوؔند سے اِلتجا کرو کہ، وہ اَپنی فصل کاٹنے کے لیٔے مزدُور بھیج دے۔“

目前选定:

متّی 9: UCV

高亮显示

分享

复制

None

想要在所有设备上保存你的高亮显示吗? 注册或登录