زکریاہ 1:1-17

زکریاہ 1:1-17 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

داریاویشؔ کے دُوسرے بَرس کے آٹھویں مہینے میں یَاہوِہ کا کلام نبی زکریاؔہ بِن بیرکیاہ بِن عِدّوؔ پر نازل ہُوا۔ ”یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد سے سخت ناراض تھے۔ اِس لیٔے اِن لوگوں کو بتاؤ، قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، تُم میری طرف رُجُوع لاؤ، قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں تو مَیں بھی تمہاری طرف رُجُوع ہُوں گا۔ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ تُم اَپنے آباؤاَجداد کی مانند نہ بنو جِن سے اگلے نبیوں نے بہ آواز بُلند فرمایا تھا: قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ’تُم اَپنی بُری روِش اَور بُرے اعمال سے باز آؤ،‘ لیکن اُنہُوں نے نہیں سُنا اَور میری طرف مُتوجّہ نہیں ہُوئے، یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے اَب تمہارے آباؤاَجداد اَور نبی کہاں ہیں؟ کیا وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں؟ لیکن کیا میرا کلام اَور میرے قوانین جو مَیں نے اَپنے خدمت گذار نبیوں کو دیئے تھے، کیا وہ تمہارے آباؤاَجداد کی وفات کے بعد بھی قائِم نہیں ہیں؟ ”تَب اُنہُوں نے تَوبہ کی اَور کہا، یَاہوِہ قادرمُطلق نے اَپنے اِرادے کے مُطابق ہماری روِش اَور ہمارے اعمال کے مُوافق ہم سے صحیح سلُوک کیا۔“ داریاویشؔ بادشاہ کے دُوسرے بَرس کے گیارھویں مہینے یعنی ماہِ شباطؔ کی چوبیسویں تاریخ کو یَاہوِہ کا یہ کلام نبی زکریاؔہ بِن بیرکیاہ بِن عِدّوؔ پر نازل ہُوا۔ مَیں نے رات کو رُویا میں دیکھا کہ ایک شخص لال گھوڑے پر سوار وادی میں مہندی کے درختوں کے درمیان کھڑا تھا اَور اُس کے پیچھے لال، بھورے اَور سفید رنگ کے گھوڑے تھے۔ تَب مَیں نے پُوچھا، ”اَے میرے آقا یہ کیا ہیں؟“ اُس فرشتے نے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا، جَواب دیا، مَیں تُمہیں دِکھاؤں گا کہ یہ کیا ہیں۔ تَب اُس شخص نے جو مہندی کے درختوں کے درمیان کھڑا تھا، اُس نے فرمایا، ”یہ وہ ہیں جنہیں یَاہوِہ نے ساری دُنیا میں سَیر کرنے کو بھیجا ہے۔“ اَور وہ یَاہوِہ کے اُس فرشتے سے مُخاطِب ہُوئے جو مہندی کے درختوں کے درمیان کھڑا تھا، اَور کہا، ”ہم نے تمام دُنیا کی سیر کی اَور دیکھا کہ ساری زمین میں اَمن و سلامتی ہے۔“ پھر یَاہوِہ کے فرشتے نے کہا، ”اَے قادرمُطلق یَاہوِہ آپ جو یروشلیمؔ اَور یہُودیؔہ کے شہروں پر پچھلے ستّر سالوں سے ناراض ہیں، کب تک آپ اِن پر رحم نہ کریں گے؟“ تَب یَاہوِہ نے اُس فرشتے سے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا، نرم اَور تسلّی بخش جَواب دیئے۔ تب اُس فرشتے نے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا فرمایا، ”بُلند آواز سے یہ اعلان کرو، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’مُجھے یروشلیمؔ اَور صِیّونؔ کے لئے بڑی غیرت ہے، لیکن مَیں اُن قوموں سے بےحد ناراض ہُوں جو اِس وقت اَمن و سلامتی محسُوس کر رہے ہیں۔ مَیں تو تھوڑا ناراض تھا لیکن اُنہُوں نے اُس آفت کو بہت زِیادہ بڑھا دیا تھا۔‘ ”اِس لیٔے یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’مَیں رحمت کی بارش کرنے کو یروشلیمؔ واپس آیا ہُوں، اَور یہاں میرے گھر کو پھر سے تعمیر کیا جائے گا۔ اَور یروشلیمؔ کے اُوپر ناپنے کا جریب پھر سے کھینچا جائے گا۔‘ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ ”پھر بُلند آواز سے اعلان کرو، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’میرے شہر دوبارہ خُوشحالی سے معموُر ہوں گے اَور یَاہوِہ پھر صِیّونؔ کو تسلّی بخشیں گے اَور یروشلیمؔ کو قبُول فرمائیں گے۔‘ “

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زکریاہ 1

زکریاہ 1:1-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

فارس کے بادشاہ دارا کی حکومت کے دوسرے سال اور آٹھویں مہینے میں رب کا کلام نبی زکریاہ بن برکیاہ بن عِدّو پر نازل ہوا، ”لوگوں سے کہہ کہ رب تمہارے باپ دادا سے نہایت ہی ناراض تھا۔ اب رب الافواج فرماتا ہے کہ میرے پاس واپس آؤ تو مَیں بھی تمہارے پاس واپس آؤں گا۔ اپنے باپ دادا کی مانند نہ ہو جنہوں نے نہ میری سنی، نہ میری طرف توجہ دی، گو مَیں نے اُس وقت کے نبیوں کی معرفت اُنہیں آگاہ کیا تھا کہ اپنی بُری راہوں اور شریر حرکتوں سے باز آؤ۔ اب تمہارے باپ دادا کہاں ہیں؟ اور کیا نبی ابد تک زندہ رہتے ہیں؟ دونوں بہت دیر ہوئی وفات پا چکے ہیں۔ لیکن تمہارے باپ دادا کے بارے میں جتنی بھی باتیں اور فیصلے مَیں نے اپنے خادموں یعنی نبیوں کی معرفت فرمائے وہ سب پورے ہوئے۔ تب اُنہوں نے توبہ کر کے اقرار کیا، ’رب الافواج نے ہماری بُری راہوں اور حرکتوں کے سبب سے وہ کچھ کیا ہے جو اُس نے کرنے کو کہا تھا‘۔“ تین ماہ کے بعد رب نے نبی زکریاہ بن برکیاہ بن عِدّو پر ایک اَور کلام نازل کیا۔ سباط یعنی 11ویں مہینے کا 24واں دن تھا۔ اُس رات مَیں نے رویا میں ایک آدمی کو سرخ رنگ کے گھوڑے پر سوار دیکھا۔ وہ گھاٹی کے درمیان اُگنے والی مہندی کی جھاڑیوں کے بیچ میں رُکا ہوا تھا۔ اُس کے پیچھے سرخ، بُھورے اور سفید رنگ کے گھوڑے کھڑے تھے۔ اُن پر بھی آدمی بیٹھے تھے۔ جو فرشتہ مجھ سے بات کر رہا تھا اُس سے مَیں نے پوچھا، ”میرے آقا، اِن گھڑسواروں سے کیا مراد ہے؟“ اُس نے جواب دیا، ”مَیں تجھے اُن کا مطلب دکھاتا ہوں۔“ تب مہندی کی جھاڑیوں میں رُکے ہوئے آدمی نے جواب دیا، ”یہ وہ ہیں جنہیں رب نے پوری دنیا کی گشت کرنے کے لئے بھیجا ہے۔“ اب دیگر گھڑسوار رب کے اُس فرشتے کے پاس آئے جو مہندی کی جھاڑیوں کے درمیان رُکا ہوا تھا۔ اُنہوں نے اطلاع دی، ”ہم نے دنیا کی گشت لگائی تو معلوم ہوا کہ پوری دنیا میں امن و امان ہے۔“ تب رب کا فرشتہ بولا، ”اے رب الافواج، اب تُو 70 سالوں سے یروشلم اور یہوداہ کی آبادیوں سے ناراض رہا ہے۔ تُو کب تک اُن پر رحم نہ کرے گا؟“ جواب میں رب نے میرے ساتھ گفتگو کرنے والے فرشتے سے نرم اور تسلی دینے والی باتیں کیں۔ فرشتہ دوبارہ مجھ سے مخاطب ہوا، ”اعلان کر کہ رب الافواج فرماتا ہے، ’مَیں بڑی غیرت سے یروشلم اور کوہِ صیون کے لئے لڑوں گا۔ مَیں اُن دیگر اقوام سے نہایت ناراض ہوں جو اِس وقت اپنے آپ کو محفوظ سمجھتی ہیں۔ بےشک مَیں اپنی قوم سے کچھ ناراض تھا، لیکن اِن دیگر قوموں نے اُسے حد سے زیادہ تباہ کر دیا ہے۔ یہ کبھی بھی میرا مقصد نہیں تھا۔‘ رب فرماتا ہے، ’اب مَیں دوبارہ یروشلم کی طرف مائل ہو کر اُس پر رحم کروں گا۔ میرا گھر نئے سرے سے اُس میں تعمیر ہو جائے گا بلکہ پورے شہر کی پیمائش کی جائے گی تاکہ اُسے دوبارہ تعمیر کیا جائے۔‘ یہ رب الافواج کا فرمان ہے۔ مزید اعلان کر کہ رب الافواج فرماتا ہے، ’میرے شہروں میں دوبارہ کثرت کا مال پایا جائے گا۔ رب دوبارہ کوہِ صیون کو تسلی دے گا، دوبارہ یروشلم کو چن لے گا‘۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زکریاہ 1

زکریاہ 1:1-17 کِتابِ مُقادّس (URD)

دارا کے دُوسرے برس کے آٹھویں مہِینے میں خُداوند کا کلام زکریاؔہ نبی بِن برکیاہ بِن عِدُّو پر نازِل ہُؤا۔ کہ خُداوند تُمہارے باپ دادا سے سخت ناراض رہا۔ اِس لِئے تُو اُن سے کہہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم میری طرف رجُوع ہو ربُّ الافواج کا فرمان ہے تو مَیں تُمہاری طرف رجُوع ہُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ تُم اپنے باپ دادا کی مانِند نہ بنو جِن سے اگلے نبِیوں نے بآوازِ بُلند کہا ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم اپنی بُری روِش اور بد اعمالی سے باز آؤ پر اُنہوں نے نہ سُنا اور مُجھے نہ مانا خُداوند فرماتا ہے۔ تُمہارے باپ دادا کہاں ہیں؟ کیا انبیا ہمیشہ زِندہ رہتے ہیں؟ لیکن میرا کلام اور میرے آئِین جو مَیں نے اپنے خِدمت گُذار نبِیوں کو فرمائے تھے کیا وہ تُمہارے باپ دادا پر پُورے نہیں ہُوئے؟ چُنانچہ اُنہوں نے رجُوع لا کر کہا کہ ربُّ الافواج نے اپنے اِرادہ کے مُطابِق ہماری عادات اور ہمارے اعمال کا بدلہ دِیا ہے۔ دارا کے دُوسرے برس اور گیارھویں مہِینے یعنی ماہِ سباؔط کی چَوبِیسوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام زکریاہ نبی بِن برکیاہ بِن عِدُّو پر نازِل ہُؤا۔ کہ مَیں نے رات کو رویا میں دیکھا کہ ایک شخص سُرنگ گھوڑے پر سوار مِہندی کے درختوں کے درمیان نشیب میں کھڑا تھا اور اُس کے پِیچھے سُرنگ اور کُمَیت اور نُقرہ گھوڑے تھے۔ تب مَیں نے کہا اَے میرے آقا یہ کیا ہیں؟ اِس پر فرِشتہ نے جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا کہا مَیں تُجھے دِکھاؤُں گا کہ یہ کیا ہیں۔ اور جو شخص مِہندی کے درختوں کے درمِیان کھڑا تھا کہنے لگا یہ وہ ہیں جِن کو خُداوند نے بھیجا ہے کہ ساری دُنیا میں سَیر کریں۔ اور اُنہوں نے خُداوند کے فرِشتہ سے جو مِہندی کے درختوں کے درمِیان کھڑا تھا کہا ہم نے ساری دُنیا کی سَیر کی ہے اور دیکھا کہ ساری زمِین میں امن و امان ہے۔ پِھر خُداوند کے فرِشتہ نے کہا اَے ربُّ الافواج تُو یروشلیِم اور یہُوداؔہ کے شہروں پر جِن سے تُو ستّر برس سے ناراض ہے کب تک رحم نہ کرے گا؟ اور خُداوند نے اُس فرِشتہ کو جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا مُلائِم اور تسلّی بخش جواب دِیا۔ تب اُس فرِشتہ نے جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا مُجھ سے کہا بُلند آواز سے کہہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مُجھے یروشلیِم اور صِیُّون کے لِئے بڑی غَیرت ہے۔ اور مَیں اُن قَوموں سے جو آرام میں ہیں نِہایت ناراض ہُوں کیونکہ جب مَیں تھوڑا ناراض تھا تو اُنہوں نے اُس آفت کو بُہت زِیادہ کر دِیا۔ اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں رحمت کے ساتھ یروشلیِم کو واپس آیا ہُوں۔ اُس میں میرا مسکن تعمِیر کِیا جائے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے اور یروشلیِم پر پِھر سُوت کھینچا جائے گا۔ پِھر بُلند آواز سے کہہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ میرے شہر دوبارہ خُوش حالی سے معمُور ہوں گے کیونکہ خُداوند پِھر صِیّون کو تسلّی بخشے گا اور یروشلیِم کو قبُول فرمائے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زکریاہ 1