رومیوں 17:16-27

رومیوں 17:16-27 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پس اَے بھائیو اَور بہنوں! میں تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ جو لوگ اُس تعلیم کی راہ میں جو تُم نے پائی ہے روڑے اَٹکاتے اَور لوگوں میں پھوٹ ڈالتے ہیں، اُن سے ہوشیار رہو اَور اُن سے دُور ہی رہو۔ کیونکہ اَیسے لوگ ہمارے خُداوؔند المسیح کی نہیں بَلکہ اَپنے پیٹ کی خدمت کرتے ہیں اَور چِکنی چُپڑی باتوں اَور خُوشامد سے سادہ دِلوں کو بہکاتے ہیں۔ چونکہ تمہاری فرمانبرداری سَب لوگوں میں مشہُور ہے اِس لیٔے میں تُم سے بہت خُوش ہُوں۔ لیکن مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم نیکی کے اِعتبار سے عقلمند اَور بدی کے اِعتبار سے معصُوم بنے رہو۔ خُدا جو اِطمینان کا چشمہ ہے شیطان کو تمہارے پاؤں سے جلد کُچلوا دے گا۔ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا فضل تمہارے ساتھ ہو! میرا ہم خدمت تِیمُتھِیُس اَور میرے رشتہ دار لُوکِیُسؔ، یاسونؔ اَور سوسِپطرُسؔ تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ اِس خط کا کاتب تِرتیُسؔ تُمہیں خُداوؔند میں سلام کہتاہے۔ گیُسؔ جو میرا اَور ساری جماعت کا مہمان نواز ہے تُم سے سلام کہتاہے۔ اِراستُسؔ جو شہر کا خازِن ہے اَور بھایٔی کوارتُس تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا فضل تُم سَب کے ساتھ ہو۔ آمین۔ اَور اَب خُدا کی جو اِس بات پر قادر ہے کہ تُمہیں تمہارے مسیحی ایمان میں مضبُوط کرے، اُس ایمان میں جو یِسوعؔ المسیح کی انجیل کے مُطابق ہے اَور جِس کی میں مُنادی کرتا ہُوں وہ ایک اَیسا راز ہے جو اَزل سے پوشیدہ رہا۔ لیکن اَب اَزلی خُدا کے حُکم کے مُطابق اَور نبیوں کے نوشتوں کے ذریعہ تمام غَیریہُودی قوموں کو بتا دیا گیا ہے تاکہ وہ ایمان لائیں اَور خُدا کے فرمانبردار بنیں۔ اُسی واحد اَور حکیِم خُدا کی یِسوعؔ المسیح کے وسیلہ سے ہمیشہ تک تمجید ہوتی رہے! آمین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں رومیوں 16

رومیوں 17:16-27 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

بھائیو، مَیں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ آپ اُن سے خبردار رہیں جو پارٹی بازی اور ٹھوکر کا باعث بنتے ہیں۔ یہ اُس تعلیم کے خلاف ہے جو آپ کو دی گئی ہے۔ اُن سے کنارہ کریں کیونکہ ایسے لوگ ہمارے خداوند مسیح کی خدمت نہیں کر رہے بلکہ اپنے پیٹ کی۔ وہ اپنی میٹھی اور چِکنی چپڑی باتوں سے سادہ لوح لوگوں کے دلوں کو دھوکا دیتے ہیں۔ آپ کی فرماں برداری کی خبر سب تک پہنچ گئی ہے۔ یہ دیکھ کر مَیں آپ کے بارے میں خوش ہوں۔ لیکن مَیں چاہتا ہوں کہ آپ اچھا کام کرنے کے لحاظ سے دانش مند اور بُرا کام کرنے کے لحاظ سے بےقصور ہوں۔ سلامتی کا خدا جلد ہی ابلیس کو آپ کے پاؤں تلے کچلوا ڈالے گا۔ ہمارے خداوند عیسیٰ کا فضل آپ کے ساتھ ہو۔ میرا ہم خدمت تیمُتھیُس آپ کو سلام دیتا ہے، اور اِسی طرح میرے ہم وطن لوکیُس، یاسون اور سوسپطرس۔ مَیں، ترتیُس اِس خط کا کاتب ہوں۔ میری طرف سے بھی خداوند میں آپ کو سلام۔ گیُس کی طرف سے آپ کو سلام۔ مَیں اور پوری جماعت اُس کے مہمان رہے ہیں۔ شہر کے خزانچی اراستس اور ہمارے بھائی کوارتُس بھی آپ کو سلام کہتے ہیں۔ [ہمارے خداوند عیسیٰ کا فضل آپ سب کے ساتھ ہوتا رہے۔] اللہ کی تمجید ہو، جو آپ کو مضبوط کرنے پر قادر ہے، کیونکہ عیسیٰ مسیح کے بارے میں اُس خوش خبری سے جو مَیں سناتا ہوں اور اُس بھید کے انکشاف سے جو ازل سے پوشیدہ رہا وہ آپ کو قائم رکھ سکتا ہے۔ اب اِس بھید کی حقیقت نبیوں کے صحیفوں سے ظاہر کی گئی ہے اور ابدی خدا کے حکم پر تمام قوموں کو معلوم ہو گئی ہے تاکہ سب ایمان لا کر اللہ کے تابع ہو جائیں۔ اللہ کی تمجید ہو جو واحد دانش مند ہے۔ اُسی کا عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے ابد تک جلال ہوتا رہے! آمین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں رومیوں 16

رومیوں 17:16-27 کِتابِ مُقادّس (URD)

اب اَے بھائِیو! مَیں تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ جو لوگ اُس تعلِیم کے برخِلاف جو تُم نے پائی پُھوٹ پڑنے اور ٹھوکر کھانے کا باعِث ہیں اُن کو تاڑ لِیا کرو اور اُن سے کنارہ کِیا کرو۔ کیونکہ اَیسے لوگ ہمارے خُداوند مسِیح کی نہیں بلکہ اپنے پیٹ کی خِدمت کرتے ہیں اور چِکنی چُپڑی باتوں سے سادہ دِلوں کو بہکاتے ہیں۔ کیونکہ تُمہاری فرمانبرداری سب میں مشہُور ہو گئی ہے اِس لِئے مَیں تُمہارے بارے میں خُوش ہُوں لیکن یہ چاہتا ہُوں کہ تُم نیکی کے اِعتبار سے دانا بن جاؤ اور بدی کے اِعتبار سے بھولے بنے رہو۔ اور خُدا جو اِطمِینان کا چشمہ ہے شَیطان کو تُمہارے پاؤں سے جلد کُچلوا دے گا۔ ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا فضل تُم پر ہوتا رہے۔ میرا ہم خِدمت تِیمُتِھیُس اور میرے رِشتہ دار لُوکِیُس اور یاسوؔن اور سوسِپطرُؔس تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ اِس خَط کا کاتِب ترتِیُس تُم کو خُداوند میں سلام کہتا ہے۔ گیُس میرا اور ساری کلِیسیا کا مِہمان دار تُمہیں سلام کہتا ہے۔ اِراستُس شہر کا خزانچی اور بھائی کوارتُس تُم کو سلام کہتے ہیں۔ [ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا فضل تُم سب کے ساتھ ہو۔ آمِین۔] اب خُدا جو تُم کو میری خُوشخبری یعنی یِسُوعؔ مسِیح کی مُنادی کے مُوافِق مضبُوط کر سکتا ہے اُس بھید کے مُکاشفہ کے مُطابِق جو اَزل سے پَوشِیدہ رہا۔ مگر اِس وقت ظاہِر ہو کر خُدایِ اَزلی کے حُکم کے مُطابِق نبِیوں کی کِتابوں کے ذرِیعہ سے سب قَوموں کو بتایا گیا تاکہ وہ اِیمان کے تابِع ہو جائیں۔ اُسی واحد حکِیم خُدا کی یِسُوعؔ مسِیح کے وسِیلہ سے اَبد تک تمجِید ہوتی رہے۔ آمِین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں رومیوں 16