رُومیوں 17:16-27

رُومیوں 17:16-27 UCV

پس اَے بھائیو اَور بہنوں! میں تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ جو لوگ اُس تعلیم کی راہ میں جو تُم نے پائی ہے روڑے اَٹکاتے اَور لوگوں میں پھوٹ ڈالتے ہیں، اُن سے ہوشیار رہو اَور اُن سے دُور ہی رہو۔ کیونکہ اَیسے لوگ ہمارے خُداوؔند المسیح کی نہیں بَلکہ اَپنے پیٹ کی خدمت کرتے ہیں اَور چِکنی چُپڑی باتوں اَور خُوشامد سے سادہ دِلوں کو بہکاتے ہیں۔ چونکہ تمہاری فرمانبرداری سَب لوگوں میں مشہُور ہے اِس لیٔے میں تُم سے بہت خُوش ہُوں۔ لیکن مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم نیکی کے اِعتبار سے عقلمند اَور بدی کے اِعتبار سے معصُوم بنے رہو۔ خُدا جو اِطمینان کا چشمہ ہے شیطان کو تمہارے پاؤں سے جلد کُچلوا دے گا۔ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا فضل تمہارے ساتھ ہو! میرا ہم خدمت تِیمُتھِیُس اَور میرے رشتہ دار لُوکِیُسؔ، یاسونؔ اَور سوسِپطرُسؔ تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ اِس خط کا کاتب تِرتیُسؔ تُمہیں خُداوؔند میں سلام کہتاہے۔ گیُسؔ جو میرا اَور ساری جماعت کا مہمان نواز ہے تُم سے سلام کہتاہے۔ اِراستُسؔ جو شہر کا خازِن ہے اَور بھایٔی کوارتُس تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا فضل تُم سَب کے ساتھ ہو۔ آمین۔ اَور اَب خُدا کی جو اِس بات پر قادر ہے کہ تُمہیں تمہارے مسیحی ایمان میں مضبُوط کرے، اُس ایمان میں جو یِسوعؔ المسیح کی انجیل کے مُطابق ہے اَور جِس کی میں مُنادی کرتا ہُوں وہ ایک اَیسا راز ہے جو اَزل سے پوشیدہ رہا۔ لیکن اَب اَزلی خُدا کے حُکم کے مُطابق اَور نبیوں کے نوشتوں کے ذریعہ تمام غَیریہُودی قوموں کو بتا دیا گیا ہے تاکہ وہ ایمان لائیں اَور خُدا کے فرمانبردار بنیں۔ اُسی واحد اَور حکیِم خُدا کی یِسوعؔ المسیح کے وسیلہ سے ہمیشہ تک تمجید ہوتی رہے! آمین۔