YouVersion Logo
تلاش

مکاشفہ 1:17-18

مکاشفہ 1:17-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

جِن سات فرشتوں کے پاس سات پیالے تھے اُن میں سے ایک نے آکر مُجھ سے کہا، ”اِدھر آ مَیں تُجھے اُس بڑی کسبی یعنی بڑے شہر کی سزا دِکھاؤں جو دریا کے کنارے پر بیٹھی ہُوئی ہے۔ اَور جِس کے ساتھ روئے زمین کے بادشاہوں نے زنا کیا تھا، اَور اہلِ زمین کے باشِندے اُس کی زناکاری کی مَے سے متوالے ہو گیٔے تھے۔“ وہ فرشتہ مُجھے رُوح میں ایک بیابان میں لے گیا۔ وہاں مَیں نے ایک عورت کو قِرمزی رنگ والے ایک اَیسے حَیوان پر سوار دیکھا جِس کے سارے جِسم پر خُدا کی نِسبت کُفر آمیز نام لکھے ہویٔے تھے، اَور جِس کے سات سَر اَور دس سینگ تھے۔ وہ عورت اَرغوانی اَور قِرمزی رنگ والا لباس پہنے ہویٔے تھی اَور سونے، جواہر اَور موتیوں سے آراستہ تھی۔ اَور اُس کے ہاتھ میں ایک سونے کا پیالہ تھا جو مکرُوہ چیزوں اَور اُس کی زناکاری کی غِلاظت سے بھرا ہُوا تھا۔ اُس کی پیشانی پر یہ پُرسرار نام درج تھا: راز شہر عظیم بابیل کسبیوں کی والدہ اَور زمین کی مکرُوہات چیزوں کی ماں۔ اَور مَیں نے دیکھا کہ وہ عورت مُقدّسین اَور یِسوعؔ کے شَہیدوں کا خُون پی پی کر مدہوش ہو چُکی تھی۔ اَور اُسے دیکھ کر مُجھے سخت حیرت ہُوئی۔ تَب اُس فرشتہ نے مُجھ سے کہا، ”تُو حیران کیوں ہو گیا؟ مَیں تُجھے اِس عورت اَور اُس حَیوان کا راز بتاتا ہُوں، جِس پر وہ سوار ہے اَور جِس کے سات سَر اَور دس سینگ ہے۔“ جو حَیوان تُم نے دیکھا وہ پہلے تو تھا لیکن اِس وقت نہیں ہے، اَور پھر دوبارہ اتھاہ گڑھے میں سے نکلے گا اَور ہلاکت کا شِکار ہوگا۔ اَور رُوئے زمین کے وہ باشِندے جِن کے نام بِنائے عالَم کے وقت سے کِتاب حیات میں درج نہیں ہیں، اُس حَیوان کو دیکھ کر کہ پہلے وہ تھا اَور اَب نہیں ہے لیکن پھر دوبارہ آئے گا حیرت زدہ ہو جایٔیں گے۔ ”اِسے سمجھنے کے لیٔے بڑی بصیرت کی ضروُرت ہے۔“ وہ ساتوں سَر سات پہاڑیاں ہیں جِن پر وہ عورت بیٹھی ہے۔ وہ سات بادشاہ بھی ہیں۔ پانچ تو ختم ہو چُکے ہیں، ایک مَوجُود ہے اَور ایک ابھی آیا نہیں ہے۔ لیکن جَب وہ آئے گا تو کچھ عرصہ تک ضروُر رہے گا۔ اَورجو حَیوان پہلے تھا اَور اَب نہیں ہے، وہ آٹھواں بادشاہ ہے اَور اُن ساتوں میں سے ہی ایک ہے جِس کی ہلاکت مُقرّر کر دی گئی ہے۔ ”وہ دس سینگ جو تُم نے دیکھے، وہ دس بادشاہ ہیں جنہیں ابھی تک بادشاہی نہیں مِلی ہے لیکن وہ ایک گھنٹے کے لیٔے اُس حَیوان کے ساتھ بادشاہوں کا سا اِختیار پائیں گے۔ وہ یہ سبھی بادشاہ اَپنی قُدرت اَور اِختیار اُس حَیوان کے حوالہ کرنے کے لیٔے رضامند ہوں گے۔ وہ برّہ سے جنگ کریں گے لیکن برّہ اُن پر غالب آئے گا کیونکہ وہ خُداوندوں کا خُداوؔند اَور بادشاہوں کا بادشاہ ہے اَور اُس کے ساتھ اُس کے بُلائے ہویٔے، برگُزیدہ اَور وفادار خادِم بھی غالب آئیں گے۔“ پھر اُس فرشتہ نے مُجھ سے کہا، ”جِن دریاؤں کے کنارے پر تُونے اُس بڑی کسبی کو بیٹھی دیکھاہے وہ اُمّتیں، ہُجوم، قومیں اَور اہلِ زبان ہیں۔ وہ حَیوان اَور دس سینگ جنہیں تُم نے دیکھا اُس کسبی سے نفرت کریں گے۔ اَور اُسے لاچار بنا کر ننگا کر دیں گے؛ اَور اُس کا گوشت کھا جایٔیں گے اَور اُسے آگ میں جَلا ڈالیں گے۔ کیونکہ جَب تک کہ خُدا کے کلام کی باتیں پُوری نہ ہو جایٔیں تَب تک خُدا نے اَپنا مقصد پُورا کرنے کے لیٔے اُن کے دِل میں یہ بات ڈالی کہ وہ اِتّفاق رائے سے اَپنی حُکمرانی کا اِختیار اُس حَیوان کے حوالہ کر دیں۔ اَور جِس عورت کو تُم نے دیکھا، یہ وہ شہر عظیم ہے جو زمین کے بادشاہوں پر حُکومت کرتا ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 17

مکاشفہ 1:17-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر سات پیالے اپنے پاس رکھنے والے اِن سات فرشتوں میں سے ایک میرے پاس آیا۔ اُس نے کہا، ”آ، مَیں تجھے اُس بڑی کسبی کی سزا دکھا دوں جو گہرے پانی کے پاس بیٹھی ہے۔ زمین کے بادشاہوں نے اُس کے ساتھ زنا کیا۔ ہاں، اُس کی زناکاری کی مَے سے زمین کے باشندے مست ہو گئے۔“ پھر فرشتہ مجھے روح میں ایک ریگستان میں لے گیا۔ وہاں مَیں نے ایک عورت کو دیکھا۔ وہ ایک قرمزی رنگ کے حیوان پر سوار تھی جس کے پورے جسم پر کفر کے نام لکھے تھے اور جس کے سات سر اور دس سینگ تھے۔ یہ عورت ارغوانی اور قرمزی رنگ کے کپڑے پہنے اور سونے، بیش قیمت جواہر اور موتیوں سے سجی ہوئی تھی۔ اُس کے ہاتھ میں سونے کا ایک پیالہ تھا جو گھنونی چیزوں اور اُس کی زناکاری کی گندگی سے بھرا ہوا تھا۔ اُس کے ماتھے پر یہ نام لکھا تھا، جو ایک بھید ہے، ”عظیم بابل، کسبیوں اور زمین کی گھنونی چیزوں کی ماں۔“ اور مَیں نے دیکھا کہ یہ عورت اُن مُقدّسین کے خون سے مست ہو گئی تھی جنہوں نے عیسیٰ کی گواہی دی تھی۔ اُسے دیکھ کر مَیں نہایت حیران ہوا۔ فرشتے نے مجھ سے پوچھا، ”تُو کیوں حیران ہے؟ مَیں تجھ پر عورت اور اُس حیوان کا بھید کھول دوں گا جس پر عورت سوار ہے اور جس کے سات سر اور دس سینگ ہیں۔ جس حیوان کو تُو نے دیکھا وہ پہلے تھا، اِس وقت نہیں ہے اور دوبارہ اتھاہ گڑھے میں سے نکل کر ہلاکت کی طرف بڑھے گا۔ زمین کے جن باشندوں کے نام دنیا کی تخلیق سے ہی کتابِ حیات میں درج نہیں ہیں وہ حیوان کو دیکھ کر حیرت زدہ ہو جائیں گے۔ کیونکہ وہ پہلے تھا، اِس وقت نہیں ہے لیکن دوبارہ آئے گا۔ یہاں سمجھ دار ذہن کی ضرورت ہے۔ سات سروں سے مراد سات پہاڑ ہیں جن پر یہ عورت بیٹھی ہے۔ یہ سات بادشاہوں کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔ اِن میں سے پانچ گر گئے ہیں، چھٹا موجود ہے اور ساتواں ابھی آنے والا ہے۔ لیکن جب وہ آئے گا تو اُسے تھوڑی دیر کے لئے رہنا ہے۔ جو حیوان پہلے تھا اور اِس وقت نہیں ہے وہ آٹھواں بادشاہ ہے، گو وہ سات بادشاہوں میں سے بھی ایک ہے۔ وہ ہلاکت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جو دس سینگ تُو نے دیکھے وہ دس بادشاہ ہیں جنہیں ابھی کوئی بادشاہی نہیں ملی۔ لیکن اُنہیں گھنٹے بھر کے لئے حیوان کے ساتھ بادشاہ کا اختیار ملے گا۔ یہ ایک ہی سوچ رکھ کر اپنی طاقت اور اختیار حیوان کو دے دیں گے اور لیلے سے جنگ کریں گے، لیکن لیلا اپنے بُلائے گئے، چنے ہوئے اور وفادار پیروکاروں کے ساتھ اُن پر غالب آئے گا، کیونکہ وہ ربوں کا رب اور بادشاہوں کا بادشاہ ہے۔“ پھر فرشتے نے مجھ سے کہا، ”جس پانی کے پاس تُو نے کسبی کو بیٹھی دیکھا وہ اُمّتیں، ہجوم، قومیں اور زبانیں ہے۔ جو حیوان اور دس سینگ تُو نے دیکھے وہ کسبی سے نفرت کریں گے۔ وہ اُسے ویران کر کے ننگا چھوڑ دیں گے اور اُس کا گوشت کھا کر اُسے بھسم کریں گے۔ کیونکہ اللہ نے اُن کے دلوں میں یہ ڈال دیا ہے کہ وہ اُس کا مقصد پورا کریں اور اُس وقت تک حکومت کرنے کا اپنا اختیار حیوان کے سپرد کر دیں جب تک اللہ کے فرمان تکمیل تک نہ پہنچ جائیں۔ جس عورت کو تُو نے دیکھا وہ وہی بڑا شہر ہے جو زمین کے بادشاہوں پر حکومت کرتا ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 17

مکاشفہ 1:17-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور اُن ساتوں فرِشتوں میں سے جِن کے پاس سات پِیالے تھے ایک نے آ کر مُجھ سے یہ کہا کہ اِدھر آ۔ مَیں تُجھے اُس بڑی کسبی کی سزا دِکھاؤُں جو بُہت سے پانِیوں پر بَیٹھی ہُوئی ہے۔ اور جِس کے ساتھ زمِین کے بادشاہوں نے حرام کاری کی تھی اور زمِین کے رہنے والے اُس کی حرام کاری کی مَے سے متوالے ہو گئے تھے۔ پس وہ مُجھے رُوح میں جنگل کو لے گیا۔ وہاں مَیں نے قِرمزی رنگ کے حَیوان پر جو کُفر کے ناموں سے لِپا ہُؤا تھا اور جِس کے سات سر اور دس سِینگ تھے ایک عَورت کو بَیٹھے ہُوئے دیکھا۔ یہ عَورت ارغوانی اور قِرمزی لِباس پہنے ہُوئے اور سونے اور جواہِر اور موتِیوں سے آراستہ تھی اور ایک سونے کا پِیالہ مکرُوہات یعنی اُس کی حرام کاری کی ناپاکیوں سے بھرا ہُؤا اُس کے ہاتھ میں تھا۔ اور اُس کے ماتھے پر یہ نام لِکھا ہُؤا تھا۔ راز۔ بڑا شہر بابل۔ کسبِیوں اور زمِین کی مکرُوہات کی ماں۔ اور مَیں نے اُس عَورت کو مُقدّسوں کا خُون اور یِسُوع کے شہِیدوں کا خُون پِینے سے متوالا دیکھا اور اُسے دیکھ کر سخت حَیران ہُؤا۔ اُس فرِشتہ نے مُجھ سے کہا تُو حَیران کیوں ہو گیا؟ مَیں اِس عَورت اور اُس حَیوان کا جِس پر وہ سوار ہے اور جِس کے سات سَر اور دس سِینگ ہیں تُجھے بھید بتاتا ہُوں۔ یہ جو تُو نے حَیوان دیکھا یہ پہلے تو تھا مگر اب نہیں ہے اور آیندہ اتھاہ گڑھے سے نِکل کر ہلاکت میں پڑے گا اور زمِین کے رہنے والے جِن کے نام بِنایِ عالَم کے وقت سے کِتابِ حیات میں لِکھے نہیں گئے اِس حَیوان کا یہ حال دیکھ کر کہ پہلے تھا اور اب نہیں اور پِھر مَوجُود ہو جائے گا تعجُّب کریں گے۔ یِہی مَوقع ہے اُس ذِہن کا جِس میں حِکمت ہے۔ وہ ساتوں سر سات پہاڑ ہیں۔ جِن پر وہ عَورت بَیٹھی ہُوئی ہے۔ اور وہ سات بادشاہ بھی ہیں پانچ تو ہو چُکے ہیں اور ایک مَوجُود ہے اور ایک ابھی آیا نہیں اور جب آئے گا تو کُچھ عرصہ تک اُس کا رہنا ضرُور ہے۔ اور جو حَیوان پہلے تھا اور اب نہیں وہ آٹھواں ہے اور اُن ساتوں میں سے پَیدا ہُؤا اور ہلاکت میں پڑے گا۔ اور وہ دَس سِینگ جو تُو نے دیکھے دَس بادشاہ ہیں۔ ابھی تک اُنہوں نے بادشاہی نہیں پائی مگر اُس حَیوان کے ساتھ گھڑی بھر کے واسطے بادشاہوں کا سا اِختیار پائیں گے۔ اِن سب کی ایک ہی رایٔ ہو گی اور وہ اپنی قُدرت اور اِختیار اُس حَیوان کو دے دیں گے۔ وہ برّہ سے لڑیں گے اور برّہ اُن پر غالِب آئے گا کیونکہ وہ خُداوندوں کا خُداوند اور بادشاہوں کا بادشاہ ہے اور جو بُلائے ہُوئے اور برگُزیدہ اور وفادار اُس کے ساتھ ہیں وہ بھی غالِب آئیں گے۔ پِھر اُس نے مُجھ سے کہا کہ جو پانی تُو نے دیکھے جِن پر کسبی بَیٹھی ہے وہ اُمّتیں اور گُروہ اور قَومیں اور اہلِ زُبان ہیں۔ اور جو دَس سِینگ تُو نے دیکھے وہ اور حَیوان اُس کسبی سے عداوت رکھّیں گے اور اُسے بیکس اور ننگا کر دیں گے اور اُس کا گوشت کھا جائیں گے اور اُس کو آگ میں جلا ڈالیں گے۔ کیونکہ خُدا اُن کے دِلوں میں یہ ڈالے گا کہ وہ اُسی کی رایٔ پر چلیں اور جب تک کہ خُدا کی باتیں پُوری نہ ہو لیں وہ مُتّفِق اُلرای ہو کر اپنی بادشاہی اُس حَیوان کو دے دیں۔ اور وہ عَورت جِسے تُو نے دیکھا وہ بڑا شہر ہے جو زمِین کے بادشاہوں پر حُکُومت کرتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 17