مُکاشفہ 17
17
بدنامِ زمانہ بڑی کسبی
1اور اُن ساتوں فرِشتوں میں سے جِن کے پاس سات پِیالے تھے ایک نے آ کر مُجھ سے یہ کہا کہ اِدھر آ۔ مَیں تُجھے اُس بڑی کسبی کی سزا دِکھاؤُں جو بُہت سے پانِیوں پر بَیٹھی ہُوئی ہے۔ 2اور جِس کے ساتھ زمِین کے بادشاہوں نے حرام کاری کی تھی اور زمِین کے رہنے والے اُس کی حرام کاری کی مَے سے متوالے ہو گئے تھے۔
3پس وہ مُجھے رُوح میں جنگل کو لے گیا۔ وہاں مَیں نے قِرمزی رنگ کے حَیوان پر جو کُفر کے ناموں سے لِپا ہُؤا تھا اور جِس کے سات سر اور دس سِینگ تھے ایک عَورت کو بَیٹھے ہُوئے دیکھا۔ 4یہ عَورت ارغوانی اور قِرمزی لِباس پہنے ہُوئے اور سونے اور جواہِر اور موتِیوں سے آراستہ تھی اور ایک سونے کا پِیالہ مکرُوہات یعنی اُس کی حرام کاری کی ناپاکیوں سے بھرا ہُؤا اُس کے ہاتھ میں تھا۔ 5اور اُس کے ماتھے پر یہ نام لِکھا ہُؤا تھا۔ راز۔ بڑا شہر بابل۔ کسبِیوں اور زمِین کی مکرُوہات کی ماں۔ 6اور مَیں نے اُس عَورت کو مُقدّسوں کا خُون اور یِسُوع کے شہِیدوں کا خُون پِینے سے متوالا دیکھا
اور اُسے دیکھ کر سخت حَیران ہُؤا۔ 7اُس فرِشتہ نے مُجھ سے کہا تُو حَیران کیوں ہو گیا؟ مَیں اِس عَورت اور اُس حَیوان کا جِس پر وہ سوار ہے اور جِس کے سات سَر اور دس سِینگ ہیں تُجھے بھید بتاتا ہُوں۔ 8یہ جو تُو نے حَیوان دیکھا یہ پہلے تو تھا مگر اب نہیں ہے اور آیندہ اتھاہ گڑھے سے نِکل کر ہلاکت میں پڑے گا اور زمِین کے رہنے والے جِن کے نام بِنایِ عالَم کے وقت سے کِتابِ حیات میں لِکھے نہیں گئے اِس حَیوان کا یہ حال دیکھ کر کہ پہلے تھا اور اب نہیں اور پِھر مَوجُود ہو جائے گا تعجُّب کریں گے۔
9یِہی مَوقع ہے اُس ذِہن کا جِس میں حِکمت ہے۔ وہ ساتوں سر سات پہاڑ ہیں۔ جِن پر وہ عَورت بَیٹھی ہُوئی ہے۔ 10اور وہ سات بادشاہ بھی ہیں پانچ تو ہو چُکے ہیں اور ایک مَوجُود ہے اور ایک ابھی آیا نہیں اور جب آئے گا تو کُچھ عرصہ تک اُس کا رہنا ضرُور ہے۔ 11اور جو حَیوان پہلے تھا اور اب نہیں وہ آٹھواں ہے اور اُن ساتوں میں سے پَیدا ہُؤا اور ہلاکت میں پڑے گا۔
12اور وہ دَس سِینگ جو تُو نے دیکھے دَس بادشاہ ہیں۔ ابھی تک اُنہوں نے بادشاہی نہیں پائی مگر اُس حَیوان کے ساتھ گھڑی بھر کے واسطے بادشاہوں کا سا اِختیار پائیں گے۔ 13اِن سب کی ایک ہی رایٔ ہو گی اور وہ اپنی قُدرت اور اِختیار اُس حَیوان کو دے دیں گے۔ 14وہ برّہ سے لڑیں گے اور برّہ اُن پر غالِب آئے گا کیونکہ وہ خُداوندوں کا خُداوند اور بادشاہوں کا بادشاہ ہے اور جو بُلائے ہُوئے اور برگُزیدہ اور وفادار اُس کے ساتھ ہیں وہ بھی غالِب آئیں گے۔
15پِھر اُس نے مُجھ سے کہا کہ جو پانی تُو نے دیکھے جِن پر کسبی بَیٹھی ہے وہ اُمّتیں اور گُروہ اور قَومیں اور اہلِ زُبان ہیں۔ 16اور جو دَس سِینگ تُو نے دیکھے وہ اور حَیوان اُس کسبی سے عداوت رکھّیں گے اور اُسے بیکس اور ننگا کر دیں گے اور اُس کا گوشت کھا جائیں گے اور اُس کو آگ میں جلا ڈالیں گے۔ 17کیونکہ خُدا اُن کے دِلوں میں یہ ڈالے گا کہ وہ اُسی کی رایٔ پر چلیں اور جب تک کہ خُدا کی باتیں پُوری نہ ہو لیں وہ مُتّفِق اُلرای ہو کر اپنی بادشاہی اُس حَیوان کو دے دیں۔
18اور وہ عَورت جِسے تُو نے دیکھا وہ بڑا شہر ہے جو زمِین کے بادشاہوں پر حُکُومت کرتا ہے۔
موجودہ انتخاب:
مُکاشفہ 17: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.