YouVersion Logo
تلاش

مکاشفہ 1:15-8

مکاشفہ 1:15-8 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر مَیں نے آسمان پر ایک اَور بڑا اور عجِیب نِشان یعنی سات فرِشتے ساتوں پِچھلی آفتوں کو لِئے ہُوئے دیکھے کیونکہ اِن آفتوں پر خُدا کا قہر ختم ہو گیا ہے۔ پِھر مَیں نے شِیشہ کا سا ایک سمُندر دیکھا جِس میں آگ مِلی ہُوئی تھی اور جو اُس حَیوان اور اُس کے بُت اور اُس کے نام کے عدد پر غالِب آئے تھے اُن کو اُس شِیشہ کے سمُندر کے پاس خُدا کی بربطیں لِئے کھڑے ہُوئے دیکھا۔ اور وہ خُدا کے بندہ مُوسیٰ کا گِیت اور برّہ کا گِیت گا گا کر کہتے تھے اَے خُداوند خُدا! قادِرِ مُطلق! تیرے کام بڑے اور عجِیب ہیں۔ اَے ازلی بادشاہ! تیری راہیں راست اور درُست ہیں۔ اَے خُداوند! کَون تُجھ سے نہ ڈرے گا؟ اور کَون تیرے نام کی تمجِید نہ کرے گا؟ کیونکہ صِرف تُو ہی قدُّوس ہے اور سب قَومیں آ کر تیرے سامنے سِجدہ کریں گی کیونکہ تیرے اِنصاف کے کام ظاہِر ہو گئے ہیں۔ اِن باتوں کے بعد مَیں نے دیکھا کہ شہادت کے خَیمہ کا مَقدِس آسمان میں کھولا گیا۔ اور وہ ساتوں فرِشتے جِن کے پاس ساتوں آفتیں تِھیں آب دار اور چمک دار جواہِر سے آراستہ اور سِینوں پر سُنہری سِینہ بند باندھے ہُوئے مَقدِس سے نِکلے۔ اور اُن چاروں جان داروں میں سے ایک نے سات سونے کے پیالے ابدُالآباد زِندہ رہنے والے خُدا کے قہر سے بھرے ہُوئے اُن ساتوں فرِشتوں کو دِئے۔ اور خُدا کے جلال اور اُس کی قُدرت کے سبب سے مَقدِس دُھوئیں سے بھر گیا اور جب تک اُن ساتوں فرِشتوں کی ساتوں آفتیں ختم نہ ہو چُکِیں کوئی اُس مَقدِس میں داخِل نہ ہو سکا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 15

مکاشفہ 1:15-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پھر مَیں نے آسمان میں ایک اَور بڑا اَور حیرت اَنگیز نِشان دیکھا کہ سات فرشتے سات آخِری آفتوں کو لیٔے ہویٔے تھے۔ یہ آخِری آفتیں ہیں کیونکہ اُن کے ساتھ خُدا کا قہر ختم ہو جاتا ہے۔ پھر مَیں نے شِیشَہ کا سا ایک سمُندر دیکھا جِس میں آگ مِلی ہُوئی تھی۔ مَیں نے اُس شِیشَہ کے سمُندر کے کنارے پر اُن لوگوں کو کھڑے ہویٔے دیکھا، جو حَیوان اَور اُس کی بُت اَور اُس کے نام کے عدد پر غالب آئےتھے۔ اُن کے ہاتھوں میں خُدا کی دی ہویٔی بربطیں تھیں۔ اَور وہ خُدا کے خادِم مَوشہ کا نغمہ اَور برّہ کا نغمہ گا رہے تھے، آپ کے کام کتنے عظیم اَور عجِیب ہیں، ”اَے خُداوؔند خُدا، قادرمُطلق، تیری راہیں برحق اَور راست ہیں۔ قوموں کے اَے اَزلی بادشاہ، اَے خُداوؔند! کون آپ کا خوف نہ مانے گا، اَور کون آپ کے نام کی تمجید نہ کرےگا؟ کیونکہ صِرف تُو ہی قُدُّوس ہے۔ دُنیا کی سَب قومیں آکر تیرے سامنے سَجدہ کریں گی، کیونکہ تیرے راستبازی کے کام ظاہر ہو گئے ہیں۔“ اِن باتوں کے بعد مَیں نے دیکھا کہ شہادت کے خیمہ کا بیت المُقدّس آسمان میں کھولا گیا۔ اَور اُس بیت المُقدّس میں سے سات فرشتے سات آفتیں لیٔے ہویٔے باہر نکلے۔ وہ صَاف چمکدار سُوتی لباس پہنے ہویٔے تھے اَور سُنہری پٹکے سِینوں پر باندھے ہویٔے تھے۔ پھر اُن چار جانداروں میں سے ایک نے اُن سات فرشتوں کو سونے کے سات پیالے دئیے جو اَبد تک زندہ رہنے والے خُدا کے قہر سے بھرے ہویٔے تھے۔ اَور سارا بیت المُقدّس خُدا کے جلال اَور اُس کی قُدرت کے دھوئیں سے بھر گیا اَور جَب تک اُن ساتوں فرشتوں کی ساتوں آفتیں ختم نہ ہو چُکیں کویٔی اُس بیت المُقدّس میں داخل نہ ہو سَکا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 15

مکاشفہ 1:15-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر مَیں نے آسمان پر ایک اَور الٰہی نشان دیکھا، جو عظیم اور حیرت انگیز تھا۔ سات فرشتے سات آخری بلائیں اپنے پاس رکھ کر کھڑے تھے۔ اِن سے اللہ کا غضب تکمیل تک پہنچ گیا۔ مَیں نے شیشے کا سا ایک سمندر بھی دیکھا جس میں آگ ملائی گئی تھی۔ اِس سمندر کے پاس وہ کھڑے تھے جو حیوان، اُس کے مجسمے اور اُس کے نام کے نمبر پر غالب آ گئے تھے۔ وہ اللہ کے دیئے ہوئے سرود پکڑے اللہ کے خادم موسیٰ اور لیلے کا گیت گا رہے تھے، ”اے رب قادرِ مطلق خدا، تیرے کام کتنے عظیم اور حیرت انگیز ہیں۔ اے زمانوں کے بادشاہ، تیری راہیں کتنی راست اور سچی ہیں۔ اے رب، کون تیرا خوف نہیں مانے گا؟ کون تیرے نام کو جلال نہیں دے گا؟ کیونکہ تُو ہی قدوس ہے۔ تمام قومیں آ کر تیرے حضور سجدہ کریں گی، کیونکہ تیرے راست کام ظاہر ہو گئے ہیں۔“ اِس کے بعد مَیں نے دیکھا کہ اللہ کے گھر یعنی آسمان پر کے شریعت کے خیمے کو کھول دیا گیا۔ اللہ کے گھر سے وہ سات فرشتے نکل آئے جن کے پاس سات بلائیں تھیں۔ اُن کے کتان کے کپڑے صاف ستھرے اور چمک رہے تھے۔ یہ کپڑے سینوں پر سونے کے کمربند سے بندھے ہوئے تھے۔ پھر چار جانداروں میں سے ایک نے اِن سات فرشتوں کو سونے کے سات پیالے دیئے۔ یہ پیالے اُس خدا کے غضب سے بھرے ہوئے تھے جو ازل سے ابد تک زندہ ہے۔ اُس وقت اللہ کا گھر اُس کے جلال اور قدرت سے پیدا ہونے والے دھوئیں سے بھر گیا۔ اور جب تک سات فرشتوں کی سات بلائیں تکمیل تک نہ پہنچیں اُس وقت تک کوئی بھی اللہ کے گھر میں داخل نہ ہو سکا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 15