مکاشفہ 1:12-11
مکاشفہ 1:12-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پھر آسمان پر ایک عظیم نِشان دِکھائی دیا: ایک خاتُون آفتاب اوڑھے ہویٔے تھی اَور چاند اُس کے پاؤں کے نیچے تھا اَور بَارہ سِتاروں کا تاج اُس کے سَر پر تھا۔ وہ حاملہ تھی اَور دردِزہ میں مُبتلا ہونے کے باعث چِلّا رہی تھی کیونکہ وہ بچّہ کی پیدائش کرنے ہی والی تھی۔ پھر آسمان پر ایک اَور نِشان دِکھائی دیا یعنی ایک بڑا سا لال اَژدہا جِس کے سات سَر اَور دس سینگ تھے اَور اُس کے سات سَروں پر سات شاہی تاج تھے۔ اُس کی دُم نے آسمان کے ایک تہائی سِتارے کھینچ کر اُنہیں زمین پر پھینک دیا۔ پھر وہ اَژدہا اُس خاتُون کے سامنے جو بچّہ پیدا کرنے والی تھی، جا کھڑا ہُوا، تاکہ جَب وہ بچّہ پیدا ہو، تو اُسے نگل جائے۔ اَور اُس نے ایک بیٹے کو پیدا کیا، ”جو لوہے کے عصا سے سَب قوموں پر حُکومت کرےگا۔“ اَور پھر فوراً اُس کے بچّہ کو وہاں سے اُٹھاکر خُدا کے تخت کے پاس پہُنچا دیا گیا۔ اَور وہ خاتُون بیابان میں ایک اَیسی جگہ بھاگ گئی جو خُدا نے اُس کے لیٔے تیّار کر رکھی تھی تاکہ وہاں ایک ہزار دو سَوساٹھ دِن تک اُس کی پرورِش کی جائے۔ پھر آسمان میں جنگ ہُوئی۔ مِیکاایلؔ اَور اُس کے فرشتے اَژدہا سے جنگ کرنے نکلے، اَژدہا اَور اُس کے فرشتوں نے اُن کا مُقابلہ کیا۔ لیکن اَژدہا اَور اُس کے فرشتے جنگ ہار گیٔے اَور اَپنے آسمانی مقام سے بھی نکال دئیے گیٔے تھے۔ تَب وہ بڑا اَژدہا یعنی وُہی پُرانا سانپ جو اِبلیس اَور شیطان کہلاتا ہے اَورجو ساری دُنیا کو گُمراہ کرتا ہے، زمین پر پھینک دیا گیا، اَور اُس کے فرشتے بھی اُس کے ساتھ زمین پر پھینک دئیے گیٔے۔ پھر مَیں نے آسمان سے ایک بڑی آواز آتی سُنی: ”اَب نَجات، قُدرت اَور ہمارے خُدا کی بادشاہی، اَور اُس کے المسیح کا اِختیار ظاہر ہُواہے۔ کیونکہ ہمارے بھائیوں اَور بہنوں پر تہمت لگانے والا، جو دِن رات خُدا کے حُضُور اُن پر تہمت لگاتا رہتا تھا، اُسے نیچے پھینک دیا گیا ہے۔ وہ برّہ کے خُون اَور اَپنی گواہی کی بدولت اُس پر غالب آئے؛ اَور اُنہُوں نے اَپنی جانوں کو عزیز نہ سمجھا یہاں تک کہ موت بھی گوارا کرلی۔
مکاشفہ 1:12-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر آسمان پر ایک عظیم نشان ظاہر ہوا، ایک خاتون جس کا لباس سورج تھا۔ اُس کے پاؤں تلے چاند اور سر پر بارہ ستاروں کا تاج تھا۔ اُس کا پاؤں بھاری تھا، اور جنم دینے کے شدید درد میں مبتلا ہونے کی وجہ سے وہ چلّا رہی تھی۔ پھر آسمان پر ایک اَور نشان نظر آیا، ایک بڑا اور آگ جیسا سرخ اژدہا۔ اُس کے سات سر اور دس سینگ تھے، اور ہر سر پر ایک تاج تھا۔ اُس کی دُم نے ستاروں کے تیسرے حصے کو آسمان پر سے اُتار کر زمین پر پھینک دیا۔ پھر اژدہا جنم دینے والی خاتون کے سامنے کھڑا ہوا تاکہ اُس بچے کو جنم لیتے ہی ہڑپ کر لے۔ خاتون کے بیٹا پیدا ہوا، وہ بچہ جو لوہے کے شاہی عصا سے قوموں پر حکومت کرے گا۔ اور خاتون کے اِس بچے کو چھین کر اللہ اور اُس کے تخت کے سامنے لایا گیا۔ خاتون خود ریگستان میں ہجرت کر کے ایک ایسی جگہ پہنچ گئی جو اللہ نے اُس کے لئے تیار کر رکھی تھی، تاکہ وہاں 1,260 دن تک اُس کی پرورش کی جائے۔ پھر آسمان پر جنگ چھڑ گئی۔ میکائیل اور اُس کے فرشتے اژدہے سے لڑے۔ اژدہا اور اُس کے فرشتے اُن سے لڑتے رہے، لیکن وہ غالب نہ آ سکے بلکہ آسمان پر اپنے مقام سے محروم ہو گئے۔ بڑے اژدہے کو نکال دیا گیا، اُس قدیم اژدہے کو جو ابلیس یا شیطان کہلاتا ہے اور جو پوری دنیا کو گم راہ کر دیتا ہے۔ اُسے اُس کے فرشتوں سمیت زمین پر پھینکا گیا۔ پھر آسمان پر ایک اونچی آواز سنائی دی، ”اب ہمارے خدا کی نجات، قدرت اور بادشاہی آ گئی ہے، اب اُس کے مسیح کا اختیار آ گیا ہے۔ کیونکہ ہمارے بھائیوں اور بہنوں پر الزام لگانے والا جو دن رات اللہ کے حضور اُن پر الزام لگاتا رہتا تھا اُسے زمین پر پھینکا گیا ہے۔ ایمان دار لیلے کے خون اور اپنی گواہی سنانے کے ذریعے ہی اُس پر غالب آئے ہیں۔ اُنہوں نے اپنی جان عزیز نہ رکھی بلکہ اُسے دینے تک تیار تھے۔
مکاشفہ 1:12-11 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر آسمان پر ایک بڑا نِشان دِکھائی دِیا یعنی ایک عَورت نظر آئی جو آفتاب کو اوڑھے ہُوئے تھی اور چاند اُس کے پاؤں کے نِیچے تھا اور بارہ سِتاروں کا تاج اُس کے سر پر۔ وہ حامِلہ تھی اور دردِ زِہ میں چِلاّتی تھی اور بچّہ جننے کی تکلِیف میں تھی۔ پِھر ایک اَور نِشان آسمان پر دِکھائی دِیا یعنی ایک بڑا لال اژدہا۔ اُس کے سات سر اور دس سِینگ تھے اور اُس کے سروں پر سات تاج۔ اور اُس کی دُم نے آسمان کے تِہائی سِتارے کھینچ کر زمِین پر ڈال دِئے اور وہ اژدہا اُس عَورت کے آگے جا کھڑا ہُؤا جو جننے کو تھی تاکہ جب وہ جنے تو اُس کے بچّے کو نِگل جائے۔ اور وہ بیٹا جنی یعنی وہ لڑکا جو لوہے کے عَصا سے سب قَوموں پر حُکُومت کرے گا اور اُس کا بچّہ یکایک خُدا اور اُس کے تخت کے پاس تک پُہنچا دِیا گیا۔ اور وہ عَورت اُس بیابان کو بھاگ گئی جہاں خُدا کی طرف سے اُس کے لِئے ایک جگہ تیّار کی گئی تھی تاکہ وہاں ایک ہزار دو سَو ساٹھ دِن تک اُس کی پروَرِش کی جائے۔ پِھر آسمان پر لڑائی ہُوئی۔ مِیکائیل اور اُس کے فرِشتے اژدہا سے لڑنے کو نِکلے اور اژدہا اور اُس کے فرِشتے اُن سے لڑے۔ لیکن غالِب نہ آئے اور اِس کے بعد آسمان پر اُن کے لِئے جگہ نہ رہی۔ اور وہ بڑا اژدہا یعنی وُہی پُرانا سانپ جو اِبلِیس اور شَیطان کہلاتا ہے اور سارے جہان کو گُمراہ کر دیتا ہے زمِین پر گِرا دِیا گیا اور اُس کے فرِشتے بھی اُس کے ساتھ گِرا دِئے گئے۔ پِھر مَیں نے آسمان پر سے یہ بڑی آواز آتی سُنی کہ اب ہمارے خُدا کی نجات اور قُدرت اور بادشاہی اور اُس کے مسِیح کا اِختیار ظاہِر ہُؤا کیونکہ ہمارے بھائِیوں پر اِلزام لگانے والا جو رات دِن ہمارے خُدا کے آگے اُن پر اِلزام لگایا کرتا ہے گِرا دِیا گیا۔ اور وہ برّہ کے خُون اور اپنی گواہی کے کلام کے باعِث اُس پر غالِب آئے اور اُنہوں نے اپنی جان کو عزِیز نہ سمجھا۔ یہاں تک کہ مَوت بھی گوارا کی۔