پھر آسمان پر ایک عظیم نِشان دِکھائی دیا: ایک خاتُون آفتاب اوڑھے ہویٔے تھی اَور چاند اُس کے پاؤں کے نیچے تھا اَور بَارہ سِتاروں کا تاج اُس کے سَر پر تھا۔ وہ حاملہ تھی اَور دردِزہ میں مُبتلا ہونے کے باعث چِلّا رہی تھی کیونکہ وہ بچّہ کی پیدائش کرنے ہی والی تھی۔ پھر آسمان پر ایک اَور نِشان دِکھائی دیا یعنی ایک بڑا سا لال اَژدہا جِس کے سات سَر اَور دس سینگ تھے اَور اُس کے سات سَروں پر سات شاہی تاج تھے۔ اُس کی دُم نے آسمان کے ایک تہائی سِتارے کھینچ کر اُنہیں زمین پر پھینک دیا۔ پھر وہ اَژدہا اُس خاتُون کے سامنے جو بچّہ پیدا کرنے والی تھی، جا کھڑا ہُوا، تاکہ جَب وہ بچّہ پیدا ہو، تو اُسے نگل جائے۔ اَور اُس نے ایک بیٹے کو پیدا کیا، ”جو لوہے کے عصا سے سَب قوموں پر حُکومت کرےگا۔“ اَور پھر فوراً اُس کے بچّہ کو وہاں سے اُٹھاکر خُدا کے تخت کے پاس پہُنچا دیا گیا۔ اَور وہ خاتُون بیابان میں ایک اَیسی جگہ بھاگ گئی جو خُدا نے اُس کے لیٔے تیّار کر رکھی تھی تاکہ وہاں ایک ہزار دو سَوساٹھ دِن تک اُس کی پرورِش کی جائے۔ پھر آسمان میں جنگ ہُوئی۔ مِیکاایلؔ اَور اُس کے فرشتے اَژدہا سے جنگ کرنے نکلے، اَژدہا اَور اُس کے فرشتوں نے اُن کا مُقابلہ کیا۔ لیکن اَژدہا اَور اُس کے فرشتے جنگ ہار گیٔے اَور اَپنے آسمانی مقام سے بھی نکال دئیے گیٔے تھے۔ تَب وہ بڑا اَژدہا یعنی وُہی پُرانا سانپ جو اِبلیس اَور شیطان کہلاتا ہے اَورجو ساری دُنیا کو گُمراہ کرتا ہے، زمین پر پھینک دیا گیا، اَور اُس کے فرشتے بھی اُس کے ساتھ زمین پر پھینک دئیے گیٔے۔ پھر مَیں نے آسمان سے ایک بڑی آواز آتی سُنی: ”اَب نَجات، قُدرت اَور ہمارے خُدا کی بادشاہی، اَور اُس کے المسیح کا اِختیار ظاہر ہُواہے۔ کیونکہ ہمارے بھائیوں اَور بہنوں پر تہمت لگانے والا، جو دِن رات خُدا کے حُضُور اُن پر تہمت لگاتا رہتا تھا، اُسے نیچے پھینک دیا گیا ہے۔ وہ برّہ کے خُون اَور اَپنی گواہی کی بدولت اُس پر غالب آئے؛ اَور اُنہُوں نے اَپنی جانوں کو عزیز نہ سمجھا یہاں تک کہ موت بھی گوارا کرلی۔
پڑھیں مُکاشفہ 12
سنیں مُکاشفہ 12
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: مُکاشفہ 1:12-11
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos