YouVersion Logo
تلاش

مکاشفہ 1:1-11

مکاشفہ 1:1-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

حُضُور عیسیٰ المسیؔح کا مُکاشفہ جو اُنہیں خُدا نے عطا فرمایا تاکہ وہ اَپنے بندوں کو وہ باتیں دکھائے جِن کا جلد ہونا ضروُری ہے۔ اَور حُضُور نے اَپنا فرشتہ بھیج کر یہ باتیں اَپنے خادِم یُوحنّؔا پر ظاہر کیا۔ جِس نے اُن سَب چیزوں کی جو اُس نے دیکھی تھیں یعنی خُدا کے کلام اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی گواہی کی بابت تصدیق کرتا ہے۔ مُبارک ہے وہ جو اِس نبُوّت کی کِتاب کو بہ آواز بُلند پڑھتا ہے، اَور وہ مُومِنِین جو اِسے سُنتے ہیں اَور اِس میں لکھی ہویٔی باتوں پر عَمل کرتے ہیں؛ کیونکہ اِن باتوں کے پُورا ہونے کا مُقرّر وقت نَزدیک ہے۔ حضرت یُوحنّؔا کی جانِب سے، اُن سات جماعتوں کے نام جو صُوبہ آسیہؔ میں مَوجُود ہیں: تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے، اَور اُس کی طرف سے جو ہے، اَورجو تھا اَورجو آنے والا ہے، اَور اُن سات رُوحوں یعنی پاک رُوح کی طرف سے جو اُس کے تخت کے سامنے ہے، اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے جو سچّا گواہ اَور مُردوں میں سے جی اُٹھنے وَالوں میں اوّل اَور دُنیا کے بادشاہوں پر حاکم ہے۔ جو ہم سے مَحَبّت رکھتا ہے اَور جِس نے اَپنے خُون کے وسیلہ سے ہم کو ہمارے سارے گُناہوں سے مخلصی بخشی۔ اَور ہمیں اَپنی اُمّت اَور کاہِنؔ بھی بنا دیا تاکہ ہم خُدا اَور باپ کی خدمت کریں۔ اُس کا جلال اَور قُدرت ابدُالآباد ہوتی رہے۔ آمین! ”دیکھو، وہ بادلوں کے ساتھ آ رہے ہیں،“ ”اَور ہر آنکھ اُنہیں دیکھے گی، اَور جنہوں نے حُضُور عیسیٰ کو چھیدا تھا وہ بھی دیکھیں گے؛“ اَور روئے زمین کی ساری قومیں ”اُن کے سبب سے ماتم کریں گی۔“ بے شک اَیسا ہی ہوگا۔ آمین۔ خُداوؔند خُدا جو ہے اَورجو تھا اَورجو آنے والا ہے، یعنی قادرمُطلق فرماتا ہے، ”میں اَلفا اَور اَومیگا یعنی اِبتدا اَور اِنتہا ہُوں۔“ میں، یُوحنّؔا، جو تمہارا بھایٔی اَور حُضُور عیسیٰ کے دُکھ درد اَور اُن کی بادشاہی اَور صبر و تحمُّل میں تمہارا شریک حال ہُوں۔ میں خُدا کے کلام کی مُنادی اَور حُضُور عیسیٰ کی گواہی دینے کے باعث جَزِیرہ پتُمسؔ میں جَلاوطنی تھا۔ خُداوؔند کے دِن میں پاک رُوح سے بھر گیا اَور میں نے اَپنے پیچھے نرسنگے کی سِی ایک بڑی آواز سُنی، جِس نے فرمایا، ”جو کچھ تُو دیکھتا ہے اُسے کِتاب میں لِکھ کر ساتوں جماعتوں یعنی اِفِسُسؔ، سُمرنؔہ، پِرگمُنؔ، تھُواتِیؔرہ، سردِیسؔ، فِلدِلفیہؔ اَور لَودِیکیہؔ شہروں کے پاس بھیج دے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 1

مکاشفہ 1:1-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ عیسیٰ مسیح کی طرف سے مکاشفہ ہے جو اللہ نے اُسے عطا کیا تاکہ وہ اپنے خادموں کو وہ کچھ دکھائے جسے جلد ہی پیش آنا ہے۔ اُس نے اپنے فرشتے کو بھیج کر یہ مکاشفہ اپنے خادم یوحنا تک پہنچا دیا۔ اور جو کچھ بھی یوحنا نے دیکھا ہے اُس کی گواہی اُس نے دی ہے، خواہ اللہ کا کلام ہو یا عیسیٰ مسیح کی گواہی۔ مبارک ہے وہ جو اِس نبوّت کی تلاوت کرتا ہے۔ ہاں، مبارک ہیں وہ جو سن کر اپنے دلوں میں اِس کتاب میں درج باتیں محفوظ رکھتے ہیں، کیونکہ یہ جلد ہی پوری ہو جائیں گی۔ یہ خط یوحنا کی طرف سے صوبہ آسیہ کی سات جماعتوں کے لئے ہے۔ آپ کو اللہ کی طرف سے فضل اور سلامتی حاصل رہے، اُس کی طرف سے جو ہے، جو تھا اور جو آنے والا ہے، اُن سات روحوں کی طرف سے جو اُس کے تخت کے سامنے ہوتی ہیں، اور عیسیٰ مسیح کی طرف سے یعنی اُس سے جو اِن باتوں کا وفادار گواہ، مُردوں میں سے پہلا جی اُٹھنے والا اور دنیا کے بادشاہوں کا سردار ہے۔ اُس کی تمجید ہو جو ہمیں پیار کرتا ہے، جس نے اپنے خون سے ہمیں ہمارے گناہوں سے خلاصی بخشی ہے اور جس نے ہمیں شاہی اختیار دے کر اپنے خدا اور باپ کے امام بنا دیا ہے۔ اُسے ازل سے ابد تک جلال اور قدرت حاصل رہے! آمین۔ دیکھیں، وہ بادلوں کے ساتھ آ رہا ہے۔ ہر ایک اُسے دیکھے گا، وہ بھی جنہوں نے اُسے چھیدا تھا۔ اور دنیا کی تمام قومیں اُسے دیکھ کر آہ و زاری کریں گی۔ ہاں، ایسا ہی ہو! آمین۔ رب خدا فرماتا ہے، ”مَیں اوّل اور آخر ہوں، وہ جو ہے، جو تھا اور جو آنے والا ہے، یعنی قادرِ مطلق خدا۔“ مَیں یوحنا آپ کا بھائی اور شریکِ حال ہوں۔ مجھ پر بھی آپ کی طرح ظلم کیا جا رہا ہے۔ مَیں آپ کے ساتھ اللہ کی بادشاہی میں شریک ہوں اور عیسیٰ میں آپ کے ساتھ ثابت قدم رہتا ہوں۔ مجھے اللہ کا کلام سنانے اور عیسیٰ کے بارے میں گواہی دینے کی وجہ سے اِس جزیرے میں جو پتمس کہلاتا ہے چھوڑ دیا گیا۔ رب کے دن یعنی اتوار کو مَیں روح القدس کی گرفت میں آ گیا اور مَیں نے اپنے پیچھے تُرم کی سی ایک اونچی آواز سنی۔ اُس نے کہا، ”جو کچھ تُو دیکھ رہا ہے اُسے ایک کتاب میں لکھ کر اُن سات جماعتوں کو بھیج دینا جو اِفسس، سمرنہ، پرگمن، تھواتیرہ، سردیس، فلدلفیہ اور لودیکیہ میں ہیں۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 1

مکاشفہ 1:1-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

یِسُوعؔ مسِیح کا مُکاشفہ جو اُسے خُدا کی طرف سے اِس لِئے ہُؤا کہ اپنے بندوں کو وہ باتیں دِکھائے جِن کا جلد ہونا ضرُور ہے اور اُس نے اپنے فرِشتہ کو بھیج کر اُس کی معرفت اُنہیں اپنے بندہ یُوؔحنّا پر ظاہِر کِیا۔ جِس نے خُدا کے کلام اور یِسُوعؔ مسِیح کی گواہی کی یعنی اُن سب چِیزوں کی جو اُس نے دیکھی تِھیں شہادت دی۔ اِس نبُوّت کی کِتاب کا پڑھنے والا اور اُس کے سُننے والے اور جو کُچھ اِس میں لِکھا ہے اُس پر عمل کرنے والے مُبارک ہیں کیونکہ وقت نزدِیک ہے۔ یُوحنّا کی جانِب سے اُن سات کلِیسیاؤں کے نام جو آسیہ میں ہیں۔ اُس کی طرف سے جو ہے اور جو تھا اور جو آنے والا ہے اور اُن سات رُوحوں کی طرف سے جو اُس کے تخت کے سامنے ہیں۔ اور یِسُوعؔ مسِیح کی طرف سے جو سچّا گواہ اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے والوں میں پہلوٹھا اور دُنیا کے بادشاہوں پر حاکِم ہے تُمہیں فضل اور اِطمِینان حاصِل ہوتا رہے۔ جو ہم سے مُحبّت رکھتا ہے اور جِس نے اپنے خُون کے وسِیلہ سے ہم کو گُناہوں سے خلاصی بخشی۔ اور ہم کو ایک بادشاہی بھی اور اپنے خُدا اور باپ کے لِئے کاہِن بھی بنا دِیا۔ اُس کا جلال اور سلطنت ابدُالآباد رہے۔ آمِین۔ دیکھو وہ بادِلوں کے ساتھ آنے والا ہے اور ہر ایک آنکھ اُسے دیکھے گی اور جنہوں نے اُسے چھیدا تھا وہ بھی دیکھیں گے اور زمِین پر کے سب قبِیلے اُس کے سبب سے چھاتی پِیٹیں گے۔ بیشک۔ آمِین۔ خُداوند خُدا جو ہے اور جو تھا اور جو آنے والا ہے یعنی قادِرِ مُطلق فرماتا ہے کہ مَیں الفا اور اومیگا ہُوں۔ مَیں یُوؔحنّا جو تُمہارا بھائی اور یِسُوعؔ کی مُصِیبت اور بادشاہی اور صبر میں تُمہارا شرِیک ہُوں خُدا کے کلام اور یِسُوعؔ کی نِسبت گواہی دینے کے باعِث اُس ٹاپُو میں تھا جو پتمُس کہلاتا ہے۔ کہ خُداوند کے دِن رُوح میں آ گیا اور اپنے پِیچھے نرسِنگے کی سی یہ ایک بڑی آواز سُنی۔ کہ جو کُچھ تُو دیکھتا ہے اُس کو کِتاب میں لِکھ کر ساتوں کلِیسیاؤں کے پاس بھیج دے یعنی اِفِسُس اور سمُرنہ اور پِرگمُن اور تھواتِیرہ اور سردِیس اور فِلَدِلفیہ اور لَودِیکیہ میں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 1