YouVersion Logo
تلاش

مُکاشفہ 1:1-11

مُکاشفہ 1:1-11 UCV

حُضُور عیسیٰ المسیؔح کا مُکاشفہ جو اُنہیں خُدا نے عطا فرمایا تاکہ وہ اَپنے بندوں کو وہ باتیں دکھائے جِن کا جلد ہونا ضروُری ہے۔ اَور حُضُور نے اَپنا فرشتہ بھیج کر یہ باتیں اَپنے خادِم یُوحنّؔا پر ظاہر کیا۔ جِس نے اُن سَب چیزوں کی جو اُس نے دیکھی تھیں یعنی خُدا کے کلام اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی گواہی کی بابت تصدیق کرتا ہے۔ مُبارک ہے وہ جو اِس نبُوّت کی کِتاب کو بہ آواز بُلند پڑھتا ہے، اَور وہ مُومِنِین جو اِسے سُنتے ہیں اَور اِس میں لکھی ہویٔی باتوں پر عَمل کرتے ہیں؛ کیونکہ اِن باتوں کے پُورا ہونے کا مُقرّر وقت نَزدیک ہے۔ حضرت یُوحنّؔا کی جانِب سے، اُن سات جماعتوں کے نام جو صُوبہ آسیہؔ میں مَوجُود ہیں: تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے، اَور اُس کی طرف سے جو ہے، اَورجو تھا اَورجو آنے والا ہے، اَور اُن سات رُوحوں یعنی پاک رُوح کی طرف سے جو اُس کے تخت کے سامنے ہے، اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے جو سچّا گواہ اَور مُردوں میں سے جی اُٹھنے وَالوں میں اوّل اَور دُنیا کے بادشاہوں پر حاکم ہے۔ جو ہم سے مَحَبّت رکھتا ہے اَور جِس نے اَپنے خُون کے وسیلہ سے ہم کو ہمارے سارے گُناہوں سے مخلصی بخشی۔ اَور ہمیں اَپنی اُمّت اَور کاہِنؔ بھی بنا دیا تاکہ ہم خُدا اَور باپ کی خدمت کریں۔ اُس کا جلال اَور قُدرت ابدُالآباد ہوتی رہے۔ آمین! ”دیکھو، وہ بادلوں کے ساتھ آ رہے ہیں،“ ”اَور ہر آنکھ اُنہیں دیکھے گی، اَور جنہوں نے حُضُور عیسیٰ کو چھیدا تھا وہ بھی دیکھیں گے؛“ اَور روئے زمین کی ساری قومیں ”اُن کے سبب سے ماتم کریں گی۔“ بے شک اَیسا ہی ہوگا۔ آمین۔ خُداوؔند خُدا جو ہے اَورجو تھا اَورجو آنے والا ہے، یعنی قادرمُطلق فرماتا ہے، ”میں اَلفا اَور اَومیگا یعنی اِبتدا اَور اِنتہا ہُوں۔“ میں، یُوحنّؔا، جو تمہارا بھایٔی اَور حُضُور عیسیٰ کے دُکھ درد اَور اُن کی بادشاہی اَور صبر و تحمُّل میں تمہارا شریک حال ہُوں۔ میں خُدا کے کلام کی مُنادی اَور حُضُور عیسیٰ کی گواہی دینے کے باعث جَزِیرہ پتُمسؔ میں جَلاوطنی تھا۔ خُداوؔند کے دِن میں پاک رُوح سے بھر گیا اَور میں نے اَپنے پیچھے نرسنگے کی سِی ایک بڑی آواز سُنی، جِس نے فرمایا، ”جو کچھ تُو دیکھتا ہے اُسے کِتاب میں لِکھ کر ساتوں جماعتوں یعنی اِفِسُسؔ، سُمرنؔہ، پِرگمُنؔ، تھُواتِیؔرہ، سردِیسؔ، فِلدِلفیہؔ اَور لَودِیکیہؔ شہروں کے پاس بھیج دے۔“

پڑھیں مُکاشفہ 1