زبور 1:95-11
زبور 1:95-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
آؤ ہم یَاہوِہ کے لیٔے خُوشی سے گائیں؛ آؤ ہم اَپنی نَجات کی چٹّان کے سامنے خُوشی کے نعرے ماریں۔ آؤ ہم شُکر گُزاری کے ساتھ اُن کے رُوبرو حاضِر ہُوں اَور نغموں اَور سازوں کے ساتھ اُن کی تعریف کریں۔ کیونکہ یَاہوِہ خُدائے عظیم ہیں، اَور سارے معبُودوں میں بادشاہ وُہی ہیں۔ زمین کی گہرائیاں یَاہوِہ ہی کے ہاتھ میں ہیں، اَور پہاڑوں کی چوٹیاں بھی اُن ہی کی ہیں۔ سمُندر اُن کا ہے کیونکہ اُن ہی نے اُسے بنایا، اَور اُن ہی کے ہاتھوں نے خشک زمین کو تشکیل کیا۔ آؤ ہم اُس کی عبادت کریں اَور اُسے سَجدہ کریں، اَور یَاہوِہ اَپنے خالق کے سامنے گھُٹنے ٹیکیں؛ کیونکہ وہ ہمارے خُدا ہیں اَور ہم اُن کی چراگاہ کے لوگ، اَور اُن کے گلّہ کی بھیڑیں ہیں۔ اگر آج تُم اُن کی آواز سُنو، تُم اَپنے دِلوں کو سخت نہ کرو، جَیسا تمہارے آباؤاَجداد نے مریبہؔ میں کیا تھا، اَور جَیسا اُنہُوں نے اُس دِن بیابان میں مَسّہؔ کے مقام پر کیا تھا، جہاں تمہارے آباؤاَجداد نے مُجھے آزمایا اَور میرا اِمتحان لیا، حالانکہ مَیں نے جو کچھ کیا اُسے اُنہُوں نے دیکھا تھا۔ چالیس سال تک میں اُس پُشت سے ناراض رہا؛ اَور مَیں نے کہا کہ یہ اَیسے لوگ ہیں جِن کے دِل گُمراہ ہوتے رہتے ہیں، اَور اِنہُوں نے میری راہوں کو نہیں پہچانا۔ لہٰذا مَیں نے اَپنے قہر میں قَسم کھا کر اعلان کیا، کہ یہ لوگ میری اُس آرامگاہ میں ہرگز داخل نہ ہوں گے۔
زبور 1:95-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
آؤ، ہم شادیانہ بجا کر رب کی مدح سرائی کریں، خوشی کے نعرے لگا کر اپنی نجات کی چٹان کی تمجید کریں! آؤ، ہم شکرگزاری کے ساتھ اُس کے حضور آئیں، گیت گا کر اُس کی ستائش کریں۔ کیونکہ رب عظیم خدا اور تمام معبودوں پر عظیم بادشاہ ہے۔ اُس کے ہاتھ میں زمین کی گہرائیاں ہیں، اور پہاڑ کی بلندیاں بھی اُسی کی ہیں۔ سمندر اُس کا ہے، کیونکہ اُس نے اُسے خلق کیا۔ خشکی اُس کی ہے، کیونکہ اُس کے ہاتھوں نے اُسے تشکیل دیا۔ آؤ ہم سجدہ کریں اور رب اپنے خالق کے سامنے جھک کر گھٹنے ٹیکیں۔ کیونکہ وہ ہمارا خدا ہے اور ہم اُس کی چراگاہ کی قوم اور اُس کے ہاتھ کی بھیڑیں ہیں۔ اگر تم آج اُس کی آواز سنو ”تو اپنے دلوں کو سخت نہ کرو جس طرح مریبہ میں ہوا، جس طرح ریگستان میں مسّہ میں ہوا۔ وہاں تمہارے باپ دادا نے مجھے آزمایا اور جانچا، حالانکہ اُنہوں نے میرے کام دیکھ لئے تھے۔ چالیس سال مَیں اُس نسل سے گھن کھاتا رہا۔ مَیں بولا، ’اُن کے دل ہمیشہ صحیح راہ سے ہٹ جاتے ہیں، اور وہ میری راہیں نہیں جانتے۔‘ اپنے غضب میں مَیں نے قَسم کھائی، ’یہ کبھی اُس ملک میں داخل نہیں ہوں گے جہاں مَیں اُنہیں سکون دیتا‘۔“
زبور 1:95-11 کِتابِ مُقادّس (URD)
آؤ ہم خُداوند کے حضُور نغمہ سرائی کریں! اپنی نجات کی چٹان کے سامنے خُوشی سے للکاریں۔ شُکرگُذاری کرتے ہُوئے اُس کے حضُور میں حاضِر ہوں۔ مزمُور گاتے ہُوئے اُس کے آگے خُوشی سے للکاریں۔ کیونکہ خُداوند خُدایِ عظِیم ہے اور سب اِلہٰوں پر شاہِ عظِیم ہے۔ زمِین کے گہراؤ اُس کے قبضہ میں ہیں۔ پہاڑوں کی چوٹِیاں بھی اُسی کی ہیں۔ سمُندر اُس کا ہے۔ اُسی نے اُس کو بنایا اور اُسی کے ہاتھوں نے خُشکی کو بھی تیّار کِیا۔ آؤ ہم جُھکیں اور سِجدہ کریں! اور اپنے خالق خُداوند کے حضُور گُھٹنے ٹیکیں۔ کیونکہ وہ ہمارا خُدا ہے اور ہم اُس کی چراگاہ کے لوگ اور اُس کے ہاتھ کی بھیڑیں ہیں۔ کاش کہ آج کے دِن تُم اُس کی آواز سُنتے! تُم اپنے دِل کو سخت نہ کرو جَیسا مرِیبہ میں جَیسا مسّاہ کے دِن بیابان میں کِیا تھا۔ اُس وقت تُمہارے باپ دادا نے مُجھے آزمایا اور میرا اِمتحان کِیا اور میرے کام کو بھی دیکھا۔ چالِیس برس تک مَیں اُس نسل سے بیزار رہا اور مَیں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جِن کے دِل آوارہ ہیں اور اُنہوں نے میری راہوں کو نہیں پہچانا۔ چُنانچہ مَیں نے اپنے غضب میں قَسم کھائی کہ یہ لوگ میرے آرام میں داخِل نہ ہوں گے۔