YouVersion Logo
تلاش

زبور 40:78-72

زبور 40:78-72 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

کتنی بار ویرانہ میں اُنہُوں نے خُدا سے بغاوت کی اَور صحرا میں اُنہیں آزردہ کیا! اُنہُوں نے بار بار خُدا کو آزمایا؛ اَور اِسرائیل کے مُقدّس خُدا کو رنج پہُنچایا۔ اُنہُوں نے خُدا کی قُدرت کو یاد نہ کیا۔ نہ اُس دِن کو جَب خُدا نے فدیہ دے کر اُنہیں ظالِم سے نَجات دِلائی تھی، اَور اُس دِن کو جَب خُدا نے مِصر میں اَپنے معجزانہ نِشان، اَور ضعنؔ کے علاقہ میں اَپنے کارنامے دِکھائے تھے۔ خُدا نے مِصریوں کی ندیوں کو خُون بنا دیا؛ اَور وہ اَپنے دریاؤں سے پی نہ سکے۔ اُنہُوں نے مکھّیوں کے غول بھیجے جو اُنہیں کھاگئے، اَور مینڈک جنہوں نے اُنہیں تباہ کر دیا۔ خُدا نے اُن کی فصل کے کیڑوں کو، اَور اُن کی پیداوار ٹِڈّیوں کو دے دی۔ خُدا نے اُن کی انگور کی بَیلوں کو اولے سے اَور اُن کے گُولر کے درختوں کو پالے سے تباہ کر دیا۔ اُنہُوں نے اُن کے گھریلو گائے بَیلوں کو اولوں کے حوالہ کیا، اَور اُن کی گھریلو بھیڑ بکریوں کو بجلی کے ذریعہ۔ خُدا نے اَپنے غیظ و غضب، طیش اَور عداوت۔ یعنی ہلاکت کے فرشتوں کا لشکر بھیج کر، اَپنا شدید قہر اُن پر نازل کیا۔ اُنہُوں نے اَپنے قہر کے لیٔے راستہ بنایا؛ اَور اُنہیں موت سے نہیں بچایا بَلکہ اُنہیں وَبا کے حوالہ کر دیا۔ اُنہُوں نے مِصر کے سَب پہلوٹھوں کو، یعنی حامؔ کے خیمہ میں اُن کی قُوّتِ مَردی کے پہلے پھل کو مار ڈالا۔ لیکن وہ اَپنے لوگوں کو گلّہ کی مانند نکال لائے؛ اَور بیابان میں اُن کی بھیڑوں کی طرح رہنمائی کی۔ وہ اُنہیں سلامتی سے لے گئے اِس لیٔے وہ ڈرے نہیں؛ لیکن اُن کے دُشمنوں کو سمُندر نے ہڑپ کر لیا۔ اِس طرح وہ اُنہیں اَپنے مُقدّس مُلک کی سرحد تک لے آئے، یعنی اُس کوہستانی مُلک تک جسے اُن کے داہنے ہاتھ نے حاصل کیا تھا۔ اُنہُوں نے دُوسری قوموں کو اُن کے سامنے سے نکال دیا اَور اُن کی زمین اُنہیں مِیراث جریب کے طور پر بانٹ دی؛ اَور اِسرائیلی قبیلوں کو اُن کے خیموں میں بسا دیا۔ لیکن اُنہُوں نے خُدا کو آزمایا، اَور خُداتعالیٰ سے بغاوت کی؛ اَور اُن کے قوانین کو نہ مانا۔ اَور اَپنے آباؤاَجداد کی طرح بےوفا اَور بےایمان نکلے؛ اَور ایک ناقص کمان کی مانند پلٹ گیٔے۔ اُنہُوں نے اَپنے معبُودوں کے لیٔے مذبحے بنانے کے باعث اُنہیں غُصّہ دِلایا؛ اَور اَپنے بُتوں سے اُنہیں غیرت دِلائی۔ جَب خُدا نے اُن کی باتیں سُنیں تو وہ نہایت غضبناک ہُوئے؛ اَور اِسرائیل سے متنفّر ہو گئے۔ اُنہُوں نے شیلوہؔ کے خیمہ اِجتماع کو ترک کر دیا، یعنی اُس خیمہ کو جو اُنہُوں نے بنی آدمؔ کے درمیان کھڑا کیا تھا۔ اُنہُوں نے اَپنی قُوّت کے صندُوق کو اسیری میں، اَور اَپنی شوکت کو دُشمن کے ہاتھ میں جانے دیا۔ اُنہُوں نے اَپنے لوگوں کو تلوار کے حوالہ کر دیا؛ اَور وہ اَپنی مِیراث سے نہایت غضبناک ہو گئے۔ آگ اُن کے جَوانوں کو کھا گئی، اَور اُن کی کنواریوں کے لیٔے نغماتِ عروسی نہ گائے گیٔے؛ اُن کے کاہِنؔ تلوار سے مارے گیٔے، اَور اُن کی بیوائیں ماتم تک نہ کر سکیں۔ تَب خُداوؔند گویا نیند سے جاگ اُٹھے، جَیسے ایک آدمی انگوری شِیرہ کی مخموری سے جاگ اُٹھتا ہے۔ اُنہُوں نے اَپنے دُشمنوں کو مار کر پسپا کر دیا؛ اَور اُنہیں ہمیشہ کے لیٔے رُسوا کیا۔ پھر خُدا نے یُوسیفؔ کے خیموں کو ردّ کر دیا، اُنہُوں نے اِفرائیمؔ کے قبیلہ کو نہ چُنا؛ بَلکہ یہُوداہؔ کے قبیلہ کو چُنا، یعنی کوہِ صِیّونؔ کو جسے وہ پسند کرتے تھے۔ خُدا نے اَپنے پاک مَقدِس کو آسمانوں کی مانند بہت اُونچا تعمیر کیا، اَور زمین کی مانند بنایا جسے اُنہُوں نے ہمیشہ کے لیٔے قائِم کیا۔ اُنہُوں نے اَپنے خادِم داویؔد کو چُنا اَور اُنہیں بھیڑ کے گلّہ میں سے لے لیا؛ وہ اُنہیں بھیڑوں کی گلّہ بانی کرنے سے ہٹا لائے تاکہ وہ اُن کی قوم یعقوب، اَور اُن کی مِیراث اِسرائیل کی گلّہ بانی کریں۔ اَور داویؔد خُلوص دِل سے اُن کی پاسبانی؛ اَور اَپنے ماہر ہاتھوں سے اُن کی رہنمائی کرتے رہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 78

زبور 40:78-72 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ریگستان میں وہ کتنی دفعہ اُس سے سرکش ہوئے، کتنی مرتبہ اُسے دُکھ پہنچایا۔ بار بار اُنہوں نے اللہ کو آزمایا، بار بار اسرائیل کے قدوس کو رنجیدہ کیا۔ اُنہیں اُس کی قدرت یاد نہ رہی، وہ دن جب اُس نے فدیہ دے کر اُنہیں دشمن سے چھڑایا، وہ دن جب اُس نے مصر میں اپنے الٰہی نشان دکھائے، ضُعن کے علاقے میں اپنے معجزے کئے۔ اُس نے اُن کی نہروں کا پانی خون میں بدل دیا، اور وہ اپنی ندیوں کا پانی پی نہ سکے۔ اُس نے اُن کے درمیان جوؤں کے غول بھیجے جو اُنہیں کھا گئیں، مینڈک جو اُن پر تباہی لائے۔ اُن کی پیداوار اُس نے جوان ٹڈیوں کے حوالے کی، اُن کی محنت کا پھل بالغ ٹڈیوں کے سپرد کیا۔ اُن کی انگور کی بیلیں اُس نے اولوں سے، اُن کے انجیرتوت کے درخت سیلاب سے تباہ کر دیئے۔ اُن کے مویشی اُس نے اولوں کے حوالے کئے، اُن کے ریوڑ بجلی کے سپرد کئے۔ اُس نے اُن پر اپنا شعلہ زن غضب نازل کیا۔ قہر، خفگی اور مصیبت یعنی تباہی لانے والے فرشتوں کا پورا دستہ اُن پر حملہ آور ہوا۔ اُس نے اپنے غضب کے لئے راستہ تیار کر کے اُنہیں موت سے نہ بچایا بلکہ مہلک وبا کی زد میں آنے دیا۔ مصر میں اُس نے تمام پہلوٹھوں کو مار ڈالا اور حام کے خیموں میں مردانگی کا پہلا پھل تمام کر دیا۔ پھر وہ اپنی قوم کو بھیڑبکریوں کی طرح مصر سے باہر لا کر ریگستان میں ریوڑ کی طرح لئے پھرا۔ وہ حفاظت سے اُن کی قیادت کرتا رہا۔ اُنہیں کوئی ڈر نہیں تھا جبکہ اُن کے دشمن سمندر میں ڈوب گئے۔ یوں اللہ نے اُنہیں مُقدّس ملک تک پہنچایا، اُس پہاڑ تک جسے اُس کے دہنے ہاتھ نے حاصل کیا تھا۔ اُن کے آگے آگے وہ دیگر قومیں نکالتا گیا۔ اُن کی زمین اُس نے تقسیم کر کے اسرائیلیوں کو میراث میں دی، اور اُن کے خیموں میں اُس نے اسرائیلی قبیلے بسائے۔ اِس کے باوجود وہ اللہ تعالیٰ کو آزمانے سے باز نہ آئے بلکہ اُس سے سرکش ہوئے اور اُس کے احکام کے تابع نہ رہے۔ اپنے باپ دادا کی طرح وہ غدار بن کر بےوفا ہوئے۔ وہ ڈھیلی کمان کی طرح ناکام ہو گئے۔ اُنہوں نے اونچی جگہوں کی غلط قربان گاہوں سے اللہ کو غصہ دلایا اور اپنے بُتوں سے اُسے رنجیدہ کیا۔ جب اللہ کو خبر ملی تو وہ غضب ناک ہوا اور اسرائیل کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ اُس نے سَیلا میں اپنی سکونت گاہ چھوڑ دی، وہ خیمہ جس میں وہ انسان کے درمیان سکونت کرتا تھا۔ عہد کا صندوق اُس کی قدرت اور جلال کا نشان تھا، لیکن اُس نے اُسے دشمن کے حوالے کر کے جلاوطنی میں جانے دیا۔ اپنی قوم کو اُس نے تلوار کی زد میں آنے دیا، کیونکہ وہ اپنی موروثی ملکیت سے نہایت ناراض تھا۔ قوم کے جوان نذرِ آتش ہوئے، اور اُس کی کنواریوں کے لئے شادی کے گیت گائے نہ گئے۔ اُس کے امام تلوار سے قتل ہوئے، اور اُس کی بیواؤں نے ماتم نہ کیا۔ تب رب جاگ اُٹھا، اُس آدمی کی طرح جس کی نیند اُچاٹ ہو گئی ہو، اُس سورمے کی مانند جس سے نشے کا اثر اُتر گیا ہو۔ اُس نے اپنے دشمنوں کو مار مار کر بھگا دیا اور اُنہیں ہمیشہ کے لئے شرمندہ کر دیا۔ اُس وقت اُس نے یوسف کا خیمہ رد کیا اور افرائیم کے قبیلے کو نہ چنا بلکہ یہوداہ کے قبیلے اور کوہِ صیون کو چن لیا جو اُسے پیارا تھا۔ اُس نے اپنا مقدِس بلندیوں کی مانند بنایا، زمین کی مانند جسے اُس نے ہمیشہ کے لئے قائم کیا ہے۔ اُس نے اپنے خادم داؤد کو چن کر بھیڑبکریوں کے باڑوں سے بُلایا۔ ہاں، اُس نے اُسے بھیڑوں کی دیکھ بھال سے بُلایا تاکہ وہ اُس کی قوم یعقوب، اُس کی میراث اسرائیل کی گلہ بانی کرے۔ داؤد نے خلوص دلی سے اُن کی گلہ بانی کی، بڑی مہارت سے اُس نے اُن کی راہنمائی کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 78

زبور 40:78-72 کِتابِ مُقادّس (URD)

کِتنی بار اُنہوں نے بیابان میں اُس سے سرکشی کی اور صحرا میں اُسے آزُردہ کِیا! اور وہ پِھر خُدا کو آزمانے لگے اور اُنہوں نے اِسرائیل کے قدُوُّس کو ناراض کِیا۔ اُنہوں نے اُس کے ہاتھ کو یاد نہ رکھّا۔ نہ اُس دِن کو جب اُس نے فِدیہ دے کر اُن کو مُخالِف سے رہائی بخشی۔ اُس نے مِصرؔ میں اپنے نِشان دِکھائے اور ضُعن کے عِلاقہ میں اپنے عجائِب اور اُن کے دریاؤں کو خُون بنا دِیا اور وہ اپنی ندیوں سے پی نہ سکے۔ اُس نے اُن پر مچھّروں کے غول بھیجے جو اُن کو کھا گئے۔ اور مینڈک جِنہوں نے اُن کو تباہ کر دِیا۔ اُس نے اُن کی پَیداوار کِیڑوں کو اور اُن کی مِحنت کا پَھل ٹِڈّیوں کو دے دِیا۔ اُس نے اُن کی تاکوں کو اَولوں سے اور اُن کے گُولر کے درختوں کو پالے سے مارا۔ اُس نے اُن کے چَوپایوں کو اَولوں کے حوالہ کِیا اور اُن کی بھیڑ بکرِیوں کو بِجلی کے۔ اُس نے عذاب کے فرِشتوں کی فَوج بھیج کر اپنے قہر کی شِدّت غَیظ و غضب اور بلا کو اُن پر نازِل کِیا۔ اُس نے اپنے قہر کے لِئے راستہ بنایا اور اُن کی جان مَوت سے نہ بچائی بلکہ اُن کی زِندگی وبا کے حوالہ کی۔ اُس نے مِصرؔ کے سب پہلوٹھوں کو یعنی حام کے مسکنوں میں اُن کی قُوّت کے پہلے پَھل کو مارا۔ لیکن وہ اپنے لوگوں کو بھیڑوں کی مانِند لے چلا اور بیابان میں گلّہ کی مانِند اُن کی رہنُمائی کی۔ اور وہ اُن کو سلامت لے گیا اور وہ نہ ڈرے۔ لیکن اُن کے دُشمنوں کو سمُندر نے چِھپا لِیا۔ اور وہ اُن کو اپنے مَقدِس کی سرحد تک لایا۔ یعنی اُس پہاڑ تک جِسے اُس کے دہنے ہاتھ نے حاصِل کِیا تھا۔ اُس نے اَور قَوموں کو اُن کے سامنے سے نِکال دِیا جِن کی مِیراث جرِیب ڈال کر اُن کو بانٹ دی اور جِن کے خَیموں میں اِسرائیل کے قبِیلوں کو بسایا۔ تَو بھی اُنہوں نے خُدا تعالیٰ کو آزمایا اور اُس سے سرکشی کی اور اُس کی شہادتوں کو نہ مانا بلکہ برگشتہ ہو کر اپنے باپ دادا کی طرح بے وفائی کی اور دھوکا دینے والی کمان کی طرح ایک طرف کو جُھک گئے۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنے اُونچے مقاموں کے باعِث اُس کا قہر بھڑکایا اور اپنی کھودی ہُوئی مُورتوں سے اُسے غَیرت دِلائی۔ خُدا یہ سُن کر غضب ناک ہُؤا اور اِسرائیل سے سخت نفرت کی۔ سو اُس نے سَیلا کے مسکن کو ترک کر دِیا یعنی اُس خَیمہ کو جو بنی آدمؔ کے درمیان کھڑا کِیا تھا اور اُس نے اپنی قُوّت کو اسِیری میں اور اپنی حشمت کو مُخالِف کے ہاتھ میں دے دِیا۔ اُس نے اپنے لوگوں کو تلوار کے حوالہ کر دِیا اور وہ اپنی مِیراث سے غضب ناک ہو گیا۔ آگ اُن کے جوانوں کو کھا گئی اور اُن کی کُنواریوں کے سُہاگ نہ گائے گئے۔ اُن کے کاہِن تلوار سے مارے گئے اور اُن کی بیواؤں نے نَوحہ نہ کِیا۔ تب خُداوند گویا نِیند سے جاگ اُٹھا۔ اُس زبردست آدمی کی طرح جو مَے کے سبب سے للکارتا ہو اور اُس نے اپنے مُخالِفوں کو مار کر پسپا کر دِیا۔ اُس نے اُن کو ہمیشہ کے لِئے رُسوا کِیا۔ اور اُس نے یُوسفؔ کے خَیمہ کو چھوڑ دِیا اور اِفرائِیم کے قبِیلہ کو نہ چُنا۔ بلکہ یہُوداؔہ کے قبِیلہ کو چُنا۔ اُسی کوہِ صِیُّون کو جِس سے اُس کو مُحبّت تھی اور اپنے مَقدِس کو پہاڑوں کی مانِند تعمِیر کِیا اور زمِین کی مانِند جِسے اُس نے ہمیشہ کے لِئے قائِم کِیا ہے اُس نے اپنے بندہ داؤُد کو بھی چُنا اور بھیڑسالوں میں سے اُسے لے لِیا۔ وہ اُسے بچّے والی بھیڑوں کی چَوپانی سے ہٹا لایا تاکہ اُس کی قَوم یعقُوب اور اُس کی مِیراث اِسرائیل کی گلّہ بانی کرے۔ سو اُس نے خلُوصِ دِل سے اُن کی پاسبانی کی اور اپنے ماہِر ہاتھوں سے اُن کی راہنُمائی کرتا رہا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 78