کتنی بار ویرانہ میں اُنہُوں نے خُدا سے بغاوت کی اَور صحرا میں اُنہیں آزردہ کیا! اُنہُوں نے بار بار خُدا کو آزمایا؛ اَور اِسرائیل کے مُقدّس خُدا کو رنج پہُنچایا۔ اُنہُوں نے خُدا کی قُدرت کو یاد نہ کیا۔ نہ اُس دِن کو جَب خُدا نے فدیہ دے کر اُنہیں ظالِم سے نَجات دِلائی تھی، اَور اُس دِن کو جَب خُدا نے مِصر میں اَپنے معجزانہ نِشان، اَور ضعنؔ کے علاقہ میں اَپنے کارنامے دِکھائے تھے۔ خُدا نے مِصریوں کی ندیوں کو خُون بنا دیا؛ اَور وہ اَپنے دریاؤں سے پی نہ سکے۔ اُنہُوں نے مکھّیوں کے غول بھیجے جو اُنہیں کھاگئے، اَور مینڈک جنہوں نے اُنہیں تباہ کر دیا۔ خُدا نے اُن کی فصل کے کیڑوں کو، اَور اُن کی پیداوار ٹِڈّیوں کو دے دی۔ خُدا نے اُن کی انگور کی بَیلوں کو اولے سے اَور اُن کے گُولر کے درختوں کو پالے سے تباہ کر دیا۔ اُنہُوں نے اُن کے گھریلو گائے بَیلوں کو اولوں کے حوالہ کیا، اَور اُن کی گھریلو بھیڑ بکریوں کو بجلی کے ذریعہ۔ خُدا نے اَپنے غیظ و غضب، طیش اَور عداوت۔ یعنی ہلاکت کے فرشتوں کا لشکر بھیج کر، اَپنا شدید قہر اُن پر نازل کیا۔ اُنہُوں نے اَپنے قہر کے لیٔے راستہ بنایا؛ اَور اُنہیں موت سے نہیں بچایا بَلکہ اُنہیں وَبا کے حوالہ کر دیا۔ اُنہُوں نے مِصر کے سَب پہلوٹھوں کو، یعنی حامؔ کے خیمہ میں اُن کی قُوّتِ مَردی کے پہلے پھل کو مار ڈالا۔ لیکن وہ اَپنے لوگوں کو گلّہ کی مانند نکال لائے؛ اَور بیابان میں اُن کی بھیڑوں کی طرح رہنمائی کی۔ وہ اُنہیں سلامتی سے لے گئے اِس لیٔے وہ ڈرے نہیں؛ لیکن اُن کے دُشمنوں کو سمُندر نے ہڑپ کر لیا۔ اِس طرح وہ اُنہیں اَپنے مُقدّس مُلک کی سرحد تک لے آئے، یعنی اُس کوہستانی مُلک تک جسے اُن کے داہنے ہاتھ نے حاصل کیا تھا۔ اُنہُوں نے دُوسری قوموں کو اُن کے سامنے سے نکال دیا اَور اُن کی زمین اُنہیں مِیراث جریب کے طور پر بانٹ دی؛ اَور اِسرائیلی قبیلوں کو اُن کے خیموں میں بسا دیا۔ لیکن اُنہُوں نے خُدا کو آزمایا، اَور خُداتعالیٰ سے بغاوت کی؛ اَور اُن کے قوانین کو نہ مانا۔ اَور اَپنے آباؤاَجداد کی طرح بےوفا اَور بےایمان نکلے؛ اَور ایک ناقص کمان کی مانند پلٹ گیٔے۔ اُنہُوں نے اَپنے معبُودوں کے لیٔے مذبحے بنانے کے باعث اُنہیں غُصّہ دِلایا؛ اَور اَپنے بُتوں سے اُنہیں غیرت دِلائی۔ جَب خُدا نے اُن کی باتیں سُنیں تو وہ نہایت غضبناک ہُوئے؛ اَور اِسرائیل سے متنفّر ہو گئے۔ اُنہُوں نے شیلوہؔ کے خیمہ اِجتماع کو ترک کر دیا، یعنی اُس خیمہ کو جو اُنہُوں نے بنی آدمؔ کے درمیان کھڑا کیا تھا۔ اُنہُوں نے اَپنی قُوّت کے صندُوق کو اسیری میں، اَور اَپنی شوکت کو دُشمن کے ہاتھ میں جانے دیا۔ اُنہُوں نے اَپنے لوگوں کو تلوار کے حوالہ کر دیا؛ اَور وہ اَپنی مِیراث سے نہایت غضبناک ہو گئے۔ آگ اُن کے جَوانوں کو کھا گئی، اَور اُن کی کنواریوں کے لیٔے نغماتِ عروسی نہ گائے گیٔے؛ اُن کے کاہِنؔ تلوار سے مارے گیٔے، اَور اُن کی بیوائیں ماتم تک نہ کر سکیں۔ تَب خُداوؔند گویا نیند سے جاگ اُٹھے، جَیسے ایک آدمی انگوری شِیرہ کی مخموری سے جاگ اُٹھتا ہے۔ اُنہُوں نے اَپنے دُشمنوں کو مار کر پسپا کر دیا؛ اَور اُنہیں ہمیشہ کے لیٔے رُسوا کیا۔ پھر خُدا نے یُوسیفؔ کے خیموں کو ردّ کر دیا، اُنہُوں نے اِفرائیمؔ کے قبیلہ کو نہ چُنا؛ بَلکہ یہُوداہؔ کے قبیلہ کو چُنا، یعنی کوہِ صِیّونؔ کو جسے وہ پسند کرتے تھے۔ خُدا نے اَپنے پاک مَقدِس کو آسمانوں کی مانند بہت اُونچا تعمیر کیا، اَور زمین کی مانند بنایا جسے اُنہُوں نے ہمیشہ کے لیٔے قائِم کیا۔ اُنہُوں نے اَپنے خادِم داویؔد کو چُنا اَور اُنہیں بھیڑ کے گلّہ میں سے لے لیا؛ وہ اُنہیں بھیڑوں کی گلّہ بانی کرنے سے ہٹا لائے تاکہ وہ اُن کی قوم یعقوب، اَور اُن کی مِیراث اِسرائیل کی گلّہ بانی کریں۔ اَور داویؔد خُلوص دِل سے اُن کی پاسبانی؛ اَور اَپنے ماہر ہاتھوں سے اُن کی رہنمائی کرتے رہے۔
پڑھیں زبُور 78
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: زبُور 40:78-72
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos