زبور 34:78-55

زبور 34:78-55 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

جَب کبھی خُدا اُنہیں قتل کرتے، وہ خُدا کے طالب ہوتے؛ اَور دِل و جان سے دوبارہ اُن کی طرف رُجُوع کرتے۔ اَور اُنہیں یاد آتا کہ خُدا اُن کی چٹّان ہیں، اَور خُداتعالیٰ اُن کے نَجات دِہندہ ہیں۔ لیکن تَب وہ اَپنے مُنہ سے اُن کی جھُوٹی خُوشامد کرتے، اَور اَپنی زبان سے اُن سے جھُوٹ بولتے؛ اُن کے دِل میں اُن کے لیٔے خُلوص نہ تھا، اَور نہ وہ اُن کے عہد ہی کے وفادار نکلے۔ تو بھی خُدا نے رحم کیا، خُدا نے اُن کی بدکاریاں بخش دیں اَور اُنہیں ہلاک نہیں کیا۔ بارہا خُدا نے اَپنے قہر کو روکا اَور اَپنے غضب کو پُورے طور پر بھڑکنے نہ دیا۔ خُدا کو یاد تھا کہ وہ محض بشر ہیں، اَور ہَوا کا جھونکا جو واپس نہیں آتا۔ کتنی بار ویرانہ میں اُنہُوں نے خُدا سے بغاوت کی اَور صحرا میں اُنہیں آزردہ کیا! اُنہُوں نے بار بار خُدا کو آزمایا؛ اَور اِسرائیل کے مُقدّس خُدا کو رنج پہُنچایا۔ اُنہُوں نے خُدا کی قُدرت کو یاد نہ کیا۔ نہ اُس دِن کو جَب خُدا نے فدیہ دے کر اُنہیں ظالِم سے نَجات دِلائی تھی، اَور اُس دِن کو جَب خُدا نے مِصر میں اَپنے معجزانہ نِشان، اَور ضعنؔ کے علاقہ میں اَپنے کارنامے دِکھائے تھے۔ خُدا نے مِصریوں کی ندیوں کو خُون بنا دیا؛ اَور وہ اَپنے دریاؤں سے پی نہ سکے۔ اُنہُوں نے مکھّیوں کے غول بھیجے جو اُنہیں کھاگئے، اَور مینڈک جنہوں نے اُنہیں تباہ کر دیا۔ خُدا نے اُن کی فصل کے کیڑوں کو، اَور اُن کی پیداوار ٹِڈّیوں کو دے دی۔ خُدا نے اُن کی انگور کی بَیلوں کو اولے سے اَور اُن کے گُولر کے درختوں کو پالے سے تباہ کر دیا۔ اُنہُوں نے اُن کے گھریلو گائے بَیلوں کو اولوں کے حوالہ کیا، اَور اُن کی گھریلو بھیڑ بکریوں کو بجلی کے ذریعہ۔ خُدا نے اَپنے غیظ و غضب، طیش اَور عداوت۔ یعنی ہلاکت کے فرشتوں کا لشکر بھیج کر، اَپنا شدید قہر اُن پر نازل کیا۔ اُنہُوں نے اَپنے قہر کے لیٔے راستہ بنایا؛ اَور اُنہیں موت سے نہیں بچایا بَلکہ اُنہیں وَبا کے حوالہ کر دیا۔ اُنہُوں نے مِصر کے سَب پہلوٹھوں کو، یعنی حامؔ کے خیمہ میں اُن کی قُوّتِ مَردی کے پہلے پھل کو مار ڈالا۔ لیکن وہ اَپنے لوگوں کو گلّہ کی مانند نکال لائے؛ اَور بیابان میں اُن کی بھیڑوں کی طرح رہنمائی کی۔ وہ اُنہیں سلامتی سے لے گئے اِس لیٔے وہ ڈرے نہیں؛ لیکن اُن کے دُشمنوں کو سمُندر نے ہڑپ کر لیا۔ اِس طرح وہ اُنہیں اَپنے مُقدّس مُلک کی سرحد تک لے آئے، یعنی اُس کوہستانی مُلک تک جسے اُن کے داہنے ہاتھ نے حاصل کیا تھا۔ اُنہُوں نے دُوسری قوموں کو اُن کے سامنے سے نکال دیا اَور اُن کی زمین اُنہیں مِیراث جریب کے طور پر بانٹ دی؛ اَور اِسرائیلی قبیلوں کو اُن کے خیموں میں بسا دیا۔

زبور 34:78-55 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جب کبھی اللہ نے اُن میں قتل و غارت ہونے دی تو وہ اُسے ڈھونڈنے لگے، وہ مُڑ کر اللہ کو تلاش کرنے لگے۔ تب اُنہیں یاد آیا کہ اللہ ہماری چٹان، اللہ تعالیٰ ہمارا چھڑانے والا ہے۔ لیکن وہ منہ سے اُسے دھوکا دیتے، زبان سے اُسے جھوٹ پیش کرتے تھے۔ نہ اُن کے دل ثابت قدمی سے اُس کے ساتھ لپٹے رہے، نہ وہ اُس کے عہد کے وفادار رہے۔ توبھی اللہ رحم دل رہا۔ اُس نے اُنہیں تباہ نہ کیا بلکہ اُن کا قصور معاف کرتا رہا۔ بار بار وہ اپنے غضب سے باز آیا، بار بار اپنا پورا قہر اُن پر اُتارنے سے گریز کیا۔ کیونکہ اُسے یاد رہا کہ وہ فانی انسان ہیں، ہَوا کا ایک جھونکا جو گزر کر کبھی واپس نہیں آتا۔ ریگستان میں وہ کتنی دفعہ اُس سے سرکش ہوئے، کتنی مرتبہ اُسے دُکھ پہنچایا۔ بار بار اُنہوں نے اللہ کو آزمایا، بار بار اسرائیل کے قدوس کو رنجیدہ کیا۔ اُنہیں اُس کی قدرت یاد نہ رہی، وہ دن جب اُس نے فدیہ دے کر اُنہیں دشمن سے چھڑایا، وہ دن جب اُس نے مصر میں اپنے الٰہی نشان دکھائے، ضُعن کے علاقے میں اپنے معجزے کئے۔ اُس نے اُن کی نہروں کا پانی خون میں بدل دیا، اور وہ اپنی ندیوں کا پانی پی نہ سکے۔ اُس نے اُن کے درمیان جوؤں کے غول بھیجے جو اُنہیں کھا گئیں، مینڈک جو اُن پر تباہی لائے۔ اُن کی پیداوار اُس نے جوان ٹڈیوں کے حوالے کی، اُن کی محنت کا پھل بالغ ٹڈیوں کے سپرد کیا۔ اُن کی انگور کی بیلیں اُس نے اولوں سے، اُن کے انجیرتوت کے درخت سیلاب سے تباہ کر دیئے۔ اُن کے مویشی اُس نے اولوں کے حوالے کئے، اُن کے ریوڑ بجلی کے سپرد کئے۔ اُس نے اُن پر اپنا شعلہ زن غضب نازل کیا۔ قہر، خفگی اور مصیبت یعنی تباہی لانے والے فرشتوں کا پورا دستہ اُن پر حملہ آور ہوا۔ اُس نے اپنے غضب کے لئے راستہ تیار کر کے اُنہیں موت سے نہ بچایا بلکہ مہلک وبا کی زد میں آنے دیا۔ مصر میں اُس نے تمام پہلوٹھوں کو مار ڈالا اور حام کے خیموں میں مردانگی کا پہلا پھل تمام کر دیا۔ پھر وہ اپنی قوم کو بھیڑبکریوں کی طرح مصر سے باہر لا کر ریگستان میں ریوڑ کی طرح لئے پھرا۔ وہ حفاظت سے اُن کی قیادت کرتا رہا۔ اُنہیں کوئی ڈر نہیں تھا جبکہ اُن کے دشمن سمندر میں ڈوب گئے۔ یوں اللہ نے اُنہیں مُقدّس ملک تک پہنچایا، اُس پہاڑ تک جسے اُس کے دہنے ہاتھ نے حاصل کیا تھا۔ اُن کے آگے آگے وہ دیگر قومیں نکالتا گیا۔ اُن کی زمین اُس نے تقسیم کر کے اسرائیلیوں کو میراث میں دی، اور اُن کے خیموں میں اُس نے اسرائیلی قبیلے بسائے۔

زبور 34:78-55 کِتابِ مُقادّس (URD)

جب وہ اُن کو قتل کرنے لگا تو وہ اُس کے طالِب ہُوئے اور رجُوع ہو کر دِل و جان سے خُدا کو ڈُھونڈنے لگے اور اُن کو یاد آیا کہ خُدا اُن کی چٹان اور حق تعالیٰ اُن کا فِدیہ دینے والا ہے۔ لیکن اُنہوں نے اپنے مُنہ سے اُس کی خُوشامد کی اور اپنی زُبان سے اُس سے جُھوٹ بولا کیونکہ اُن کا دِل اُس کے حضُور درُست نہ تھا اور وہ اُس کے عہد میں وفادار نہ نِکلے۔ لیکن وہ رحِیم ہو کر بدکاری مُعاف کرتا ہے اور ہلاک نہیں کرتا بلکہ بارہا اپنے قہر کو روک لیتا ہے اور اپنے پُورے غضب کو بھڑکنے نہیں دیتا اور اُسے یاد رہتا ہے کہ یہ محض بشر ہیں یعنی ہوا جو چلی جاتی ہے اور پِھر نہیں آتی۔ کِتنی بار اُنہوں نے بیابان میں اُس سے سرکشی کی اور صحرا میں اُسے آزُردہ کِیا! اور وہ پِھر خُدا کو آزمانے لگے اور اُنہوں نے اِسرائیل کے قدُوُّس کو ناراض کِیا۔ اُنہوں نے اُس کے ہاتھ کو یاد نہ رکھّا۔ نہ اُس دِن کو جب اُس نے فِدیہ دے کر اُن کو مُخالِف سے رہائی بخشی۔ اُس نے مِصرؔ میں اپنے نِشان دِکھائے اور ضُعن کے عِلاقہ میں اپنے عجائِب اور اُن کے دریاؤں کو خُون بنا دِیا اور وہ اپنی ندیوں سے پی نہ سکے۔ اُس نے اُن پر مچھّروں کے غول بھیجے جو اُن کو کھا گئے۔ اور مینڈک جِنہوں نے اُن کو تباہ کر دِیا۔ اُس نے اُن کی پَیداوار کِیڑوں کو اور اُن کی مِحنت کا پَھل ٹِڈّیوں کو دے دِیا۔ اُس نے اُن کی تاکوں کو اَولوں سے اور اُن کے گُولر کے درختوں کو پالے سے مارا۔ اُس نے اُن کے چَوپایوں کو اَولوں کے حوالہ کِیا اور اُن کی بھیڑ بکرِیوں کو بِجلی کے۔ اُس نے عذاب کے فرِشتوں کی فَوج بھیج کر اپنے قہر کی شِدّت غَیظ و غضب اور بلا کو اُن پر نازِل کِیا۔ اُس نے اپنے قہر کے لِئے راستہ بنایا اور اُن کی جان مَوت سے نہ بچائی بلکہ اُن کی زِندگی وبا کے حوالہ کی۔ اُس نے مِصرؔ کے سب پہلوٹھوں کو یعنی حام کے مسکنوں میں اُن کی قُوّت کے پہلے پَھل کو مارا۔ لیکن وہ اپنے لوگوں کو بھیڑوں کی مانِند لے چلا اور بیابان میں گلّہ کی مانِند اُن کی رہنُمائی کی۔ اور وہ اُن کو سلامت لے گیا اور وہ نہ ڈرے۔ لیکن اُن کے دُشمنوں کو سمُندر نے چِھپا لِیا۔ اور وہ اُن کو اپنے مَقدِس کی سرحد تک لایا۔ یعنی اُس پہاڑ تک جِسے اُس کے دہنے ہاتھ نے حاصِل کِیا تھا۔ اُس نے اَور قَوموں کو اُن کے سامنے سے نِکال دِیا جِن کی مِیراث جرِیب ڈال کر اُن کو بانٹ دی اور جِن کے خَیموں میں اِسرائیل کے قبِیلوں کو بسایا۔