زبُور 34:78-55

زبُور 34:78-55 UCV

جَب کبھی خُدا اُنہیں قتل کرتے، وہ خُدا کے طالب ہوتے؛ اَور دِل و جان سے دوبارہ اُن کی طرف رُجُوع کرتے۔ اَور اُنہیں یاد آتا کہ خُدا اُن کی چٹّان ہیں، اَور خُداتعالیٰ اُن کے نَجات دِہندہ ہیں۔ لیکن تَب وہ اَپنے مُنہ سے اُن کی جھُوٹی خُوشامد کرتے، اَور اَپنی زبان سے اُن سے جھُوٹ بولتے؛ اُن کے دِل میں اُن کے لیٔے خُلوص نہ تھا، اَور نہ وہ اُن کے عہد ہی کے وفادار نکلے۔ تو بھی خُدا نے رحم کیا، خُدا نے اُن کی بدکاریاں بخش دیں اَور اُنہیں ہلاک نہیں کیا۔ بارہا خُدا نے اَپنے قہر کو روکا اَور اَپنے غضب کو پُورے طور پر بھڑکنے نہ دیا۔ خُدا کو یاد تھا کہ وہ محض بشر ہیں، اَور ہَوا کا جھونکا جو واپس نہیں آتا۔ کتنی بار ویرانہ میں اُنہُوں نے خُدا سے بغاوت کی اَور صحرا میں اُنہیں آزردہ کیا! اُنہُوں نے بار بار خُدا کو آزمایا؛ اَور اِسرائیل کے مُقدّس خُدا کو رنج پہُنچایا۔ اُنہُوں نے خُدا کی قُدرت کو یاد نہ کیا۔ نہ اُس دِن کو جَب خُدا نے فدیہ دے کر اُنہیں ظالِم سے نَجات دِلائی تھی، اَور اُس دِن کو جَب خُدا نے مِصر میں اَپنے معجزانہ نِشان، اَور ضعنؔ کے علاقہ میں اَپنے کارنامے دِکھائے تھے۔ خُدا نے مِصریوں کی ندیوں کو خُون بنا دیا؛ اَور وہ اَپنے دریاؤں سے پی نہ سکے۔ اُنہُوں نے مکھّیوں کے غول بھیجے جو اُنہیں کھاگئے، اَور مینڈک جنہوں نے اُنہیں تباہ کر دیا۔ خُدا نے اُن کی فصل کے کیڑوں کو، اَور اُن کی پیداوار ٹِڈّیوں کو دے دی۔ خُدا نے اُن کی انگور کی بَیلوں کو اولے سے اَور اُن کے گُولر کے درختوں کو پالے سے تباہ کر دیا۔ اُنہُوں نے اُن کے گھریلو گائے بَیلوں کو اولوں کے حوالہ کیا، اَور اُن کی گھریلو بھیڑ بکریوں کو بجلی کے ذریعہ۔ خُدا نے اَپنے غیظ و غضب، طیش اَور عداوت۔ یعنی ہلاکت کے فرشتوں کا لشکر بھیج کر، اَپنا شدید قہر اُن پر نازل کیا۔ اُنہُوں نے اَپنے قہر کے لیٔے راستہ بنایا؛ اَور اُنہیں موت سے نہیں بچایا بَلکہ اُنہیں وَبا کے حوالہ کر دیا۔ اُنہُوں نے مِصر کے سَب پہلوٹھوں کو، یعنی حامؔ کے خیمہ میں اُن کی قُوّتِ مَردی کے پہلے پھل کو مار ڈالا۔ لیکن وہ اَپنے لوگوں کو گلّہ کی مانند نکال لائے؛ اَور بیابان میں اُن کی بھیڑوں کی طرح رہنمائی کی۔ وہ اُنہیں سلامتی سے لے گئے اِس لیٔے وہ ڈرے نہیں؛ لیکن اُن کے دُشمنوں کو سمُندر نے ہڑپ کر لیا۔ اِس طرح وہ اُنہیں اَپنے مُقدّس مُلک کی سرحد تک لے آئے، یعنی اُس کوہستانی مُلک تک جسے اُن کے داہنے ہاتھ نے حاصل کیا تھا۔ اُنہُوں نے دُوسری قوموں کو اُن کے سامنے سے نکال دیا اَور اُن کی زمین اُنہیں مِیراث جریب کے طور پر بانٹ دی؛ اَور اِسرائیلی قبیلوں کو اُن کے خیموں میں بسا دیا۔