زبور 21:78-33
زبور 21:78-33 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب یَاہوِہ نے اُن کی باتیں سُنیں تو وہ نہایت غضبناک ہُوئے؛ لہٰذا یعقوب کے خِلاف اُن کے غُصّہ کی آگ بھڑک اُٹھی، اَور اِسرائیل پر اُن کا قہر ٹوٹ پڑا، کیونکہ وہ خُدا پر ایمان نہ لایٔے اَور اُن کی نَجات پر بھروسا نہ کیا۔ تو بھی اُنہُوں نے اُوپر افلاک کو حُکم دیا اَور آسمان کے دروازے کھول دئیے؛ اُنہُوں نے اُمّت کے کھانے کے لیٔے مَنّا برسایا، اَور اُنہیں آسمانی خُوراک عنایت فرمائی۔ اِنسانوں نے فرشتوں کی غِذا کھائی؛ اَور جِتنی رسد اُنہیں درکار تھی اُتنی بھیج دی۔ اُنہُوں نے آسمان میں مشرقی ہَوا چلائی اَور اَپنی قُدرت سے جُنوبی ہَوا چلائی۔ اُنہُوں نے خاک کی مانند اُن پر گوشت برسایا، اَور سمُندر کے کنارے کی ریت کی طرح بے شُمار پرندے بھیجے۔ خُدا نے اُنہیں اُن کی قِیام گاہ میں، اَور اُن کے خیموں کے اطراف گرا دیا۔ اُنہُوں نے جی بھرکے کھایا، کیونکہ اُنہُوں نے اُن کی دِلی تمنّا پُوری کی تھی۔ لیکن اِس سے پہلے کہ اُن کا دِل اِس غِذا سے بھرجاتا جِس کے لیٔے وہ ترستے تھے، اَور ابھی وہ اُن کے مُنہ میں ہی تھی، خُدا کا قہر اُن پر بھڑک اُٹھا؛ اَور خُدا نے اُن کے موٹے اَور بھاری بھر کم لوگوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا، اَور اِسرائیلی جَوانوں کو مار گرایا۔ اِس کے باوُجُود وہ گُناہ کرتے رہے؛ اَور اُن کے معجزوں کے باوُجُود وہ ایمان نہ لایٔے۔ اِس لیٔے خُدا نے اُن کے دِنوں کو رائگاں کر دیا اَور اُن کے سالوں کو دہشت میں گزر جانے دیا۔
زبور 21:78-33 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ سن کر رب طیش میں آ گیا۔ یعقوب کے خلاف آگ بھڑک اُٹھی، اور اُس کا غضب اسرائیل پر نازل ہوا۔ کیوں؟ اِس لئے کہ اُنہیں اللہ پر یقین نہیں تھا، وہ اُس کی نجات پر بھروسا نہیں رکھتے تھے۔ اِس کے باوجود اللہ نے اُن کے اوپر بادلوں کو حکم دے کر آسمان کے دروازے کھول دیئے۔ اُس نے کھانے کے لئے اُن پر مَن برسایا، اُنہیں آسمان سے روٹی کھلائی۔ ہر ایک نے فرشتوں کی یہ روٹی کھائی بلکہ اللہ نے اِتنا کھانا بھیجا کہ اُن کے پیٹ بھر گئے۔ پھر اُس نے آسمان پر مشرقی ہَوا چلائی اور اپنی قدرت سے جنوبی ہَوا پہنچائی۔ اُس نے گرد کی طرح اُن پر گوشت برسایا، سمندر کی ریت جیسے بےشمار پرندے اُن پر گرنے دیئے۔ خیمہ گاہ کے بیچ میں ہی وہ گر پڑے، اُن کے گھروں کے ارد گرد ہی زمین پر آ گرے۔ تب وہ کھا کھا کر خوب سیر ہو گئے، کیونکہ جس کا لالچ وہ کرتے تھے وہ اللہ نے اُنہیں مہیا کیا تھا۔ لیکن اُن کا لالچ ابھی پورا نہیں ہوا تھا اور گوشت ابھی اُن کے منہ میں تھا کہ اللہ کا غضب اُن پر نازل ہوا۔ قوم کے کھاتے پیتے لوگ ہلاک ہوئے، اسرائیل کے جوان خاک میں مل گئے۔ اِن تمام باتوں کے باوجود وہ اپنے گناہوں میں اضافہ کرتے گئے اور اُس کے معجزات پر ایمان نہ لائے۔ اِس لئے اُس نے اُن کے دن ناکامی میں گزرنے دیئے، اور اُن کے سال دہشت کی حالت میں اختتام پذیر ہوئے۔
زبور 21:78-33 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس خُداوند سُن کر غضب ناک ہُؤا اور یعقُوب کے خِلاف آگ بھڑک اُٹھی اور اِسرائیل پر قہر ٹُوٹ پڑا۔ اِس لِئے کہ وہ خُدا پر اِیمان نہ لائے اور اُس کی نجات پر بھروسا نہ کِیا۔ تَو بھی اُس نے افلاک کو حُکم دِیا اور آسمان کے دروازے کھولے اور کھانے کے لِئے اُن پر مَنّ برسایا اور اُن کو آسمانی خُوراک بخشی۔ اِنسان نے فرِشتوں کی غِذا کھائی۔ اُس نے کھانا بھیج کر اُن کو آسُودہ کِیا۔ اُس نے آسمان میں پُروا چلائی اور اپنی قُدرت سے دکھنّا بہائی۔ اُس نے اُن پر گوشت کو خاک کی مانِند برسایا اور پرِندوں کو سمُندر کی ریت کی مانِند جِن کو اُس نے اُن کی خَیمہ گاہ میں اُن کے مسکنوں کے آس پاس گِرایا۔ پس وہ کھا کر خُوب سیر ہُوئے۔ اور اُس نے اُن کی خواہش پُوری کی۔ وہ اپنی خواہش سے باز نہ آئے اور اُن کا کھانا اُن کے مُنہ ہی میں تھا کہ خُدا کا غضب اُن پر ٹُوٹ پڑا اور اُن کے سب سے موٹے تازہ آدمی قتل کِئے اور اِسرائیلی جوانوں کو مار گِرایا۔ باوجُود اِن سب باتوں کے وہ گُناہ کرتے ہی رہے اور اُس کے عجِیب و غرِیب کاموں پر اِیمان نہ لائے۔ اِس لِئے اُس نے اُن کے دِنوں کو بطالت سے اور اُن کے برسوں کو دہشت سے تمام کر دِیا۔