زبُور 21:78-33

زبُور 21:78-33 UCV

جَب یَاہوِہ نے اُن کی باتیں سُنیں تو وہ نہایت غضبناک ہُوئے؛ لہٰذا یعقوب کے خِلاف اُن کے غُصّہ کی آگ بھڑک اُٹھی، اَور اِسرائیل پر اُن کا قہر ٹوٹ پڑا، کیونکہ وہ خُدا پر ایمان نہ لایٔے اَور اُن کی نَجات پر بھروسا نہ کیا۔ تو بھی اُنہُوں نے اُوپر افلاک کو حُکم دیا اَور آسمان کے دروازے کھول دئیے؛ اُنہُوں نے اُمّت کے کھانے کے لیٔے مَنّا برسایا، اَور اُنہیں آسمانی خُوراک عنایت فرمائی۔ اِنسانوں نے فرشتوں کی غِذا کھائی؛ اَور جِتنی رسد اُنہیں درکار تھی اُتنی بھیج دی۔ اُنہُوں نے آسمان میں مشرقی ہَوا چلائی اَور اَپنی قُدرت سے جُنوبی ہَوا چلائی۔ اُنہُوں نے خاک کی مانند اُن پر گوشت برسایا، اَور سمُندر کے کنارے کی ریت کی طرح بے شُمار پرندے بھیجے۔ خُدا نے اُنہیں اُن کی قِیام گاہ میں، اَور اُن کے خیموں کے اطراف گرا دیا۔ اُنہُوں نے جی بھرکے کھایا، کیونکہ اُنہُوں نے اُن کی دِلی تمنّا پُوری کی تھی۔ لیکن اِس سے پہلے کہ اُن کا دِل اِس غِذا سے بھرجاتا جِس کے لیٔے وہ ترستے تھے، اَور ابھی وہ اُن کے مُنہ میں ہی تھی، خُدا کا قہر اُن پر بھڑک اُٹھا؛ اَور خُدا نے اُن کے موٹے اَور بھاری بھر کم لوگوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا، اَور اِسرائیلی جَوانوں کو مار گرایا۔ اِس کے باوُجُود وہ گُناہ کرتے رہے؛ اَور اُن کے معجزوں کے باوُجُود وہ ایمان نہ لایٔے۔ اِس لیٔے خُدا نے اُن کے دِنوں کو رائگاں کر دیا اَور اُن کے سالوں کو دہشت میں گزر جانے دیا۔