زبور 1:45-9
زبور 1:45-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب مَیں بادشاہ کے حق میں اَپنے اشعار سُنانے لگتا ہُوں تو میرے دِل میں ایک نفیس موضوع جوش مارتا ہے؛ میری زبان ایک ماہر کاتب کا قلم بَن جاتی ہے۔ آپ بنی نَوع اِنسان میں سَب سے زِیادہ شکیل ہیں آپ کے ہونٹ فضل سے بھرے ہُوئے ہیں، کیونکہ خُدا نے آپ کو ہمیشہ کے لیٔے برکت دی ہے۔ اَے زبردست! اَپنی تلوار کو اَپنی کمر پر کس لیں؛ اَور شان و شوکت سے مُسلّح ہو جائیں۔ اَور سچّائی اَور حلیمی اَور راستبازی کی خاطِر شان و شوکت کے ساتھ فاتحانہ اَنداز سے سوار ہو جائیں؛ اَور اَپنے داہنے ہاتھ کو مُہیب کارنامے اَنجام دینے دیں۔ آپ کے تیز تیر بادشاہ کے دُشمنوں کے دِلوں کو چھید ڈالیں؛ اَور قومیں آپ کے قدموں میں گِر جایٔیں۔ اَے خُدا، آپ کا تخت ابدُالآباد تک قائِم رہے گا؛ آپ کی بادشاہی کا عصا اِنصاف کا عصا ہوگا۔ آپ نے راستبازی سے مَحَبّت اَور بدکاری سے نفرت رکھی؛ اِس لیٔے خُدا یعنی آپ کے خُدا نے آپ کو شادمانی کے تیل سے مَسح کرکے آپ کے ساتھیوں کی نِسبت آپ کو زِیادہ سرفراز کیا۔ آپ کے ہر لباس سے مُر، عُود اَور تج کی خُوشبو آتی ہے؛ ہاتھی دانت سے سجے ہُوئے محلوں میں سے آتی ہُوئی تاردار سازوں کی موسیقی آپ کو خُوش کرتی ہے۔ آپ کی سلطنت میں مُعزّز خواتین کے عہدے پر بادشاہوں کی شاہزادیاں ہیں؛ شاہی دُلہن آپ کے داہنے ہاتھ کھڑی ہے جو اوفیرؔ کے سونے سے آراستہ ہے۔
زبور 1:45-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
قورح کی اولاد کا زبور۔ حکمت اور محبت کا گیت۔ طرز: سوسن کے پھول۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ میرے دل سے خوب صورت گیت چھلک رہا ہے، مَیں اُسے بادشاہ کو پیش کروں گا۔ میری زبان ماہر کاتب کے قلم کی مانند ہو! تُو آدمیوں میں سب سے خوب صورت ہے! تیرے ہونٹ شفقت سے مسح کئے ہوئے ہیں، اِس لئے اللہ نے تجھے ابدی برکت دی ہے۔ اے سورمے، اپنی تلوار سے کمربستہ ہو، اپنی شان و شوکت سے ملبّس ہو جا! غلبہ اور کامیابی حاصل کر۔ سچائی، انکساری اور راستی کی خاطر لڑنے کے لئے نکل آ۔ تیرا دہنا ہاتھ تجھے حیرت انگیز کام دکھائے۔ تیرے تیز تیر بادشاہ کے دشمنوں کے دلوں کو چھید ڈالیں۔ قومیں تیرے پاؤں میں گر جائیں۔ اے اللہ، تیرا تخت ازل سے ابد تک قائم و دائم رہے گا، اور انصاف کا شاہی عصا تیری بادشاہی پر حکومت کرے گا۔ تُو نے راست بازی سے محبت اور بےدینی سے نفرت کی، اِس لئے اللہ تیرے خدا نے تجھے خوشی کے تیل سے مسح کر کے تجھے تیرے ساتھیوں سے کہیں زیادہ سرفراز کر دیا۔ مُر، عود اور املتاس کی بیش قیمت خوشبو تیرے تمام کپڑوں سے پھیلتی ہے۔ ہاتھی دانت کے محلوں میں تاردار موسیقی تیرا دل بہلاتی ہے۔ بادشاہوں کی بیٹیاں تیرے زیورات سے سجی پھرتی ہیں۔ ملکہ اوفیر کا سونا پہنے ہوئے تیرے دہنے ہاتھ کھڑی ہے۔
زبور 1:45-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
میرے دِل میں ایک نفِیس مضمُون جوش مار رہا ہے۔ مَیں وُہی مضامِین سناؤُں گا جو مَیں نے بادشاہ کے حق میں قلم بند کِئے ہیں۔ میری زُبان ماہِر کاتب کا قلم ہے۔ تُو بنی آدمؔ میں سب سے حسِین ہے۔ تیرے ہونٹوں میں لطافت بھری ہے اِس لِئے خُدا نے تُجھے ہمیشہ کے لِئے مُبارک کِیا۔ اَے زبردست! تُو اپنی تلوار کو جو تیری حشمت و شَوکت ہے اپنی کمر سے حمائِل کر اور سچّائی اور حِلم اور صداقت کی خاطِر اپنی شان و شَوکت میں اِقبال مندی سے سوار ہو اور تیرا دہنا ہاتھ تُجھے مُہیب کام دِکھائے گا۔ تیرے تِیر تیز ہیں۔ وہ بادشاہ کے دُشمنوں کے دِل میں لگے ہیں۔ اُمّتیں تیرے سامنے زیر ہوتی ہیں۔ اَے خُدا! تیرا تخت ابدُالآباد ہے۔ تیری سلطنت کا عصا راستی کا عصا ہے۔ تُو نے صداقت سے مُحبّت رکھّی اور بدکاری سے نفرت اِسی لِئے خُدا تیرے خُدا نے شادمانی کے تیل سے تُجھ کو تیرے ہمسروں سے زِیادہ مَسح کِیا ہے۔ تیرے ہر لِباس سے مُر اور عُود اور تج کی خُوشبُو آتی ہے۔ ہاتھی دانت کے محلّوں میں سے تاردار سازوں نے تُجھے خُوش کِیا ہے۔ تیری مُعزّز خواتِین میں شہزادِیاں ہیں۔ ملِکہ تیرے دہنے ہاتھ اوفِیر کے سونے سے آراستہ کھڑی ہے۔