زبُور 1:45-9

زبُور 1:45-9 UCV

جَب مَیں بادشاہ کے حق میں اَپنے اشعار سُنانے لگتا ہُوں تو میرے دِل میں ایک نفیس موضوع جوش مارتا ہے؛ میری زبان ایک ماہر کاتب کا قلم بَن جاتی ہے۔ آپ بنی نَوع اِنسان میں سَب سے زِیادہ شکیل ہیں آپ کے ہونٹ فضل سے بھرے ہُوئے ہیں، کیونکہ خُدا نے آپ کو ہمیشہ کے لیٔے برکت دی ہے۔ اَے زبردست! اَپنی تلوار کو اَپنی کمر پر کس لیں؛ اَور شان و شوکت سے مُسلّح ہو جائیں۔ اَور سچّائی اَور حلیمی اَور راستبازی کی خاطِر شان و شوکت کے ساتھ فاتحانہ اَنداز سے سوار ہو جائیں؛ اَور اَپنے داہنے ہاتھ کو مُہیب کارنامے اَنجام دینے دیں۔ آپ کے تیز تیر بادشاہ کے دُشمنوں کے دِلوں کو چھید ڈالیں؛ اَور قومیں آپ کے قدموں میں گِر جایٔیں۔ اَے خُدا، آپ کا تخت ابدُالآباد تک قائِم رہے گا؛ آپ کی بادشاہی کا عصا اِنصاف کا عصا ہوگا۔ آپ نے راستبازی سے مَحَبّت اَور بدکاری سے نفرت رکھی؛ اِس لیٔے خُدا یعنی آپ کے خُدا نے آپ کو شادمانی کے تیل سے مَسح کرکے آپ کے ساتھیوں کی نِسبت آپ کو زِیادہ سرفراز کیا۔ آپ کے ہر لباس سے مُر، عُود اَور تج کی خُوشبو آتی ہے؛ ہاتھی دانت سے سجے ہُوئے محلوں میں سے آتی ہُوئی تاردار سازوں کی موسیقی آپ کو خُوش کرتی ہے۔ آپ کی سلطنت میں مُعزّز خواتین کے عہدے پر بادشاہوں کی شاہزادیاں ہیں؛ شاہی دُلہن آپ کے داہنے ہاتھ کھڑی ہے جو اوفیرؔ کے سونے سے آراستہ ہے۔