زبور 1:30-7
زبور 1:30-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی تمجید کروں گا، کیونکہ آپ نے مُجھے گہرائیوں میں سے نکال کر سربُلند کیا اَور میرے دُشمنوں کو مُجھ پر خُوش ہونے کا موقع نہ دیا۔ اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! مَیں نے آپ سے فریاد کی، اَور آپ نے مُجھے شفا بخشی۔ اَے یَاہوِہ، آپ مُجھے پاتال میں سے نکال لائے ہیں؛ اَور آپ نے مُجھے قبر میں نہیں جانے دیا۔ اَے یَاہوِہ کے مُقدّسو، اُن کی سِتائش کے نغمہ گاؤ؛ اُن کے پاک نام کی سِتائش کرو۔ کیونکہ اُن کا قہر چند وقفوں تک رہتاہے، لیکن اُن کی نظرِکرم عمر بھر تک رہتی ہے؛ کہرام شاید رات بھر جاری رہے، لیکن صُبح کو خُوشی لَوٹ آتی ہے۔ مَیں نے اِطمینان کے وقت اَپنے آپ سے کہاتھا: ”مَیں کبھی نہ ڈگمگاؤں گا۔“ اَے یَاہوِہ، جَب آپ نے مُجھ پر نظرِکرم کی، تَب آپ نے مُجھے پہاڑ کی مانند ثابت قدم کر دیا؛ لیکن جَب آپ نے اَپنا چہرہ چھُپا لیا، تو میرے اوسان خطا ہو گئے۔
زبور 1:30-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ رب کے گھر کی مخصوصیت کے موقع پر گیت۔ اے رب، مَیں تیری ستائش کرتا ہوں، کیونکہ تُو نے مجھے گہرائیوں میں سے کھینچ نکالا۔ تُو نے میرے دشمنوں کو مجھ پر بغلیں بجانے کا موقع نہیں دیا۔ اے رب میرے خدا، مَیں نے چیختے چلّاتے ہوئے تجھ سے مدد مانگی، اور تُو نے مجھے شفا دی۔ اے رب، تُو میری جان کو پاتال سے نکال لایا، تُو نے میری جان کو موت کے گڑھے میں اُترنے سے بچایا ہے۔ اے ایمان دارو، ساز بجا کر رب کی تعریف میں گیت گاؤ۔ اُس کے مُقدّس نام کی حمد و ثنا کرو۔ کیونکہ وہ لمحہ بھر کے لئے غصے ہوتا، لیکن زندگی بھر کے لئے مہربانی کرتا ہے۔ گو شام کو رونا پڑے، لیکن صبح کو ہم خوشی منائیں گے۔ جب حالات پُرسکون تھے تو مَیں بولا، ”مَیں کبھی نہیں ڈگمگاؤں گا۔“ اے رب، جب تُو مجھ سے خوش تھا تو تُو نے مجھے مضبوط پہاڑ پر رکھ دیا۔ لیکن جب تُو نے اپنا چہرہ مجھ سے چھپا لیا تو مَیں سخت گھبرا گیا۔
زبور 1:30-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند! مَیں تیری تمِجید کرُوں گا کیونکہ تُو نے مُجھے سرفراز کِیا ہے اور میرے دُشمنوں کو مُجھ پر خُوش ہونے نہ دِیا۔ اَے خُداوند میرے خُدا! مَیں نے تُجھ سے فریاد کی اور تُو نے مُجھے شِفا بخشی۔ اَے خُداوند! تُو میری جان کو پاتال سے نِکال لایا ہے۔ تُو نے مُجھے زِندہ رکھّا ہے کہ گور میں نہ جاؤُں۔ خُداوند کی سِتایش کرو اَے اُس کے مُقدّسو! اور اُس کے قُدس کو یاد کر کے شُکرگُذاری کرو کیونکہ اُس کا قہر دم بھر کا ہے۔ اُس کا کرم عُمر بھر کا۔ رات کو شاید رونا پڑے پر صُبح کو خُوشی کی نَوبت آتی ہے۔ مَیں نے اپنی اِقبال مندی کے وقت یہ کہا تھا کہ مُجھے کبھی جُنبش نہ ہو گی۔ اَے خُداوند! تُو نے اپنے کرم سے میرے پہاڑ کو قائِم رکھّا تھا۔ جب تُو نے اپنا چہرہ چِھپایا تو مَیں گھبرا اُٹھا۔