زبور 2:26-12
زبور 2:26-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے یَاہوِہ، مُجھے جانچیں اَور آزمائیں، میرے دِل اَور دماغ کو پرکھیں؛ کیونکہ آپ کی لافانی مَحَبّت ہمیشہ میرے سامنے ہے، اَور مَیں مسلسل آپ کی سچّائی کی راہ پر گامزن ہُوں۔ میں دغابازوں کی صحبت میں نہیں بیٹھتا، اَور نہ ریاکاروں کے ہمراہ چلتا ہُوں؛ بدکاروں کی محفل سے مُجھے نفرت ہے اَور بدکار لوگوں کے ساتھ بیٹھنے سے دُور بھاگتا ہُوں۔ میں اَپنے ہاتھ دھوکر اَپنی بےگُناہی ثابت کروں گا، اَے یَاہوِہ، اَور تَب آپ کے مذبح کا طواف کروں گا، تاکہ بُلند آواز سے آپ کی سِتائش کروں اَور آپ کے سَب عجِیب کارناموں کو بَیان کروں۔ اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی قِیام گاہ، اَور آپ کی جلالی بارگاہ کو عزیز رکھتا ہُوں۔ آپ میری جان کو اُن گُنہگاروں کے ساتھ، اَور میری زندگی کو اُن خُونخواروں کے ساتھ نہ لیں، جِن کے ہاتھوں میں بُرے منصُوبے ہیں، اَور جِن کے داہنے ہاتھ رشوتوں سے بھرے ہُوئے ہیں۔ لیکن مَیں بے عیب زندگی گزارتا ہُوں؛ مُجھے چھُڑا لیں اَور مُجھ پر رحم فرمائیں۔ میرے پاؤں ہموار جگہ پر قائِم رہتے ہیں؛ میں بڑے مجمع میں یَاہوِہ کی سِتائش کروں گا۔
زبور 2:26-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے رب، مجھے جانچ لے، مجھے آزما کر دل کی تہہ تک میرا معائنہ کر۔ کیونکہ تیری شفقت میری آنکھوں کے سامنے رہی ہے، مَیں تیری سچی راہ پر چلتا رہا ہوں۔ نہ مَیں دھوکے بازوں کی مجلس میں بیٹھتا، نہ چالاک لوگوں سے رفاقت رکھتا ہوں۔ مجھے شریروں کے اجتماعوں سے نفرت ہے، بےدینوں کے ساتھ مَیں بیٹھتا بھی نہیں۔ اے رب، مَیں اپنے ہاتھ دھو کر اپنی بےگناہی کا اظہار کرتا ہوں۔ مَیں تیری قربان گاہ کے گرد پھر کر بلند آواز سے تیری حمد و ثنا کرتا، تیرے تمام معجزات کا اعلان کرتا ہوں۔ اے رب، تیری سکونت گاہ مجھے پیاری ہے، جس جگہ تیرا جلال ٹھہرتا ہے وہ مجھے عزیز ہے۔ میری جان کو مجھ سے چھین کر مجھے گناہ گاروں میں شامل نہ کر! میری زندگی کو مٹا کر مجھے خوں خواروں میں شمار نہ کر، ایسے لوگوں میں جن کے ہاتھ شرم ناک حرکتوں سے آلودہ ہیں، جو ہر وقت رشوت کھاتے ہیں۔ کیونکہ مَیں بےگناہ زندگی گزارتا ہوں۔ فدیہ دے کر مجھے چھٹکارا دے! مجھ پر مہربانی کر! میرے پاؤں ہموار زمین پر قائم ہو گئے ہیں، اور مَیں اجتماعوں میں رب کی ستائش کروں گا۔
زبور 2:26-12 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند! مُجھے جانچ اور آزما۔ میرے دِل و دِماغ کو پرکھ۔ کیونکہ تیری شفقت میری آنکھوں کے سامنے ہے اور مَیں تیری سچّائی کی راہ پر چلتا رہا ہُوں۔ مَیں بے ہُودہ لوگوں کے ساتھ نہیں بَیٹھا۔ مَیں رِیاکاروں کے ساتھ کہیں نہیں جاؤُں گا۔ بدکرداروں کی جماعت سے مُجھے نفرت ہے۔ مَیں شرِیروں کے ساتھ نہیں بَیٹھُوں گا۔ مَیں بے گُنا ہی میں اپنے ہاتھ دھوؤُں گا اور اَے خُداوند! مَیں تیرے مذبح کا طواف کرُوں گا تاکہ شُکرگُذاری کی آواز بُلند کرُوں اور تیرے سب عجِیب کاموں کو بیان کرُوں۔ اَے خُداوند! مَیں تیری سکُونت گاہ اور تیرے جلال کے خَیمہ کو عزِیز رکھتا ہُوں۔ میری جان کو گُنہگاروں کے ساتھ اور میری زِندگی کو خُونی آدمیوں کے ساتھ نہ مِلا۔ جِن کے ہاتھوں میں شرارت ہے اور جِن کا دہنا ہاتھ رِشوتوں سے بھرا ہے۔ پر مَیں تو راستی سے چلتا رہُوں گا۔ مُجھے چُھڑا لے اور مُجھ پر رحم کر۔ میرا پاؤں ہموار جگہ پر قائِم ہے۔ مَیں جماعتوں میں خُداوند کو مُبارک کہُوں گا۔