YouVersion Logo
تلاش

زبور 19:22-31

زبور 19:22-31 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

لیکن تُو اے رب، دُور نہ رہ! اے میری قوت، میری مدد کرنے کے لئے جلدی کر! میری جان کو تلوار سے بچا، میری زندگی کو کُتے کے پنجے سے چھڑا۔ شیر کے منہ سے مجھے مخلصی دے، جنگلی بَیلوں کے سینگوں سے رِہائی عطا کر۔ اے رب، تُو نے میری سنی ہے! مَیں اپنے بھائیوں کے سامنے تیرے نام کا اعلان کروں گا، جماعت کے درمیان تیری مدح سرائی کروں گا۔ تم جو رب کا خوف مانتے ہو، اُس کی تمجید کرو! اے یعقوب کی تمام اولاد، اُس کا احترام کرو! اے اسرائیل کے تمام فرزندو، اُس سے خوف کھاؤ! کیونکہ نہ اُس نے مصیبت زدہ کا دُکھ حقیر جانا، نہ اُس کی تکلیف سے گھن کھائی۔ اُس نے اپنا منہ اُس سے نہ چھپایا بلکہ اُس کی سنی جب وہ مدد کے لئے چیخنے چلّانے لگا۔ اے خدا، بڑے اجتماع میں مَیں تیری ستائش کروں گا، خدا ترسوں کے سامنے اپنی مَنت پوری کروں گا۔ ناچار جی بھر کر کھائیں گے، رب کے طالب اُس کی حمد و ثنا کریں گے۔ تمہارے دل ابد تک زندہ رہیں! لوگ دنیا کی انتہا تک رب کو یاد کر کے اُس کی طرف رجوع کریں گے۔ غیراقوام کے تمام خاندان اُسے سجدہ کریں گے۔ کیونکہ رب کو ہی بادشاہی کا اختیار حاصل ہے، وہی اقوام پر حکومت کرتا ہے۔ دنیا کے تمام بڑے لوگ اُس کے حضور کھائیں گے اور سجدہ کریں گے۔ خاک میں اُترنے والے سب اُس کے سامنے جھک جائیں گے، وہ سب جو اپنی زندگی کو خود قائم نہیں رکھ سکتے۔ اُس کے فرزند اُس کی خدمت کریں گے۔ ایک آنے والی نسل کو رب کے بارے میں سنایا جائے گا۔ ہاں، وہ آ کر اُس کی راستی ایک قوم کو سنائیں گے جو ابھی پیدا نہیں ہوئی، کیونکہ اُس نے یہ کچھ کیا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 22

زبور 19:22-31 کِتابِ مُقادّس (URD)

لیکن تُو اَے خُداوند! دُور نہ رہ۔ اَے میرے چارہ ساز! میری مدد کے لِئے جلدی کر۔ میری جان کو تلوار سے بچا۔ میری جان کو کُتّے کے قابُو سے۔ مُجھے بَبر کے مُنہ سے بچا۔ بلکہ تُو نے سانڈوں کے سِینگوں میں سے مُجھے چُھڑایا ہے۔ مَیں اپنے بھائِیوں سے تیرے نام کا اِظہار کرُوں گا۔ جماعت میں تیری سِتایش کرُوں گا۔ اَے خُداوند سے ڈرنے والو! اُس کی سِتایش کرو۔ اَے یعقُوبؔ کی اَولاد! سب اُس کی تمجِید کرو اور اَے اِسرائیلؔ کی نسل! سب اُس کا ڈر مانو۔ کیونکہ اُس نے نہ تو مُصِیبت زدہ کی مُصِیبت کو حقِیر جانا نہ اُس سے نفرت کی۔ نہ اُس سے اپنا مُنہ چِھپایا بلکہ جب اُس نے خُدا سے فریاد کی تو اُس نے سُن لی۔ بڑے مجمع میں میری ثنا خوانی کا باعث تُو ہی ہے۔ مَیں اُس سے ڈرنے والوں کے رُوبرُو اپنی نذریں ادا کرُوں گا حلِیم کھائیں گے اور سیر ہوں گے۔ خُداوند کے طالِب اُس کی سِتایش کریں گے۔ تُمہارا دِل ابد تک زِندہ رہے! ساری دُنیا خُداوند کو یاد کرے گی اور اُس کی طرف رجُوع لائے گی اور قَوموں کے سب گھرانے تیرے حضُور سِجدہ کریں گے۔ کیونکہ سلطنت خُداوند کی ہے۔ وُہی قَوموں پر حاکِم ہے۔ دُنیا کے سب آسُودہ حال لوگ کھائیں گے اور سِجدہ کریں گے۔ وہ سب جو خاک میں مِل جاتے ہیں اُس کے حضُور جُھکیں گے۔ بلکہ وہ بھی جو اپنی جان کو جِیتا نہیں رکھ سکتا۔ ایک نسل اُس کی بندگی کرے گی۔ دُوسری پُشت کو خُداوند کی خبر دی جائے گی۔ وہ آئیں گے اور اُس کی صداقت کو ایک قَوم پر جو پَیدا ہو گی یہ کہہ کر ظاہِر کریں گے کہ اُس نے یہ کام کِیا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 22