زبور 37:18-50
زبور 37:18-50 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
مَیں نے اَپنے دُشمنوں کا تعاقب کرکے اُنہیں کُچل ڈالا؛ اَور جَب تک وہ تباہ نہ ہو گئے مَیں واپس نہ لَوٹا۔ مَیں نے اُنہیں کُچل دیا تاکہ وہ اُٹھ نہ پائیں؛ وہ میرے پاؤں کے نیچے گِر گیٔے۔ آپ نے مُجھے جنگ کے لیٔے قُوّت سے مُسلّح کیا؛ اَور میرے مُخالفوں کو میرے قدموں میں جھُکا دیا۔ آپ نے لڑائی میں میرے دُشمنوں کو پیٹھ دِکھانے پر مجبُور کیا، اَور مَیں نے اَپنے حریفوں کو تباہ کر دیا۔ اُنہُوں نے مدد کے لئے پُکارا، لیکن اُنہیں بچانے والا کویٔی نہ تھا۔ اُنہُوں نے یَاہوِہ کی بھی دہائی دی، لیکن اُنہُوں نے جَواب نہ دیا۔ تَب مَیں نے اُنہیں پیس پیس کر ہَوا میں اُڑتی ہُوئی گَرد کی مانند بنا دیا؛ اَور مَیں نے اُنہیں گلی کوچوں کی کیچڑ کی مانند روند ڈالا۔ آپ نے مُجھے لوگوں کی یلغار سے بھی چھُڑا لیا؛ اَور مُجھے قوموں کا سردار بنا دیا؛ اَور جِن لوگوں سے میں واقف بھی نہ تھا وہ میری خدمت کرنے لگے۔ میرا نام سُنتے ہی وہ میری اِطاعت کرنے لگتے ہیں؛ پردیسی میرے آگے جھکتے ہیں۔ وہ سَب گھبرا جاتے ہیں؛ اَور تھرتھراتے ہُوئے اَپنے قلعوں سے باہر نکل آتے ہیں۔ یَاہوِہ زندہ ہیں! میری چٹّان مُبارک ہو! اَور میرا مُنجّی خُدا ممتاز ہو! وُہی خُدا ہیں جو میرا اِنتقام لیتے ہیں، اَور قوموں کو میرے سامنے جھُکاتے ہیں، وہ مُجھے میرے دُشمنوں سے بچاتے ہیں، آپ نے مُجھے میرے حریفوں پر سرفرازی بخشی؛ اَور تُند خُو لوگوں سے مُجھے بچایا۔ اِس لیٔے اَے یَاہوِہ، میں قوموں کے درمیان آپ کی تمجید؛ اَور آپ کے نام کی مدح سرائی کروں گا۔ وہ اَپنے بادشاہ کے لیٔے رِہائی کا بُرج؛ اَور اَپنے ممسوح داویؔد اَور اُن کی نَسل کو ہمیشہ اَپنی لافانی مَحَبّت میں رکھیں گے۔
زبور 37:18-50 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مَیں نے اپنے دشمنوں کا تعاقب کر کے اُنہیں پکڑ لیا، مَیں باز نہ آیا جب تک وہ ختم نہ ہو گئے۔ مَیں نے اُنہیں یوں پاش پاش کر دیا کہ دوبارہ اُٹھ نہ سکے بلکہ گر کر میرے پاؤں تلے پڑے رہے۔ کیونکہ تُو نے مجھے جنگ کرنے کے لئے قوت سے کمربستہ کر دیا، تُو نے میرے مخالفوں کو میرے سامنے جھکا دیا۔ تُو نے میرے دشمنوں کو میرے سامنے سے بھگا دیا، اور مَیں نے نفرت کرنے والوں کو تباہ کر دیا۔ وہ مدد کے لئے چیختے چلّاتے رہے، لیکن بچانے والا کوئی نہیں تھا۔ وہ رب کو پکارتے رہے، لیکن اُس نے جواب نہ دیا۔ مَیں نے اُنہیں چُور چُور کر کے گرد کی طرح ہَوا میں اُڑا دیا۔ مَیں نے اُنہیں کچرے کی طرح گلی میں پھینک دیا۔ تُو نے مجھے قوم کے جھگڑوں سے بچا کر اقوام کا سردار بنا دیا ہے۔ جس قوم سے مَیں ناواقف تھا وہ میری خدمت کرتی ہے۔ جوں ہی مَیں بات کرتا ہوں تو لوگ میری سنتے ہیں۔ پردیسی دبک کر میری خوشامد کرتے ہیں۔ وہ ہمت ہار کر کانپتے ہوئے اپنے قلعوں سے نکل آتے ہیں۔ رب زندہ ہے! میری چٹان کی تمجید ہو! میری نجات کے خدا کی تعظیم ہو! وہی خدا ہے جو میرا انتقام لیتا، اقوام کو میرے تابع کر دیتا اور مجھے میرے دشمنوں سے چھٹکارا دیتا ہے۔ یقیناً تُو مجھے میرے مخالفوں پر سرفراز کرتا، مجھے ظالموں سے بچائے رکھتا ہے۔ اے رب، اِس لئے مَیں اقوام میں تیری حمد و ثنا کروں گا، تیرے نام کی تعریف میں گیت گاؤں گا۔ کیونکہ رب اپنے بادشاہ کو بڑی نجات دیتا ہے، وہ اپنے مسح کئے ہوئے بادشاہ داؤد اور اُس کی اولاد پر ہمیشہ تک مہربان رہے گا۔
زبور 37:18-50 کِتابِ مُقادّس (URD)
مَیں اپنے دُشمنوں کا پِیچھا کر کے اُن کو جا لُوں گا اور جب تک وہ فنا نہ ہو جائیں واپس نہیں آؤُں گا۔ مَیں اُن کو اَیسا چھیدُوں گا کہ وہ اُٹھ نہ سکیں گے۔ وہ میرے پاؤں کے نِیچے گِر پڑیں گے۔ کیونکہ تُو نے لڑائی کے لِئے مُجھے قُوّت سے کمربستہ کِیا اور میرے مُخالِفوں کو میرے سامنے زیر کِیا۔ تُو نے میرے دُشمنوں کی پُشت میری طرف پھیر دی تاکہ مَیں اپنے عداوت رکھنے والوں کو کاٹ ڈالُوں۔ اُنہوں نے دُہائی دی پر کوئی نہ تھا جو بچائے۔ خُداوند کو بھی پُکارا پر اُس نے اُن کو جواب نہ دِیا۔ تب مَیں نے اُن کو کُوٹ کُوٹ کر ہوا میں اُڑتی ہُوئی گرد کی مانِند کر دِیا۔ مَیں نے اُن کو گلی کُوچوں کی کِیچڑ کی طرح نِکال پھینکا۔ تُو نے مُجھے قَوم کے جھگڑوں سے بھی چُھڑایا۔ تُو نے مُجھے قَوموں کا سردار بنایا ہے۔ جِس قَوم سے مَیں واقِف بھی نہیں وہ میری مُطِیع ہوگی۔ میرا نام سُنتے ہی وہ میری فرمانبرداری کریں گے۔ پردیسی میرے تابِع ہو جائیں گے۔ پردیسی مُرجھا جائیں گے اور اپنے قلعوں سے تھرتھراتے ہُوئے نِکلیں گے۔ خُداوند زِندہ ہے۔ میری چٹان مُبارک ہو۔ اور میرا نجات دینے والا خُدا مُمتاز ہو! وُہی خُدا جو میرا اِنتقام لیتا ہے اور اُمّتوں کو میرے سامنے زیر کرتا ہے وہ مُجھے میرے دُشمنوں سے چُھڑاتا ہے بلکہ تُو مُجھے میرے مُخالِفوں پر سرفراز کرتا ہے۔ تُو مُجھے تُند خُو آدمی سے رہائی دیتا ہے۔ اِس لِئے اَے خُداوند! مَیں قَوموں کے درمیان تیری شُکرگُذاری اور تیرے نام کی مدح سرائی کرُوں گا۔ وہ اپنے بادشاہ کو بڑی نجات عِنایت کرتا ہے اور اپنے ممسُوح داؤُد اور اُس کی نسل پر ہمیشہ شفقت کرتا ہے۔