زبُور 37:18-50

زبُور 37:18-50 UCV

مَیں نے اَپنے دُشمنوں کا تعاقب کرکے اُنہیں کُچل ڈالا؛ اَور جَب تک وہ تباہ نہ ہو گئے مَیں واپس نہ لَوٹا۔ مَیں نے اُنہیں کُچل دیا تاکہ وہ اُٹھ نہ پائیں؛ وہ میرے پاؤں کے نیچے گِر گیٔے۔ آپ نے مُجھے جنگ کے لیٔے قُوّت سے مُسلّح کیا؛ اَور میرے مُخالفوں کو میرے قدموں میں جھُکا دیا۔ آپ نے لڑائی میں میرے دُشمنوں کو پیٹھ دِکھانے پر مجبُور کیا، اَور مَیں نے اَپنے حریفوں کو تباہ کر دیا۔ اُنہُوں نے مدد کے لئے پُکارا، لیکن اُنہیں بچانے والا کویٔی نہ تھا۔ اُنہُوں نے یَاہوِہ کی بھی دہائی دی، لیکن اُنہُوں نے جَواب نہ دیا۔ تَب مَیں نے اُنہیں پیس پیس کر ہَوا میں اُڑتی ہُوئی گَرد کی مانند بنا دیا؛ اَور مَیں نے اُنہیں گلی کوچوں کی کیچڑ کی مانند روند ڈالا۔ آپ نے مُجھے لوگوں کی یلغار سے بھی چھُڑا لیا؛ اَور مُجھے قوموں کا سردار بنا دیا؛ اَور جِن لوگوں سے میں واقف بھی نہ تھا وہ میری خدمت کرنے لگے۔ میرا نام سُنتے ہی وہ میری اِطاعت کرنے لگتے ہیں؛ پردیسی میرے آگے جھکتے ہیں۔ وہ سَب گھبرا جاتے ہیں؛ اَور تھرتھراتے ہُوئے اَپنے قلعوں سے باہر نکل آتے ہیں۔ یَاہوِہ زندہ ہیں! میری چٹّان مُبارک ہو! اَور میرا مُنجّی خُدا ممتاز ہو! وُہی خُدا ہیں جو میرا اِنتقام لیتے ہیں، اَور قوموں کو میرے سامنے جھُکاتے ہیں، وہ مُجھے میرے دُشمنوں سے بچاتے ہیں، آپ نے مُجھے میرے حریفوں پر سرفرازی بخشی؛ اَور تُند خُو لوگوں سے مُجھے بچایا۔ اِس لیٔے اَے یَاہوِہ، میں قوموں کے درمیان آپ کی تمجید؛ اَور آپ کے نام کی مدح سرائی کروں گا۔ وہ اَپنے بادشاہ کے لیٔے رِہائی کا بُرج؛ اَور اَپنے ممسوح داویؔد اَور اُن کی نَسل کو ہمیشہ اَپنی لافانی مَحَبّت میں رکھیں گے۔