YouVersion Logo
تلاش

زبور 16:18-36

زبور 16:18-36 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اُنہُوں نے آسمان سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لیا؛ اَور گہرے پانی میں سے کھینچ کر باہر نکالا۔ اُنہُوں نے میرے زبردست دُشمن سے مُجھے رِہائی بخشی، اَور اُن مُخالفوں سے، جو میرے مُقابلہ میں زِیادہ طاقتور تھے۔ وہ میری مُصیبت کے دِن مُجھ پر ٹوٹ پڑے، لیکن یَاہوِہ میرا سہارا تھے۔ یَاہوِہ مُجھے کشادہ جگہ میں نکال لائے؛ اُنہُوں نے مُجھے بچا لیا کیونکہ وہ مُجھ سے خُوش تھے۔ یَاہوِہ نے میری راستبازی کے مُطابق مُجھ سے سلُوک کیا؛ اَور میرے ہاتھوں کی پاکیزگی کے مُطابق مُجھے صِلہ دیا۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ کی راہوں پر چلتا رہا؛ اَور مَیں نے اَپنے خُدا کے خِلاف کویٔی بدی نہیں کی۔ اُن کے سارے آئین میرے سامنے ہیں؛ اَور مَیں نے اُن کے قوانین سے مُنہ نہیں موڑا۔ میں اُن کے سامنے بے عیب رہا، اَور اَپنے آپ کو گُناہ سے بَری رکھا۔ یَاہوِہ نے میری راستبازی کے مُطابق، اَور اَپنے ہاتھوں کی اُس پاکیزگی کے مُطابق جسے وہ دیکھتے تھے مُجھے اجر دیا۔ وفادار کے ساتھ آپ اَپنے آپ کو وفادار جتاتے ہیں، اَور کامل کے ساتھ اَپنے آپ کو کامل جتاتے ہیں، نیک اِنسان کے ساتھ آپ اَپنے آپ کو نیک جتاتے ہیں، لیکن ٹیڑھے اِنسان کے ساتھ ہوشیاری جتاتے ہیں۔ آپ حلیموں کو تو بچاتے ہیں لیکن اُن لوگوں کو نیچا دِکھانے ہیں جِن کی آنکھوں میں مغروُریت ہوتی ہے۔ اَے یَاہوِہ، آپ میرے چراغ رَوشن رکھیں؛ میرے خُدا میری تاریکی کو نُور تبدیل کرتے ہیں۔ آپ کی مدد سے میں فَوج پر چڑھائی کر سَکتا ہُوں؛ اَور اَپنے خُدا کی بدولت میں دیوار پھاند سَکتا ہُوں۔ خُدا کی راہ پکّی ہے؛ یَاہوِہ کا کلام کامل ہے۔ وہ اُن سَب کی سِپر ہے جو اُن میں پناہ لیتے ہیں۔ کیونکہ یَاہوِہ کے علاوہ اَور کون خُدا ہے؟ اَور ہمارے خُدا کے سِوا اَور کون چٹّان ہے؟ خُدا ہی قُوّت سے مُجھے مُسلّح کرتے ہیں اَور میری راہ کو کامل کرتے ہیں۔ وہ میرے پاؤں کو ہِرنی کے پاؤں کی مانند بناتے ہیں؛ اَور مُجھے بُلندیوں پر کھڑا رہنے کے قابل بناتے ہیں۔ وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سِکھاتے ہیں؛ اَور یہاں تک کہ میرے بازو کانسے کی کمان کو جھُکا دیتے ہیں۔ آپ مُجھے اَپنی فتح کی سِپر دیتے ہیں، اَور آپ کا داہنا ہاتھ مُجھے سنبھالے ہُوئے ہے؛ آپ کی بندہ پروری نے مُجھے بڑا بنا دیا ہے۔ آپ میرے قدموں کی راہ کشادہ کرتے ہیں، تاکہ میں پھسلنے نہ پاؤں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 18

زبور 16:18-36 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

بلندیوں پر سے اپنا ہاتھ بڑھا کر اُس نے مجھے پکڑ لیا، مجھے گہرے پانی میں سے کھینچ کر نکال لایا۔ اُس نے مجھے میرے زبردست دشمن سے بچایا، اُن سے جو مجھ سے نفرت کرتے ہیں، جن پر مَیں غالب نہ آ سکا۔ جس دن مَیں مصیبت میں پھنس گیا اُس دن اُنہوں نے مجھ پر حملہ کیا، لیکن رب میرا سہارا بنا رہا۔ اُس نے مجھے تنگ جگہ سے نکال کر چھٹکارا دیا، کیونکہ وہ مجھ سے خوش تھا۔ رب مجھے میری راست بازی کا اجر دیتا ہے۔ میرے ہاتھ صاف ہیں، اِس لئے وہ مجھے برکت دیتا ہے۔ کیونکہ مَیں رب کی راہوں پر چلتا رہا ہوں، مَیں بدی کرنے سے اپنے خدا سے دُور نہیں ہوا۔ اُس کے تمام احکام میرے سامنے رہے ہیں، مَیں نے اُس کے فرمانوں کو رد نہیں کیا۔ اُس کے سامنے ہی مَیں بےالزام رہا، گناہ کرنے سے باز رہا ہوں۔ اِس لئے رب نے مجھے میری راست بازی کا اجر دیا، کیونکہ اُس کی آنکھوں کے سامنے ہی مَیں پاک صاف ثابت ہوا۔ اے اللہ، جو وفادار ہے اُس کے ساتھ تیرا سلوک وفاداری کا ہے، جو بےالزام ہے اُس کے ساتھ تیرا سلوک بےالزام ہے۔ جو پاک ہے اُس کے ساتھ تیرا سلوک پاک ہے۔ لیکن جو کج رَو ہے اُس کے ساتھ تیرا سلوک بھی کج رَوی کا ہے۔ کیونکہ تُو پست حالوں کو نجات دیتا اور مغرور آنکھوں کو پست کرتا ہے۔ اے رب، تُو ہی میرا چراغ جلاتا، میرا خدا ہی میرے اندھیرے کو روشن کرتا ہے۔ کیونکہ تیرے ساتھ مَیں فوجی دستے پر حملہ کر سکتا، اپنے خدا کے ساتھ دیوار کو پھلانگ سکتا ہوں۔ اللہ کی راہ کامل ہے، رب کا فرمان خالص ہے۔ جو بھی اُس میں پناہ لے اُس کی وہ ڈھال ہے۔ کیونکہ رب کے سوا کون خدا ہے؟ ہمارے خدا کے سوا کون چٹان ہے؟ اللہ مجھے قوت سے کمربستہ کرتا، وہ میری راہ کو کامل کر دیتا ہے۔ وہ میرے پاؤں کو ہرن کی سی پُھرتی عطا کرتا، مجھے مضبوطی سے میری بلندیوں پر کھڑا کرتا ہے۔ وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنے کی تربیت دیتا ہے۔ اب میرے بازو پیتل کی کمان کو بھی تان لیتے ہیں۔ اے رب، تُو نے مجھے اپنی نجات کی ڈھال بخش دی ہے۔ تیرے دہنے ہاتھ نے مجھے قائم رکھا، تیری نرمی نے مجھے بڑا بنا دیا ہے۔ تُو میرے قدموں کے لئے راستہ بنا دیتا ہے، اِس لئے میرے ٹخنے نہیں ڈگمگاتے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 18

زبور 16:18-36 کِتابِ مُقادّس (URD)

اُس نے اُوپر سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لِیا اور مُجھے بُہت پانی میں سے کھینچ کر باہر نِکالا۔ اُس نے میرے زورآور دُشمن اور میرے عداوت رکھنے والوں سے مُجھے چُھڑا لِیا کیونکہ وہ میرے لِئے نہایت زبردست تھے۔ وہ میری مُصِیبت کے دِن مُجھ پر آ پڑے پر خُداوند میرا سہارا تھا۔ وہ مُجھے کُشادہ جگہ میں نِکال بھی لایا۔ اُس نے مُجھے چُھڑایا۔ اِس لِئے کہ وہ مُجھ سے خُوش تھا۔ خُداوند نے میری راستی کے مُوافِق مُجھے جزا دی اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق مُجھے بدلہ دِیا۔ کیونکہ مَیں خُداوند کی راہوں پر چلتا رہا اور شرارت سے اپنے خُدا سے الگ نہ ہُؤا کیونکہ اُس کے سب فَیصلے میرے سامنے رہے اور مَیں اُس کے آئِین سے برگشتہ نہ ہُؤا۔ مَیں اُس کے حضُور کامِل بھی رہا اور اپنے کو اپنی بدکاری سے باز رکھّا۔ خُداوند نے مُجھے میری راستی کے مُوافِق اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق جو اُس کے سامنے تھی بدلہ دِیا۔ رحم دِل کے ساتھ تُو رحِیم ہو گا اور کامِل آدمی کے ساتھ کامِل۔ نیکوکار کے ساتھ نیک ہو گا اور کج رَو کے ساتھ ٹیڑھا۔ کیونکہ تُو مُصِیبت زدہ لوگوں کو بچائے گا لیکن مغرُوروں کی آنکھوں کو نِیچا کرے گا۔ اِس لِئے کہ تُو میرے چراغ کو رَوشن کرے گا۔ خُداوند میرا خُدا میرے اندھیرے کو اُجالا کر دے گا۔ کیونکہ تیری بدَولت مَیں فَوج پر دھاوا کرتا ہُوں اور اپنے خُدا کی بدَولت دِیوار پھاند جاتا ہُوں۔ لیکن خُدا کی راہ کامِل ہے۔ خُداوند کا کلام تایا ہُؤا ہے۔ وہ اُن سب کی سِپر ہے جو اُس پر بھروسا رکھتے ہیں۔ کیونکہ خُداوند کے سِوا اَور کَون خُدا ہے اور ہمارے خُدا کو چھوڑ کر اَور کَون چٹان ہے؟ خُدا ہی مُجھے قُوّت سے کمربستہ کرتا ہے اور میری راہ کو کامِل کرتا ہے۔ وُہی میرے پاؤں ہرنیوں کے سے بنا دیتا ہے اور مُجھے میری اُونچی جگہوں میں قائِم کرتا ہے۔ وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سِکھاتا ہے یہاں تک کہ میرے بازُو پِیتل کی کمان کو جُھکا دیتے ہیں۔ تُو نے مُجھ کو اپنی نجات کی سِپر بخشی اور تیرے دہنے ہاتھ نے مُجھے سنبھالا اور تیری نرمی نے مُجھے بزُرگ بنایا ہے۔ تُو نے میرے نِیچے میرے قدم کُشادہ کر دِئے۔ اور میرے پاؤں نہیں پِھسلے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 18