اُس نے اُوپر سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لِیا اور مُجھے بُہت پانی میں سے کھینچ کر باہر نِکالا۔ اُس نے میرے زورآور دُشمن اور میرے عداوت رکھنے والوں سے مُجھے چُھڑا لِیا کیونکہ وہ میرے لِئے نہایت زبردست تھے۔ وہ میری مُصِیبت کے دِن مُجھ پر آ پڑے پر خُداوند میرا سہارا تھا۔ وہ مُجھے کُشادہ جگہ میں نِکال بھی لایا۔ اُس نے مُجھے چُھڑایا۔ اِس لِئے کہ وہ مُجھ سے خُوش تھا۔ خُداوند نے میری راستی کے مُوافِق مُجھے جزا دی اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق مُجھے بدلہ دِیا۔ کیونکہ مَیں خُداوند کی راہوں پر چلتا رہا اور شرارت سے اپنے خُدا سے الگ نہ ہُؤا کیونکہ اُس کے سب فَیصلے میرے سامنے رہے اور مَیں اُس کے آئِین سے برگشتہ نہ ہُؤا۔ مَیں اُس کے حضُور کامِل بھی رہا اور اپنے کو اپنی بدکاری سے باز رکھّا۔ خُداوند نے مُجھے میری راستی کے مُوافِق اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق جو اُس کے سامنے تھی بدلہ دِیا۔ رحم دِل کے ساتھ تُو رحِیم ہو گا اور کامِل آدمی کے ساتھ کامِل۔ نیکوکار کے ساتھ نیک ہو گا اور کج رَو کے ساتھ ٹیڑھا۔ کیونکہ تُو مُصِیبت زدہ لوگوں کو بچائے گا لیکن مغرُوروں کی آنکھوں کو نِیچا کرے گا۔ اِس لِئے کہ تُو میرے چراغ کو رَوشن کرے گا۔ خُداوند میرا خُدا میرے اندھیرے کو اُجالا کر دے گا۔ کیونکہ تیری بدَولت مَیں فَوج پر دھاوا کرتا ہُوں اور اپنے خُدا کی بدَولت دِیوار پھاند جاتا ہُوں۔ لیکن خُدا کی راہ کامِل ہے۔ خُداوند کا کلام تایا ہُؤا ہے۔ وہ اُن سب کی سِپر ہے جو اُس پر بھروسا رکھتے ہیں۔ کیونکہ خُداوند کے سِوا اَور کَون خُدا ہے اور ہمارے خُدا کو چھوڑ کر اَور کَون چٹان ہے؟ خُدا ہی مُجھے قُوّت سے کمربستہ کرتا ہے اور میری راہ کو کامِل کرتا ہے۔ وُہی میرے پاؤں ہرنیوں کے سے بنا دیتا ہے اور مُجھے میری اُونچی جگہوں میں قائِم کرتا ہے۔ وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سِکھاتا ہے یہاں تک کہ میرے بازُو پِیتل کی کمان کو جُھکا دیتے ہیں۔ تُو نے مُجھ کو اپنی نجات کی سِپر بخشی اور تیرے دہنے ہاتھ نے مُجھے سنبھالا اور تیری نرمی نے مُجھے بزُرگ بنایا ہے۔ تُو نے میرے نِیچے میرے قدم کُشادہ کر دِئے۔ اور میرے پاؤں نہیں پِھسلے۔
پڑھیں زبُور 18
سنیں زبُور 18
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: زبُور 16:18-36
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos