زبور 16:18-24
زبور 16:18-24 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اُنہُوں نے آسمان سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لیا؛ اَور گہرے پانی میں سے کھینچ کر باہر نکالا۔ اُنہُوں نے میرے زبردست دُشمن سے مُجھے رِہائی بخشی، اَور اُن مُخالفوں سے، جو میرے مُقابلہ میں زِیادہ طاقتور تھے۔ وہ میری مُصیبت کے دِن مُجھ پر ٹوٹ پڑے، لیکن یَاہوِہ میرا سہارا تھے۔ یَاہوِہ مُجھے کشادہ جگہ میں نکال لائے؛ اُنہُوں نے مُجھے بچا لیا کیونکہ وہ مُجھ سے خُوش تھے۔ یَاہوِہ نے میری راستبازی کے مُطابق مُجھ سے سلُوک کیا؛ اَور میرے ہاتھوں کی پاکیزگی کے مُطابق مُجھے صِلہ دیا۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ کی راہوں پر چلتا رہا؛ اَور مَیں نے اَپنے خُدا کے خِلاف کویٔی بدی نہیں کی۔ اُن کے سارے آئین میرے سامنے ہیں؛ اَور مَیں نے اُن کے قوانین سے مُنہ نہیں موڑا۔ میں اُن کے سامنے بے عیب رہا، اَور اَپنے آپ کو گُناہ سے بَری رکھا۔ یَاہوِہ نے میری راستبازی کے مُطابق، اَور اَپنے ہاتھوں کی اُس پاکیزگی کے مُطابق جسے وہ دیکھتے تھے مُجھے اجر دیا۔
زبور 16:18-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
بلندیوں پر سے اپنا ہاتھ بڑھا کر اُس نے مجھے پکڑ لیا، مجھے گہرے پانی میں سے کھینچ کر نکال لایا۔ اُس نے مجھے میرے زبردست دشمن سے بچایا، اُن سے جو مجھ سے نفرت کرتے ہیں، جن پر مَیں غالب نہ آ سکا۔ جس دن مَیں مصیبت میں پھنس گیا اُس دن اُنہوں نے مجھ پر حملہ کیا، لیکن رب میرا سہارا بنا رہا۔ اُس نے مجھے تنگ جگہ سے نکال کر چھٹکارا دیا، کیونکہ وہ مجھ سے خوش تھا۔ رب مجھے میری راست بازی کا اجر دیتا ہے۔ میرے ہاتھ صاف ہیں، اِس لئے وہ مجھے برکت دیتا ہے۔ کیونکہ مَیں رب کی راہوں پر چلتا رہا ہوں، مَیں بدی کرنے سے اپنے خدا سے دُور نہیں ہوا۔ اُس کے تمام احکام میرے سامنے رہے ہیں، مَیں نے اُس کے فرمانوں کو رد نہیں کیا۔ اُس کے سامنے ہی مَیں بےالزام رہا، گناہ کرنے سے باز رہا ہوں۔ اِس لئے رب نے مجھے میری راست بازی کا اجر دیا، کیونکہ اُس کی آنکھوں کے سامنے ہی مَیں پاک صاف ثابت ہوا۔
زبور 16:18-24 کِتابِ مُقادّس (URD)
اُس نے اُوپر سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لِیا اور مُجھے بُہت پانی میں سے کھینچ کر باہر نِکالا۔ اُس نے میرے زورآور دُشمن اور میرے عداوت رکھنے والوں سے مُجھے چُھڑا لِیا کیونکہ وہ میرے لِئے نہایت زبردست تھے۔ وہ میری مُصِیبت کے دِن مُجھ پر آ پڑے پر خُداوند میرا سہارا تھا۔ وہ مُجھے کُشادہ جگہ میں نِکال بھی لایا۔ اُس نے مُجھے چُھڑایا۔ اِس لِئے کہ وہ مُجھ سے خُوش تھا۔ خُداوند نے میری راستی کے مُوافِق مُجھے جزا دی اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق مُجھے بدلہ دِیا۔ کیونکہ مَیں خُداوند کی راہوں پر چلتا رہا اور شرارت سے اپنے خُدا سے الگ نہ ہُؤا کیونکہ اُس کے سب فَیصلے میرے سامنے رہے اور مَیں اُس کے آئِین سے برگشتہ نہ ہُؤا۔ مَیں اُس کے حضُور کامِل بھی رہا اور اپنے کو اپنی بدکاری سے باز رکھّا۔ خُداوند نے مُجھے میری راستی کے مُوافِق اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق جو اُس کے سامنے تھی بدلہ دِیا۔