زبُور 16:18-24

زبُور 16:18-24 UCV

اُنہُوں نے آسمان سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لیا؛ اَور گہرے پانی میں سے کھینچ کر باہر نکالا۔ اُنہُوں نے میرے زبردست دُشمن سے مُجھے رِہائی بخشی، اَور اُن مُخالفوں سے، جو میرے مُقابلہ میں زِیادہ طاقتور تھے۔ وہ میری مُصیبت کے دِن مُجھ پر ٹوٹ پڑے، لیکن یَاہوِہ میرا سہارا تھے۔ یَاہوِہ مُجھے کشادہ جگہ میں نکال لائے؛ اُنہُوں نے مُجھے بچا لیا کیونکہ وہ مُجھ سے خُوش تھے۔ یَاہوِہ نے میری راستبازی کے مُطابق مُجھ سے سلُوک کیا؛ اَور میرے ہاتھوں کی پاکیزگی کے مُطابق مُجھے صِلہ دیا۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ کی راہوں پر چلتا رہا؛ اَور مَیں نے اَپنے خُدا کے خِلاف کویٔی بدی نہیں کی۔ اُن کے سارے آئین میرے سامنے ہیں؛ اَور مَیں نے اُن کے قوانین سے مُنہ نہیں موڑا۔ میں اُن کے سامنے بے عیب رہا، اَور اَپنے آپ کو گُناہ سے بَری رکھا۔ یَاہوِہ نے میری راستبازی کے مُطابق، اَور اَپنے ہاتھوں کی اُس پاکیزگی کے مُطابق جسے وہ دیکھتے تھے مُجھے اجر دیا۔