زبور 145:119-160
زبور 145:119-160 کِتابِ مُقادّس (URD)
(قوف) مَیں پُورے دِل سے دُعا کرتا ہُوں۔ اَے خُداوند! مُجھے جواب دے۔ مَیں تیرے آئِین پر عمل کرُوں گا۔ مَیں نے تُجھ سے دُعا کی ہے۔ مُجھے بچا لے اور مَیں تیری شہادتوں کو مانُوں گا۔ مَیں نے پَو پھٹنے سے پہلے فریاد کی۔ مُجھے تیرے کلام پر اِعتماد ہے۔ میری آنکھیں رات کے ہر پہر سے پہلے کُھل گئِیں تاکہ تیرے کلام پر دِھیان کرُوں۔ اپنی شفقت کے مُطابِق میری فریاد سُن۔ اَے خُداوند! اپنے احکام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ جو شرارت کے درپَے رہتے ہیں وہ نزدِیک آ گئے۔ وہ تیری شرِیعت سے دُور ہیں۔ اَے خُداوند! تُو نزدِیک ہے اور تیرے سب فرمان برحق ہیں۔ تیری شہادتوں سے مُجھے قدِیم سے معلُوم ہُؤا کہ تُو نے اُن کو ہمیشہ کے لِئے قائِم کِیا ہے۔ (ریش) میری مُصِیبت کا خیال کر اور مُجھے چُھڑا کیونکہ مَیں تیری شرِیعت کو نہیں بُھولتا۔ میری وکالت کر اور میرا فِدیہ دے۔ اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ نجات شرِیروں سے دُور ہے کیونکہ وہ تیرے آئِین کے طالِب نہیں ہیں۔ اَے خُداوند! تیری رحمت بڑی ہے۔ اپنے احکام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ میرے ستانے والے اور مُخالِف بُہت ہیں تَو بھی مَیں نے تیری شہادتوں سے کنارہ نہ کِیا۔ مَیں دغابازوں کو دیکھ کر ملُول ہُؤا کیونکہ وہ تیرے کلام کو نہیں مانتے۔ خیال فرما کہ مُجھے تیرے قوانِین سے کیسی مُحبّت ہے۔ اَے خُداوند! اپنی شفقت کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ تیرے کلام کا خُلاصہ سچّائی ہے۔ تیری صداقت کے کُل احکام ابدی ہیں۔
زبور 145:119-160 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
میں سارے دِل سے آپ کو پُکارتا ہُوں، اَے یَاہوِہ، مُجھے جَواب دیں، اَور مَیں آپ کے قوانین پر عَمل کروں گا۔ مَیں نے آپ کو پُکارتا ہُوں، مُجھے بچا لیں اَور مَیں آپ کی شہادتوں پر عَمل کروں گا۔ میں صُبح سویرے اُٹھتا ہُوں اَور مدد کے لئے پُکارتا ہُوں؛ مُجھے آپ کے کلام پر اِعتبار ہے۔ رات کے ہر پہر میری آنکھیں کھُل جاتی ہیں، تاکہ مَیں آپ کے وعدہ پر دھیان کروں۔ اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق میری آواز سُنیں؛ اَے یَاہوِہ، اَپنے آئین کے مُطابق میری زندگی کو محفوظ رکھیں۔ شرارت آمیز منصُوبے بنانے والے قریب آ گئے ہیں، لیکن وہ آپ کے آئین سے بہت دُور ہیں۔ تو بھی اَے یَاہوِہ، آپ بہت قریب ہیں، اَور آپ کے سَب اَحکام حق ہیں۔ بہت پہلے ہی مُجھے آپ کی شہادتوں سے یہ حقیقت مَعلُوم ہو گئی تھی کہ آپ نے اُنہیں اَبد تک کے لیٔے قائِم کیا ہے۔ میری تکلیف پر نظر کریں اَور مُجھے اُس سے رِہائی بخشیں، کیونکہ مَیں نے آپ کے آئین کو فراموش نہیں کیا۔ میری وکالت کریں اَور مُجھے رِہائی بخشیں؛ اَپنے وعدے کے مُطابق میری زندگی کی حِفاظت کریں۔ نَجات بدکار لوگوں سے دُور ہے، کیونکہ وہ آپ کے قوانین کی جُستُجو میں نہیں رہتے۔ اَے یَاہوِہ، آپ کی رحمت عظیم ہے؛ اَپنے آئین کے مُطابق میری زندگی کی حِفاظت کریں۔ مُجھ پر سِتم ڈھانے والے اَور میرے مُخالف بہت ہیں، لیکن مَیں آپ کی شہادتوں سے کنارہ کش نہ ہُوا۔ میں دغابازوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتا ہُوں، کیونکہ وہ آپ کے کلام پر عَمل نہیں کرتے۔ دیکھو، مُجھے آپ کے قوانین سے کیسی مَحَبّت ہے؛ اَے یَاہوِہ، اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق میری زندگی کا تحفُّظ کریں۔ آپ کے کلام کا اصل حق پر قائِم ہے؛ اَور آپ کے سَب سچّے اَحکام اَبدی ہیں۔
زبور 145:119-160 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مَیں پورے دل سے پکارتا ہوں، ”اے رب، میری سن! مَیں تیرے آئین کے مطابق زندگی گزاروں گا۔“ مَیں پکارتا ہوں، ”مجھے بچا! مَیں تیرے احکام کی پیروی کروں گا۔“ پَو پھٹنے سے پہلے پہلے مَیں اُٹھ کر مدد کے لئے پکارتا ہوں۔ مَیں تیرے کلام کے انتظار میں ہوں۔ رات کے وقت ہی میری آنکھیں کھل جاتی ہیں تاکہ تیرے کلام پر غور و خوض کروں۔ اپنی شفقت کے مطابق میری آواز سن! اے رب، اپنے فرمانوں کے مطابق میری جان کو تازہ دم کر۔ جو چالاکی سے میرا تعاقب کر رہے ہیں وہ قریب پہنچ گئے ہیں۔ لیکن وہ تیری شریعت سے انتہائی دُور ہیں۔ اے رب، تُو قریب ہی ہے، اور تیرے احکام سچائی ہیں۔ بڑی دیر پہلے مجھے تیرے فرمانوں سے معلوم ہوا ہے کہ تُو نے اُنہیں ہمیشہ کے لئے قائم رکھا ہے۔ میری مصیبت کا خیال کر کے مجھے بچا! کیونکہ مَیں تیری شریعت نہیں بھولتا۔ عدالت میں میرے حق میں لڑ کر میرا عوضانہ دے تاکہ میری جان چھوٹ جائے۔ اپنے وعدے کے مطابق میری جان کو تازہ دم کر۔ نجات بےدینوں سے بہت دُور ہے، کیونکہ وہ تیرے احکام کے طالب نہیں ہوتے۔ اے رب، تُو متعدد طریقوں سے اپنے رحم کا اظہار کرتا ہے۔ اپنے آئین کے مطابق میری جان کو تازہ دم کر۔ میرا تعاقب کرنے والوں اور میرے دشمنوں کی بڑی تعداد ہے، لیکن مَیں تیرے احکام سے دُور نہیں ہوا۔ بےوفاؤں کو دیکھ کر مجھے گھن آتی ہے، کیونکہ وہ تیرے کلام کے مطابق زندگی نہیں گزارتے۔ دیکھ، مجھے تیرے احکام سے پیار ہے۔ اے رب، اپنی شفقت کے مطابق میری جان کو تازہ دم کر۔ تیرے کلام کا لُبِ لباب سچائی ہے، تیرے تمام راست فرمان ابد تک قائم ہیں۔