زبور 1:112-10
زبور 1:112-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب کی حمد ہو! مبارک ہے وہ جو اللہ کا خوف مانتا اور اُس کے احکام سے بہت لطف اندوز ہوتا ہے۔ اُس کے فرزند ملک میں طاقت ور ہوں گے، اور دیانت دار کی نسل کو برکت ملے گی۔ دولت اور خوش حالی اُس کے گھر میں رہے گی، اور اُس کی راست بازی ابد تک قائم رہے گی۔ اندھیرے میں چلتے وقت دیانت داروں پر روشنی چمکتی ہے۔ وہ راست باز، مہربان اور رحیم ہے۔ مہربانی کرنا اور قرض دینا بابرکت ہے۔ جو اپنے معاملوں کو انصاف سے حل کرے وہ اچھا کرے گا، کیونکہ وہ ابد تک نہیں ڈگمگائے گا۔ راست باز ہمیشہ ہی یاد رہے گا۔ وہ بُری خبر ملنے سے نہیں ڈرتا۔ اُس کا دل مضبوط ہے، اور وہ رب پر بھروسا رکھتا ہے۔ اُس کا دل مستحکم ہے۔ وہ سہما ہوا نہیں رہتا، کیونکہ وہ جانتا ہے کہ ایک دن مَیں اپنے دشمنوں کی شکست دیکھ کر خوش ہوں گا۔ وہ فیاضی سے ضرورت مندوں میں خیرات بکھیر دیتا ہے۔ اُس کی راست بازی ہمیشہ قائم رہے گی، اور اُسے عزت کے ساتھ سرفراز کیا جائے گا۔ بےدین یہ دیکھ کر ناراض ہو جائے گا، وہ دانت پیس پیس کر نیست ہو جائے گا۔ جو کچھ بےدین چاہتے ہیں وہ جاتا رہے گا۔
زبور 1:112-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند کی حمد کرو۔ مُبارک ہے وہ آدمی جو خُداوند سے ڈرتا ہے اور اُس کے حُکموں میں خُوب مسرُور رہتا ہے۔ اُس کی نسل زمِین پر زورآور ہو گی۔ راست بازوں کی اَولاد مُبارک ہو گی۔ مال و دَولت اُس کے گھر میں ہے اور اُس کی صداقت ابد تک قائِم ہے۔ راست بازوں کے لِئے تارِیکی میں نُور چمکتا ہے۔ وہ رحِیم و کرِیم اور صادِق ہے۔ رحم دِل اور قرض دینے والا آدمی سعادت مند ہے۔ وہ اپنا کاروبار راستی سے کرے گا۔ اُسے کبھی جُنبِش نہ ہو گی۔ صادِق کی یادگار ہمیشہ رہے گی۔ وہ بُری خبر سے نہ ڈرے گا۔ خُداوند پر توکُّل کرنے سے اُس کا دِل قائِم ہے۔ اُس کا دِل برقرار ہے۔ وہ ڈرنے کا نہیں۔ یہاں تک کہ وہ اپنے مُخالِفوں کو دیکھ لے گا۔ اُس نے بانٹا اور مُحتاجوں کو دِیا۔ اُس کی صداقت ہمیشہ قائِم رہے گی۔ اُس کا سِینگ عِزّت کے ساتھ بُلند کِیا جائے گا۔ شرِیر یہ دیکھے گا اور کُڑھے گا۔ وہ دانت پِیسے گا اور گُھلے گا۔ شرِیروں کی مُراد نابُود ہو گی۔